Inquilab Logo Happiest Places to Work

پروٹوکول کی خلاف ورزی معاملے میں میونسپل افسران پر تادیبی کارروائی ہوگی

Updated: June 20, 2026, 11:45 AM IST | Sajid Mehmood Shaikh | Mumbai

میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن (ایم بی ایم سی )کی جانب سے ۱۵ ؍اپریل ۲۰۲۶ ءکو منعقدہ ایک سرکاری تقریب کے دعوت نامے میں پروٹوکول کی سنگین خلاف ورزی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔

Pratap Sarnaik had complained. Photo: INN
پرتاپ سرنائک نے شکایت کی تھی۔ تصویر: آئی این این

میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن  (ایم بی ایم سی )کی جانب سے  ۱۵ ؍اپریل  ۲۰۲۶ ءکو منعقدہ ایک سرکاری تقریب کے دعوت نامے میں پروٹوکول کی سنگین خلاف ورزی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔  ریاستی حکومت کے چیف پروٹوکول آفیسر اور سیکریٹری ڈاکٹر راجیش گوانڈے نے اس معاملے کو مروجہ قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے قصوروار افسران کے خلاف سخت تادیبی اور انضباطی کارروائی کرنے کی سفارش کی ہے۔  چونکہ میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن براہِ راست محکمہ شہری ترقی (اربن ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ) کے زیر انتظام آتی ہے، اس لئے یہ فائل ضروری کارروائی کیلئے مذکورہ محکمے کو بھیج دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’جذباتی طور پر غور کروں تو غلط ہے، سیاسی طور پر درست‘‘

بھائندر (مغرب ) میں نو تعمیر شدہ اسپورٹس کمپلیکس اور آڈیٹوریم کی عمارت کی افتتاحی تقریب کے موقع پر شائع کئے گئے دعوت نامے میں عوامی نمائندوں اور خاص طور پر ریاستی وزیر برائے ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک کے نام کو سرکاری پروٹوکول کے مطابق شامل نہیں کیا گیا تھا۔ اس غفلت پر انہوں نے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا  جس کے بعد   جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ پروٹوکول  نے کلکٹر تھانے سے تفصیلی رپورٹ طلب کی تھی۔کلکٹر تھانے اور میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹس کی جانچ کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ کارپوریشن کے حکام نے تقریب کے دعوت نامے کا مسودہ (ڈرافٹ) ریسیڈنٹ ڈپٹی کلکٹر سے چیک اور تصدیق نہیں کروایا تھا  جو کہ سرکاری قوانین کے مطابق لازمی ہے۔

چیف پروٹوکول آفیسر ڈاکٹر راجیش گوانڈے نے اپنے مکتوب میں واضح کیا ہے کہ ’’سرکاری  حکمنامے کے مطابق عوامی نمائندوں کے ناموں کو نظر انداز کرنا پروٹوکول کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ لہٰذا محکمہ شہری ترقی کیلئے ضروری ہے کہ وہ اس معاملے میں لاپروائی برتنے والے متعلقہ افسر کے خلاف فوری طور پر تادیبی (ڈسپلنری ایکشن) کارروائی کرے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ٹی ای ٹی امتحان میں امیدواروں کے برقع اور دوپٹہ پہننے پر پابندی

اس سلسلے میں مکتوب کی ایک کاپی ڈپٹی سیکریٹری (محکمہ شہری ترقی، منترالیہ) کو بھی ارسال کر دی گئی ہے تاکہ قصورواروں کے خلاف کارروائی کے عمل کو جلد از جلد پورا کیا جا سکے۔ اس کارروائی کے بعد اب مقامی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کے افسران میں کھلبلی مچ گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK