Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج ’یومِ مہاراشٹر‘ پر لوکل ٹرینوں کے مسافروں کو سوغات دینے کا دعویٰ

Updated: May 01, 2026, 9:50 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

سی ایس ایم ٹی تا پنویل۱۴؍ اے سی خدمات کا اضافہ۔ ویسٹرن ریلوے میں۱۲؍ اے سی کے ساتھ ۱۵؍ڈبوں کی ۱۷؍سروسیز کا اضافہ ۔ پہلی مرتبہ دہانور وڈ سیکشن پر ۱۵؍ڈبے کی ٹرینیں شروع کی جارہی ہیں۔

AC local train services have been increased on Central and Western Railways but the overall services remain the same. (File photo)
سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے پر اے سی لوکل ٹرین خدمات میں اضافہ کیا گیا ہے لیکن مجموعی خدمات پہلے جتنی ہی ہیں۔ (فائل فوٹو)

یکم مئی کو ’یومِ مہاراشٹر‘کے موقع پر سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے میں چند تبدیلیاں کی جارہی ہیں جس کے ذریعے ہزاروں مسافروں کو سوغات دینے کا دعویٰ کیا جارہا ہےمگر کیا واقعی ایسا ہی ہے جیسا کہ دعویٰ کیا جارہا ہے، ذیل میں اس کی تفصیلات سے صورتحال واضح ہوجائے گی ۔

ہاربرلائن پراے سی خدمات میں اضافہ

ہاربرلائن پر ۱۴؍ نان اے سی خدمات کو اے سی لوکل ٹرین میں تبدیل کیا جائے گا۔ اس سے چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس (سی ایس ایم ٹی )اورپنویل ہاربر لائن پر اے سی خدمات بڑھ کر ۲۸؍ ہوجائیں گی جبکہ سینٹرل ریلوے میں مجموعی اے سی خدمات کی تعداد۱۰۸؍ ہوجائے گی۔ ہاربرلائن پر ۲۶؍ جنوری ۲۰۲۶ء میں اے سی ٹرینیں شروع کی گئی تھیں مگرمسافروں کی جانب سے اسے زیادہ پزیرائی نہ ملنے کے سبب  اے سی ٹرین خدمات میں اضافہ نہیں کیا گیا تھا۔ اب سینٹرل ریلوے انتظامیہ کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ مسافروں کی جانب سے اے سی ٹرین میں اضافہ کا بار بار مطالبہ کیا گیا ، اسی وجہ سے آج سے اے سی خدمات بڑھائی جارہی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: برسوں بعد ملے اور خوب ملے، انجمن اسلام کی سابق طالبات کا اجتماع

سینٹرل ریلوے میں مین لائن پر ۸۰؍اے سی لوکل ٹرینیں چلائی جارہی ہیں ۔   انتظامیہ کے اس فیصلے میں قابل غور امریہ ہے کہ مجموعی خدمات میں کوئی اضافہ نہیں کیا جارہا ہے جو سروسیز چل رہی ہیں،ان ہی میں سے تبدیلی کی جارہی ہے۔

دہانوروڈ سیکشن پر پہلی مرتبہ ۱۵؍ڈبوں کی ٹرین

ویسٹرن ریلوے میں پہلی مرتبہ دہانو روڈ سیکشن پر ۱۵؍ ڈبوں کی ٹرینیں شروع کی جارہی ہیں اور ۱۷؍ سروسیز ۱۵؍ ڈبےکی بڑھائی جارہی ہیں۔ ان میں سے ۸؍سروسیز دہانو روڈ سیکشن پر چلائی جائیں گی۔ اس سے ۱۵؍ ڈبے کی موجودہ ۲۲۷؍ سروسیز بڑھ کر ۲۴۴؍ ہوجائیں گی۔ اسی طرح ۱۲؍ اے سی ٹرینیں بڑھائی جارہی ہیں۔اس سے اے سی خدمات کی تعداد ۱۳۳؍ سے بڑھ کر ۱۴۵؍ ہوجائے گی۔

اے سی خدمات کے تعلق سے ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ ایئرکنڈیشن ٹرینیں پیرتا جمعہ تو ۱۴۵؍ہی چلائی جائیں گی مگر سنیچر اور اتوار کو کم کرکے محض ۱۱۸؍ہی چلائی جائیں گی، بقیہ ۲۷؍ سروسیز مذکورہ دو دن نان اے سی کے طورپرچلائی جائیں گی۔ 

حیرت انگیز طور پرویسٹرن ریلوے میں بھی مجموعی خدما ت میں کوئی اضافہ نہیں ہورہا ہے بلکہ نان اے سی کو کم کرکے اے سی میں تبدیل کیا جارہا ہے ۔اس سے جہاں اے سی میں سفر کرنے والے مسافروں کے لئے گنجائش پیدا ہوگی اورانہیں سہولت ملے گی وہیں جنرل لوکل ٹرینوں میں سفر کرنےوالوں کی حق تلفی ہوگی ۔ حالانکہ ریلوے انتظامیہ کاہمیشہ کی طرح اس دفعہ بھی یہی جوازہے کہ سروے کرنے کےبعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے اس لئے مسافروں کو راحت ملے گی۔

یہ بھی پڑھئے: میٹھی ندی کی صفائی میں بد عنوانی کی نشاندہی

۱۵؍ڈبے والی ٹرینیں کن اسٹیشنوں پرنہیں رکیں گی

۱۵؍ڈبے والی لوکل سروسیز گرانٹ روڈ، چرنی روڈ اور مرین لائن اسٹیشنوں پر دونوں سمتوں میں نہیں رکیں گی۔ اس کے علاوہ  یہ ٹرینیں دادرریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر ۴؍ پر دوبار رکیں گی۔چونکہ یہاں پلیٹ فار م پر۱۵؍ڈبے کی ٹرین رکنے کی گنجائش نہیں ہے۔ اسی سبب یہاں کے مسافر استفادہ نہیں کرسکیں گے۔ واضح رہے کہ بہت سے اسٹیشنوں کے پلیٹ فارم کو بڑھایا جارہا ہے تاکہ ۱۵؍ڈبوں کی لوکل ٹرینیں رک سکیں۔

یہ تفصیلات ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او ونیت ابھیشیک اورسینٹرل ریلوے کے چیف پی آر اوڈاکٹر سوپنل نیلا نےنمائندۂ انقلاب کومہیا کرائی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK