ڈومبیولی میں تعمیر ۷؍منزلہ بلڈنگ میں رہائش پذیر ۷۰؍خاندانوں کا مستقبل خطرے میں۔
EPAPER
Updated: June 01, 2026, 3:30 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Dombivali
ڈومبیولی میں تعمیر ۷؍منزلہ بلڈنگ میں رہائش پذیر ۷۰؍خاندانوں کا مستقبل خطرے میں۔
مہاراشٹرا رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی (مہاریرا) کے قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے فرضی دستاویزات کے سہارے اربوں روپے کا گھوٹالہ کرنے والے زمین مافیا کے خلاف پولیس نے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔جعلی کاغذات کی بنیاد پر غیر قانونی کثیر المنزلہ عمارت تعمیر کرنے والے بدنام زمانہ لینڈ مافیا پرفل گورے کو وشنونگر پولیس نے طویل جدوجہد کے بعد بالآخر گرفتار کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈومبیولی (مغرب) کے کوپر علاقے میں شیو آرادھنا نام کی ایک ۷؍ منزلہ عمارت قواعد و ضوابط کو بالائے طاق رکھ کر غیر قانونی طور پر کھڑی کی گئی تھی۔کے ڈی ایم سی کے افسر ارون پاٹل نے جب اس معاملے کی گہرائی سے چھان بین کی تو چونکا دینے والے حقائق سامنے آئے۔
یہ بھی پڑھئے : ممبئی کےدادر میں واقع ’’اشوک وڑا پاؤ‘‘ دنیا کے۴۰؍ مشہور ترین سینڈوچ میں شامل
میونسپل کارپوریشن کی جانب سے وشنو نگر پولیس اسٹیشن میں باقاعدہ شکایت درج کرائی گئی جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے پورے ۸ ؍ماہ کی تفتیش کے بعد بلڈر پرفل گورے کو دبوچ لیا۔ ملزم بلڈر کو کلیان کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے جرم کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اسے ۳؍ دن کی پولیس تحویل میں بھیجنے کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھئے : پوائی: فکٹ نگر اور ملند نگر میں بی ایم سی کی انہدامی کارروائی
عیاں رہے کہ جس شیو آرادھنا عمارت پر قانون کا ہتھوڑا چلنے والا ہے اس میں اس وقت ۷۰ ؍سے زائد متوسط خاندان رہائش پذیر ہیں۔ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے عمارت کو غیر قانونی قرار دئیے جانے کے بعد اب اسے کسی بھی وقت مسمار کئے جانے کا قوی امکان ہے۔ اپنی زندگی بھر کی خون پسینے کی کمائی لگا کر چھت حاصل کرنے والے ان شہریوںکے دلوں میں اب شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور انہیں راتوں رات بے گھر ہو جانے کا ڈر ستا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے : ہونہار طلبہ کی تعداد کم ہونے سے ۱۱؍ ویں داخلے کے کٹ آف میں کمی آنے کا امکان
تفتیش میں یہ بات واضح ہوئی ہے کہ بلڈر نے ان شہریوں کو جعلی کاغذات دکھا کر کروڑوں روپے کا چونا لگایا ہے۔بتایا جارہا ہے کہ پرفل گورے تو محض اس کالے دھندے کا ایک مہرہ ہےجبکہ اس کے پیچھے کچھ ہائی پروفائل سیاسی رہنماؤں کی سرپرستی حاصل ہے۔پولیس اب ملزم سے ان سفید پوشوں کے نام اگلوانے کی کوشش کر رہی ہے۔اس دوران کیس میں ملوث بلڈر کے ۳؍ قریبی ساتھی سورج بٹّے، کالیاجوشی اور عمارت کا نقشہ پاس کرنے والا آرکیٹیکٹ روپوش بتائے جاتے ہیں۔ پولیس کی خصوصی ٹیمیں ان مفرور ملزمین کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار رہی ہیں۔