یوپی میں اکھلیش کامیابی کیلئے پُرعزم، کہا : ’’ہم نے ذہن بنا لیا ہے کہ کس کوکتنی سیٹوں پر لڑنا ہے، انڈیا بلاک متحد ہے‘‘منگل کو سیٹوں کے بٹوارے پر باقاعدہ گفتگو کا آغاز۔
EPAPER
Updated: November 15, 2026, 8:42 AM IST | New Delhi
یوپی میں اکھلیش کامیابی کیلئے پُرعزم، کہا : ’’ہم نے ذہن بنا لیا ہے کہ کس کوکتنی سیٹوں پر لڑنا ہے، انڈیا بلاک متحد ہے‘‘منگل کو سیٹوں کے بٹوارے پر باقاعدہ گفتگو کا آغاز۔
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے سنیچر کو یہ اشارہ دیتے ہوئے کہ کانگریس نے اترپردیش اسمبلی انتخابات میں ۱۸۱؍ نشستوں پر امیدوار اتارنے کی خواہش ظاہر کی ہے ، واضح کیا ہے کہ آئندہ سال کے اسمبلی انتخابات کیلئے اتر پردیش میں ’انڈیا بلاک‘ متحد ہے اور مل کر ہی الیکشن لڑےگا۔
مل کربی جے پی کو ہرانے کا عزم
دہلی میں منعقدہ لیڈرشپ سمٹ کے دوران اکھلیش یادو سے پوچھا گیا کہ کیا کانگریس نے ۴۰۳؍ رکنی اسمبلی میں ۱۰۰؍ نشستوں کا مطالبہ کیا ہے؟ تو انہوں نے کہا کہ کانگریس کا مطالبہ اس سے زیادہ ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا یہ تعداد ۲۰۰؍ ہے تو انہوں نے کہا ’’اس سے کچھ کم۔‘‘ انٹرویو لینے والے نے جب پوچھا کہ کیا ۱۸۰؍ سیٹیں مانگی گئی ہیں تو انہوں نے کہاکہ ’’اس میں ایک اور جوڑ دیجیے۔‘‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہاکہ ’’ہم نے طے کرلیا ہے کہ کتنی نشستوں پر مقابلہ کریں گے۔ سماجوادی پارٹی اور انڈیا اتحاد مل کر بی جے پی کو شکست دیں گے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ہندوستان کا غزہ میں امداد کی ترسیل کا مطالبہ، اقوام متحدہ کے۵۰؍ ممالک میں شامل
منگل سے سیٹوں کی تقسیم پر گفتگو
اکھلیش یادو نے سنیچر کو اپنے نرم رویہ سے واضح کردیا کہ سیٹوں کی تقسیم کے معاملے میں یوپی میں انڈیا اتحاد میں بہت زیادہ کھیچ تان والی کیفیت نہیں ہے۔ ۱۷ ؍نومبر سے دونوں پارٹیوں کے درمیان نشستوں کی تقسیم پر باقاعدہ بات چیت شروع ہوگی۔ سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے اس کا انکشاف کیا جبکہ کانگریس کے یوپی انچارج راجندر پال گوتم نے بھی پریس کانفرنس میں اس کی تصدیق کی ہے۔
چڑھاواچوری پر بی جےپی کو گھیریں گے
اکھلیش یادو نے یہ بھی اشارہ دیا کہ ایودھیا میں رام مندر سے چڑھاوا چوری کا معاملہ اسمبلی الیکشن میں اہم موضوع ہوگا۔ بی ایس پی کے ساتھ اتحاد کے امکان پر اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب وہ پہلے سے کسی اتحاد کا حصہ ہیں تو دوسرے اتحادوں کے بارے میں کیوں سوچیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد قائم کرنے کے معاملے میں سماجوادی پارٹی کا تجربہ مثبت رہا ہے اور اس نے ان لوگوں کو بھی متحد کیا ہے جو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے نظریات پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کے بقول ’’کانگریس کے ساتھ انڈیا اتحاد وہی ہے جو پہلے تھا۔ مجھے اس میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آتی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: جموں کشمیر: ڈل جھیل میں روایتی شکارہ ریس کا انعقاد، خواتین نے چپو سنبھالے
بی ایس پی کے ووٹروں سے امید
بی ایس پی کے روایتی ووٹروں کی سماجوادی پارٹی کی جانب منتقلی کے امکان پر اکھلیش یادو نے کہا کہ بہوجن سماج کے افراد، امبیڈکر کے نظریات سے وابستہ گروہ اور آئین و جمہوریت کے تحفظ کیلئے سرگرم طبقہ پی ڈی اے کے پلیٹ فارم پر متحد ہو رہا ہے۔انہوں نے لوک سبھا انتخابات میں یو پی میں بی جے پی کی نشستوں میں کمی کو اس کی گرتی ہوئی عوامی حمایت کا نتیجہ قرار دیا اور اس تاثر کو مسترد کیا کہ نتائج محض مرکزی حکومت کیلئے ایک پیغام تھے۔