یہ ثابت ہوگیا کہ بی جےپی اور الیکشن کمیشن نے بنگال اسمبلی انتخابات کو لُوٹا ہے۔ گیانیش کمار کوفوراً گرفتار کیا جائے اور بنگال میں پرانی انتخابی فہرست کی بنیاد پر دوبارہ الیکشن کروایا جائے ورنہ ملک گیر احتجاج ہوگا۔‘‘
EPAPER
Updated: September 24, 2026, 12:04 PM IST | Agency | New Delhi
یہ ثابت ہوگیا کہ بی جےپی اور الیکشن کمیشن نے بنگال اسمبلی انتخابات کو لُوٹا ہے۔ گیانیش کمار کوفوراً گرفتار کیا جائے اور بنگال میں پرانی انتخابی فہرست کی بنیاد پر دوبارہ الیکشن کروایا جائے ورنہ ملک گیر احتجاج ہوگا۔‘‘
الیکشن کمیشن میں چل رہی گڑبڑیوں اورچیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے مبینہ آمرانہ طرز عمل کے تعلق سے انڈین ایکسپریس کی چشم کشا رپورٹ کے بعد پورے ملک میں ہنگامہ مچ گیا ہے۔ یوتھ کانگریس نے جہاں اس کے خلاف سڑکوں پر اُتر کراحتجاج کیا وہیں اپوزیشن نے بیک زبان ہوکر گیانیش کمارکی گرفتاری، مواخذہ ، ایس آئی آر پر روک اور کئی ریاستوں میں دوبارہ الیکشن کروانے کی مانگ کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اپوزیشن نے گیانیش کمار کے ہٹائے جانے تک ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری رکھنے کا اشارہ بھی دے دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’آر ایس ایس اور حزب المجاہدین میں کوئی فرق نہیں‘‘
گیانیش کمار امیت شاہ کے ’’آلہ ٔکار‘‘
کانگریس کے جنرل سیکریٹری اور شعبۂ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے لزام لگایا کہ گیانیش کمار مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ’’آلۂ کار‘‘ کے طور پر کام کر رہے ہیں جبکہ امیت شاہ وزیر اعظم کی خواہشات کو عملی جامہ پہنانے کیلئے مقرر کردہ شخص ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر جو کچھ کر رہے ہیں، وہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی مکمل جانکاری، حمایت اور درحقیقت ان کی ہدایت پر کررہے ہیں ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ ملک وزیر اعظم نریندر مودی سے جواب طلب کرے گا۔
ممتا نے بنگال میں دوبارہ الیکشن کا مطالبہ کیا
مغربی بنگال کی سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے گیانیش کمار کی گرفتاری اور ریاست میں ایس آئی آر سے پہلے کی انتخابی فہرست کی بنیاد پر اسمبلی انتخابات دوبارہ کرانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے فیس بک لائیو میںکہا کہ اب یہ ثابت ہوچکا ہے کہ بی جے پی اور الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کو لوٹ لیا۔ انہوں نے دھمکی دی کہ جب تک گیانیش کمار چیف الیکشن کمشنر کے عہدے پر رہیں گے، ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔ انہیں فوری طور پر گرفتار کرکے جیل بھیجا جانا چاہیے۔ چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ ان جیسے شخص کیلئے نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھئے:گیانیش کمار کوفوراً عہدہ سے ہٹانے اور انتخابات دوبارہ بیلٹ پیپر سے کروانے کا مطالبہ
ایس آئی آر کو منسوخ کیا جائے: کیجریوال
عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے تازہ انکشافات کے حوالے سے کہاکہ’’ ہمارا مطالبہ ہے کہ ایس آئی آرکو منسوخ کیا جائے، ایس آئی آر کے تحت کی گئی تمام تبدیلیاں ختم کی جائیں اور ۳؍ سال پہلے کی ووٹر لسٹ بحال کی جائے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ’’ گیانیش کمار کو گرفتار کرکے ان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جانا چاہیے۔‘‘ انہوں نے گیانیش کمار کی نگرانی میں ہونے والے تمام انتخابات کو رد کرنے کی مانگ کرتے ہوئے کہا کہ ’’دہلی، بہار، بنگال، مہاراشٹر، ہریانہ، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کے الیکشن کو منسوخ کرکے دوبارہ کروایا جائے۔‘‘
زمینی سطح پر اپوزیشن الیکشن نہیں ہارا: تیجسوی
بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے بھی بہار اور مغربی بنگال میں نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ زمینی سطح پر اپوزیشن الیکشن نہیں ہارا، جو نتائج آئے وہ مودی اور امیت شاہ کے تیار کردہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اب یہ واضح ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے اپنے مفاد کیلئے چیف الیکشن کمشنر کے ذریعے جمہوری اقدار، آئینی روایات اور قائم شدہ قواعد و ضوابط کی دھجیاں اڑوائی ہیں اور ان سے من مانی، غیر اخلاقی اور غیر قانونی کام کروائے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: رام مندر چوری معاملے میں بڑی مچھلیوں کو بچانے کی کارروائی چل رہی ہے: کانگریس
یہ ملک سے غداری ہے: پرینکا گاندھی
کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’یہ دراصل ملک سےغداری ہے۔اگر انتخابات ہی نہیں ہوں گے تو جمہوریت کہاں رہے گی؟ اور اگر انتخابات منصفانہ نہیں ہیں، ان میں دھاندلی کی جا رہی ہے اور الیکشن کمیشن اس میں مدد کر رہا ہےتو یہ جمہوریت پر انتہائی سنگین حملہ ہے۔‘‘انہوں نے کہا، ’’ اس معاملے کی تحقیقات شفافیت کے ساتھ اس انداز میں ہونی چاہیے کہ ہمیں اور پورے ملک کو معلوم ہو کہ یہ کارروائی مناسب طریقے سے کی جا رہی ہے۔‘‘
بہت ہوا، اَب وقت آگیا ہے: سی جے پی
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف سنسنی خیز انکشاف کے بعد کاکروچ جنتا پارٹی نے حرکت میں آنے کا اشارہ دیا ہے۔ ابھیجیت دپکے، آشوتوش رانکا اور سورو داس نے بدھ کو ایکس پوسٹ کے ذریعہ اطلاع دی کہ وہ اپنی تمام پیشگی مصروفیات کو بالائے طاق رکھ کر جمعرات کو دہلی پہنچ رہے ہیں جہاں دوپہر ۱۲؍ بجے اہم پریس کانفرنس ہوگی۔ سورو داس نے جہاں اپنی اس پوسٹ کے ساتھ ’’الیکشن کمیشن ٹھیک کرو‘‘ کا نعرہ دیا ہے وہیں آشوتوش رانکا نے لکھا ہے: ’’گیانیش برو، اِٹس ڈَن برو۔‘‘ ابھیجیت دپکے نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ملک میں الیکشن نہیں ہورہے ہیں بلکہ گیانیش کمار ان کےنتائج خود لکھ رہے ہیں۔ ‘‘ سوروداس نے تمام تحریکوں سے پہلے الیکشن کمیشن کو ٹھیک کرنے کی تحریک پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’عوام سے تبدیلی کا ہتھیار ہی چھینا جارہاہے۔‘‘