Inquilab Logo Happiest Places to Work

شاہ پور میں تھانے ضلع کا پہلا شاندار پلینیٹیریم تیار، ۵؍ اپریل کو افتتاح ہوگا

Updated: April 03, 2026, 10:15 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

شاہ پور تعلقہ جلد ایک نئی شناخت حاصل کرنے جا رہا ہے۔ قدرتی حسن کے لئے مشہور اس علاقے میں تھانے ضلع کا پہلا جدید پلینیٹیریم اور موسمی پیش گوئی کرنے والی رصدگاہ قائم کر دی گئی ہے۔

The planetarium building and its spacious and beautiful grounds can be seen. Photo: INN
پلینیٹیریم کی عمارت اوراس کا کشادہ اور خوبصورت احاطہ دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

شاہ پور تعلقہ جلد ایک نئی شناخت حاصل کرنے جا رہا ہے۔ قدرتی حسن کے لئے مشہور اس علاقے میں تھانے ضلع کا پہلا جدید پلینیٹیریم اور موسمی پیش گوئی کرنے والی رصدگاہ قائم کر دی گئی ہے۔ جس کا افتتاح اتوار۵؍ اپریل کو معروف ماہرِ فلکیات ڈی کے سومَن اور مقامی رکنِ اسمبلی دولت دروڑا کے ہاتھوں انجام دیا جائے گا۔یہ منفرد ’سَیپو‘پروجیکٹ نیلیش ٹھاکر اور گریش ٹھاکر نامی بھائیوں کی کاوشوں کا نتیجہ ہے، جنہوں نے فلکیات کو عوام تک پہنچانے کے مقصد سے ساڑھے تین ایکڑ زمین پر یہ جدید مرکز قائم کیا۔ شاہ پور، جو پہلے ہی مہولی قلعہ، اجوبا پہاڑ،ڈیم اور تانسا وائلڈ لائف سینکچری جیسے مقامات کیلئے مشہور ہے، اب فلکیاتی سیاحت کا مرکز بھی بننے جا رہا ہے۔ساکڈباؤ پٹھار کے پوکلے واڑی میں قائم اس مرکز میں۵۶؍ نشستوں والا جدید پلینیٹیریم ہوگا، جہاں مراٹھی، ہندی اور انگریزی زبانوں میں فلکیاتی شوز پیش کیے جائیں گے۔ 

یہ بھی پڑھئے: منترالیہ: سیکوریٹی سسٹم پر سوالیہ نشان،۱۰؍ ہزار انٹری کارڈز غائب، ریکوری جاری

فلکیاتی نظارے کیلئے خاص دوربینیں نصب کی گئیں

رصدگاہ میں۱۶، ۱۴،۱۰؍اور ۶؍ انچ کی جدید دوربینیں نصب کی گئی ہیں، جبکہ خودکار چھت کے ذریعے براہِ راست آسمان کا مشاہدہ ممکن بنایا گیا ہے۔نمایاں خصوصیات:خصوصی سولر فلٹر والی دوربین سے دن کے وقت سورج کے دھبوں اور شمسی شعلوں کا مشاہدہ کیا جا سکے گا، جبکہ کمپیوٹر سے منسلک دوربینوں کے ذریعے فلکی اجسام کی تصویریں بھی حاصل کی جا سکیں گی۔ یہاں آنے والے افراد مشتری کے چاند، زحل کے خوبصورت حلقے اور اینڈرومیڈا کہکشاں کے دلکش مناظر کا براہِ راست مشاہدہ کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھئے: سفرِ حج مہنگا۔ ممبئی سے جانے والوں پر ۲۱؍ ہزار روپے کا اضافی بوجھ!

دیہی طلبہ کیلئے مفت شو

یہ پروجیکٹ طلبہ کے لیے عملی تعلیم کا بہترین ذریعہ ثابت ہوگا، جہاں وہ کتابی علم کے ساتھ براہِ راست مشاہدہ بھی کر سکیں گے۔ دیہی طلبہ کے لیے ہفتے میں ایک دن مفت شوز اور آسمانی مشاہدے کا اہتمام کیا گیا ہے، جس سے سائنسی شعور میں اضافہ ہوگا۔ اس کے علاوہ عام شہریوں کے لیے یہ ایک نیا تعلیمی اور سیاحتی مرکز بنے گا، جہاں خاندان کے ساتھ سیکھنے اور دیکھنے کا منفرد تجربہ حاصل کیا جا سکے گا۔پروجیکٹ میں قیام، نمائش ہال، سیلفی پوائنٹ اور کینٹین جیسی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔یہ پروجیکٹ نہ صرف سائنس کے فروغ میں اہم قدم ثابت ہوگا بلکہ شاہ پور کو ایک نئی سائنسی اور سیاحتی پہچان بھی دلائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK