چرنی روڈ پرمنعقدہ ورکشاپ میں دادابھُسے اچانک پہنچے اور یہاں جاری طلبہ کے فن پاروں کاجائزہ لیتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
EPAPER
Updated: June 27, 2026, 12:01 PM IST | Saadat Khan | Charni Road
چرنی روڈ پرمنعقدہ ورکشاپ میں دادابھُسے اچانک پہنچے اور یہاں جاری طلبہ کے فن پاروں کاجائزہ لیتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
اسکولی تعلیم کے ریاستی وزیر دادا بھُسے نے چرنی روڈ پر واقع جواہر بال بھون کا اچانک دورہ کر کے طلبہ کی مختلف فنکارانہ کارکردگی کا جائزہ لیا ۔ مانسون اجلاس جاری ہونے کے باوجود وہ وقت نکال کربال بھون پہنچے اور طلبہ سے گفتگو کی نیز ان کی فنی صلاحیتوں کو سراہا اور مستقبل میں کامیابی کیلئے نیک خواہشات پیش کیں ۔ان طلبہ میں انجمن اسلام سیف طیب جی اُردو گرلز ہائی اسکول، بیلاسس روڈ کی طالبات بھی شامل تھیں۔ وزیر تعلیم سے ہونے والی غیر متوقع ملاقات سے طالبات بہت خوش تھیں ۔
واضح رہے کہ جواہر بال بھون کی جانب سے طلبہ کی فنی صلاحیتوںسے متعلق ورکشاپ کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں متعدد اسکولوں کے طلبہ ڈرامہ، گانے، مجسمہ سازی، مصوری اور دستکاری کی صورت میں اپنے فن پارے پیش کرتے ہیں ۔مذکورہ ورکشاپ میں انجمن اسلام سیف طیب جی اسکول کی طالبات نے اپنے سماجی، تعلیمی اور اخلاقی اقدار پر مبنی فنی پاروں سے حاضرین کے دل جیت لئے ۔ وزیر تعلیم دادا بھُسے طالبات کی شاندار فنکارانہ کارکردگی سے بہت متاثر ہوئے ۔
یہ بھی پڑھئے: کام کی جگہوں پر خواتین کے تحفظ کیلئے ’پاش‘ ایکٹ کو مزید سختی سے نافذ کیا جائے گا
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دادا بھُسے نے کہا کہ’’ تعلیم صرف نصابی کتب تک محدود نہیں ہے بلکہ طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کا ایک موثر ذریعہ ہے ۔ فن، ثقافت، موسیقی، ڈرامہ، مصوری اور مجسمہ سازی جیسی سرگرمیاں طلبہ کی چھپی ہوئی خوبیوں کواجاگرکرتے ہیں ۔ ایسی سرگرمیاں طلبہ کے اعتماد میں اضافہ کرتی ہیں اور ان کی شخصیت کی نشوونما کو فروغ دیتی ہیں ۔ ‘‘ انہوں نے طلبہ کو پڑھ لکھ کر زندگی میں آگے بڑھنے کا مشورہ دیا اور حکومت کی جانب سے فراہم کردہ تعلیمی سہولیات سے استفادہ کرنے کی تلقین بھی کی ۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’جواہر بال بھون طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں، قائدانہ خصوصیات اور مختلف صلاحیتوں کی نشوونما کا ایک اہم مرکز ہے۔ یہ ادارہ طلبہ کی فنکارانہ اور فکری صلاحیتوں کو فروغ دینے کیلئے مؤثر طریقے سے کام کر رہا ہے۔‘‘
وزیر تعلیم دادا بھُسے انجمن اسلام سیف طیب جی سیکنڈری اسکول اور گرونانک سیکنڈری ہائی اسکو ل کےطلبہ کے درمیان بیٹھ کر ان کے فن پاروںسے محظوظ ہوئے۔
یہ بھی پڑھئے: این سی پی نے ثنا ملک کے تین طلاق سے متعلق بیان سے لاتعلقی ظاہر کی
سیف طیب جی ہائی اسکول کی معلمہ نکہت کاسوجو طالبات کے ساتھ جواہر بال بھون میں موجود تھیں ، نے انقلاب کو بتایا کہ ’’ریاست کے وزیر تعلیم داد ا بھُسے کے اچانک آڈیٹوریم میں پہنچنے سے یہاں موجود طلبہ کے علاوہ تدریسی اورغیر تدریسی عملے میں حیرت اور خوشی پائی گئی ۔ بالخصوص طلبہ بڑے خوش دکھائی دیئے ۔ وزیر تعلیم کوغیر متوقع طور پر دیکھنے اور سننے کاموقع ملنے سے طلبہ بڑے پُرجوش دکھائی دیئے۔