Inquilab Logo Happiest Places to Work

بہار: سمراٹ کابینہ کی توسیع، ۳۲؍ وزراء کی حلف برداری

Updated: May 08, 2026, 12:58 PM IST | Javed Akhtar | Patna

نتیش کمار کے بیٹے نشانت کمار کو بھی وزیر بنایا گیا، تقریب میں وزیراعظم، وزیر داخلہ، نتیش کمار و دیگر لیڈران کی شرکت۔

Nishant Kumar (second from right) and other ministers taking oath. (Photo: PTI)
نشانت کمار (دائیں سے دوسرے نمبر پر) اور دیگر وزراء حلف لیتے ہوئے۔ (تصویر:پی ٹی آئی)

بہار کے  وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کی تشکیل کے ۲۲؍دن بعد جمعرات کو کابینہ کی توسیع کردی گئی ۔ وزیراعظم مودی اور نتیش کمارکی موجودگی میں ریاست کے دارالحکومت پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں منعقدہ حلف برداری تقریب میں نشانت کمار سمیت ۳۲؍ وزراء نے حلف لیا۔ گورنرسید عطا حسنین نے نئے وزراء کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔اس موقع پر وزیرداخلہ امیت  شاہ، بی جے پی کے قومی صدر نتن نوین اور وزیردفاع راج ناتھ سنگھ بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھئے: ناندیڑ میں بڑے پیمانے پر ہتھیاروں کا ذخیرہ بر آمد، ملزم فرار

کابینہ میں کون کون ہیں؟

سمراٹ چودھری کی کابینہ میں بی جے پی کوٹے سے ۱۵؍اور جنتا دل یونائیٹڈ سے۱۳؍ وزراء کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ این ڈی اے کی دیگر حلیف پارٹیوں لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) سے ۲؍، ہندوسانی عوام مورچہ اور اپند رکشواہا کی پارٹی راشٹریہ لوک مورچہ سے ایک ایک کو وزیربنایا گیا ہے۔ کابینہ میں بی جےپی سے چار جبکہ جے ڈی یو کوٹے سے تین نئے چہروں کو شامل کیاگیاہے ۔ جے ڈی یو سےپہلی باروزیربننے والوںمیں نتیش کمار کے بیٹے نشانت کمار ، بولو منڈل اور شویتا گپتاہیں ،جبکہ بی جے پی کے متھلیش تیواری ، رام چندر پاسوان ، نند کشور رام اور انجینئر شیلندر  پہلی مرتبہ وزیربنائے گئے ہیں۔سمراٹ کابینہ میں توسیع کے بعد این ڈی اے حکومت میں وزراء کی کل تعداداب ۳۴؍ہوگئی ہے۔

اس سے قبل ۱۵؍اپریل کو وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری کے ساتھ جے ڈی یو کوٹے سے ۲؍نائب وزراءاعلی وجے کمار چودھری اور بجندر یادو حلف لے چکے ہیں۔ بی جےپی کے سینئر لیڈر منگل پانڈے  کو اس بار کابینہ میں شامل نہیں کیا گیاہے۔ انہیں پارٹی کی تنظیم میں اہم عہدہ دیے جانے کی امیدہے۔

یہ بھی پڑھئے: پونے کی صورتحال پر ہرش وردھن سپکال کا اظہار تشویش

وزیراعظم مودی کا روڈ شو

گاندھی میدان میں حلف برداری کی تقریب سے قبل وزیراعظم نریندر  مودی نے یہاں روڈ شو کیا ۔ ان کےپٹنہ ایئر پورٹ پہنچتے ہی بی جے پی لیڈروں اور کارکنوں نے ان کا شاندار استقبال کیااوران کی گاڑی پر پھول بھی برسائے ۔وزیراعظم نے ایئر پورٹ  سے ہارڈنگ روڈ، ویر چند پٹیل پتھ اور انکم ٹیکس گولمبر سے ہوتے ہوئے گاندھی میدان تک روڈ شو کیا۔اس دوران پورے راستے پر سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

سابق وزیراعلیٰ نتیش کمار کے فرزند نشانت کمار نے حلف برداری کے بعد میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کی ۔ ۵۱؍سالہ نشانت نے کہا کہ ’’میں اپنے والد کی رہنمائی اور معزز وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کی قیادت میں کام کروں گا۔ جے ڈی (یو) کے سینئر لیڈران نے مجھ پر جو اعتماد ظاہر کیا ہے، اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ میں پوری ایمانداری کے ساتھ کام کرنے کی کوشش کروں گا۔ اور آئندہ بھی اپنے والد کی دکھائی ہوئی ترقی کی راہ پر ریاست کو آگے بڑھانے کا کام جاری رکھوں گا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: میانمار کے جنگجوؤں کا منی پور کے گاؤں پر حملہ

خیال رہے کہ نشانت کمار کی بہار کابینہ میں شمولیت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب چند ہفتے قبل ان کے والد، جو بہار کے سب سے طویل عرصے تک وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں، راجیہ سبھا میں شامل ہوئے تھے اور ریاست کی قیادت میں تبدیلی آئی تھی۔ اس وقت یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ ان کے بیٹے ان کی جگہ سنبھالیں گے۔ بعد میں یہ امید نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے تک محدود ہو گئی کیونکہ بی جے پی کے سمراٹ چودھری کو اعلیٰ عہدہ ملا۔لیکن نشانت کو نائب وزیراعلیٰ کا عہدہ بھی نہیں دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK