اپنی پیٹھ خود ہی تھپتھپائی مگر لاکھوں مسافروں کے انتہائی دشوار سفر اور ان کی سہولت پر خاطر خواہ توجہ نہیں۔
EPAPER
Updated: April 03, 2026, 12:39 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
اپنی پیٹھ خود ہی تھپتھپائی مگر لاکھوں مسافروں کے انتہائی دشوار سفر اور ان کی سہولت پر خاطر خواہ توجہ نہیں۔
اس وقت سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے انتظامیہ کی جانب سے اپنی کارکردگی ، کامیابی اور طے شدہ نشانہ پارکرنے کی تفصیلات عام کرنے کےحوالے سے ایک دوسرے پرسبقت لے جانے کی ہوڑ سی لگی ہوئی ہے۔ ایک دن قبل ویسٹرن ریلوے نے۲۶- ۲۰۲۵ ء میں ایک ہزار کروڑ روپے سے زائد کمانے کی تفصیلات پیش کی تھیں تودوسرے دن یعنی جمعرات کو سینٹرل ریلوے کی جانب سے ہیریٹج بلڈنگ کی دوسری منزل پرواقع کانفرنس ہال میں پریس کانفرنس منعقد گئی اورہرشعبے میںکامیابی کا دعویٰ کیا گیا۔ ا س تعلق سے اعداد وشمار بھی پیش کئے گئے۔
یہ بھی پڑھئے: شاہ پور میں تھانے ضلع کا پہلا شاندار پلینیٹیریم تیار، ۵؍ اپریل کو افتتاح ہوگا
جنرل منیجرپرتیک گوسوامی کی جانب سےپریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ ۷۹ء۲۴؍ملین ٹن سامان لوڈ کیا گیا ، مسافروں کے ذریعے ۸۰۱۲؍ کروڑ روپے آمدنی کا نشانہ طے کیا گیا تھا مگرشاندار کارکردگی کےسبب اس زمرے میں۸۱۲۳؍ کروڑ روپے کمائے گئے۔اسی طرح سامان کی ڈھلائی ،پارسل ، سامان اور ٹکٹ چیکنگ وغیرہ شعبے میںبھی مقررہ نشانے سے کافی نمایاں کارکردگی انجام دی گئی۔اس سے ریلوے کو خاطر خواہ فائدہ ہوا اورریلوے کا خزانہ بھرگیا۔
یہ بھی پڑھئے: ڈومبیولی: کھاڑی کنارے کی گئی غیرقانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی
ان دعوؤں اوراعداد وشمار سے قطع نظر سب سے اہم سوال اپنی جگہ قائم ہے کہ ممبئی میں لاکھوں مسافر صبح وشام کے اوقات میں لوکل ٹرینوں کے ذریعے انتہائی مشکل سفر طے کرتے ہوئے اپنے دفتر پہنچتے ہیں اور ان ہی مشکلات کےساتھ وہ گھر لوٹتے ہیں۔ اسی طرح بڑی تعداد میں موسم گرما اور دیوالی کی چھٹیوں میںاسپیشل ٹرینیں چلانے کےباوجود یوپی اوربہار جانے والے مسافر کنفرم ٹکٹ کےلئے طویل قطاروں میںکھڑے ہوتے ہیں اوران میں سے بیشتر مایوس لوٹتے ہیں۔ ان مسائل کوکب حل کیا جائے گا اورکب یہ طے کیا جاسکے گا کہ کسی مسافر کو دلالوں سے ٹکٹ لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ برسہا برس سے خاص طور پر یوپی اوربہار کے مسافر ان مشکلات سے دوچار ہیں مگر اسے حل کرنے کےبجائے محض اعداد وشمار کے چکرویو کے ذریعےیہ بتانے کی کوشش کی جاتی ہے کہ ہم نے طے شدہ نشانے سےزیادہ نمایاں کامیابی حاصل کرلی اورخاطرخواہ آمدنی ہوئی ہے۔