Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایلون مسک کا منفرد ریستوراں ’ٹیسلا ڈائنر‘، ’ماضی اور مستقبل‘ کا حسین امتزاج

Updated: July 27, 2025, 2:06 PM IST | Washington

ہالی ووڈ، کیلیفورنیا میں دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کے ’’ٹیسلا ڈائنر‘‘ کا افتتاح ہوچکا ہے جس میں روبوٹس ویٹر ہیں اور کھانے پینے کی اشیاء ٹیسلا کی مصنوعات کے ڈھانچوں میں پیش کی جاتی ہیں۔ ’’ریٹرو فیوچر‘‘ تھیم پر مبنی یہ ڈائنر سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہورہا ہے۔

Tesla Diner. Photo: INN
ٹیسلا ڈائنر۔ تصویر: آئی این این

دنیا بھر کے شہریوں کو ایلون مسک کے ریستوراں ’’ٹیسلا ڈائنر‘‘ کے افتتاح کا بے صبری سے انتظار تھا جو ہالی ووڈ، کیلیفورنیا میں پیر کو شروع ہوا۔ اس کا تھیم ’’ریٹرو۔فیوچر‘‘ ہے۔ یہ ریستوراں ماضی اور مستقبل کے درمیان صارفین کو دلچسپ تجربہ پیش کرتا ہے۔ ۲؍ منزلے پر مشتمل ڈائنر میں مختلف اقسام کے پکوان ہی نہیں ہیں بلکہ یہ اپنے آپ میں ایک انوکھی سائنس فکشن دنیا سموئے ہوئے ہے۔ یہاں کی نشستیں الیکٹرک گاڑیوں کے ڈھانچوں میں بنائی گئی ہیں۔ ڈائنر کے احاطے میں اپنی الیکٹرک گاڑیوں کو چارجنگ پر لگا کر کار کے اندر یا پھر ریستوارں میں آپ یہاں کے لذیذ پکوانوں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ ٹیسلا ڈائنر میں تفریح کے متعدد ذرائع دستیاب ہیں جسے کیریوکے اور بولنگ وغیرہ۔

یہ بھی پڑھئے: اب ’سوچ‘ سے آئی فون کو کنٹرول کیا جاسکے گا!

ڈائنر کے باہر ٹیسلا کے روبوٹس مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے انہیں پاپ کارن پیش کرتے ہیں۔ ایلون مسک نے ایکس پر کہا کہ ’’بالکل انسانوں کی طرح نظر آنے والے یہ روبوٹس مستقبل میں مزید ذہین ہوجائیں گے اور ٹیسلا ڈائنر پر ان کی اجارہ داری ہوگی۔‘‘ دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹیسلا کار کے مالکان اپنی کار ڈائنر میں لگا کر کار میں نصب اسکرین سے براہ راست آرڈر دے سکتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر موضوع بحث ہے ڈائنر میں پکوانوں کو منفرد طریقے سے پیش کئے جانے کا طریقہ۔ یہاں برگر چھوٹے سائبر ٹرک کنٹینرز میں پیش کئے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ کیلئے امید کی بوتل: اناج سے بھری پلاسٹک کی بوتلیں بحیرۂ روم کے حوالے

یاد رہے کہ ایلون مسک نے ۲۰۱۸ء میں ٹیسلا ڈائنر کا خیال پیش کیا تھا، جس میں رولر اسکیٹنگ سرورز اور ایک راک اینڈ رول تھیم کے ساتھ ایک کلاسک ڈرائیو اِن تجربے کا تصور کیا گیا تھا۔ تاہم، حتمی عمل درآمد مختلف ہے، بنیادی خیال جدید ٹیکنالوجی اور مستقبل کے موڑ کے ساتھ ایک نئی شکل اختیار کر چکا ہے۔ مسک نے اشارہ دیا ہے کہ اسے عالمی سطح پر لانچ کیا جاسکتا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایک کمزور پاس ورڈ کے سبب ۱۵۸؍ سال پرانی برطانوی کمپنی کا سسٹم ہیک

ڈائنر کی مقبولیت کے باوجود، ٹیسلا کیلیفورنیا میں مشکلات کا سامنا کر رہی ہے۔ ریاست میں مسلسل سات سہ ماہیوں سے کمپنی کی گاڑیوں کی فروخت میں کمی آرہی ہے جس میں سال بہ سال رجسٹریشن میں ۳ء۱۸ فیصد کی کمی آئی ہے۔ دریں اثنا، آسٹن میں ایک حادثے کے واقعے کے بعد، ٹیسلا کے روبوٹیکسی پائلٹ کے آغاز نے حفاظتی خدشات کو جنم دیا ہے۔ یہ سروس ابھی تک بڑے پیمانے پر نہیں پھیل سکی ہے جس سے اس کے آمدنی میں اضافے کی صلاحیت کے بارے میں سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ایلون مسک نے پہلے ٹیسلا کے مستقبل کا زیادہ تر حصہ روبوٹیکسی اور آپٹیمس روبوٹ منصوبے سے جوڑا تھا۔ چونکہ یہ منصوبے ابھی تک منافع بخش نہیں ہوئے ہیں، اس لئے ڈائنر کھانے کے متعلق کم اور ٹیسلا کے برانڈ کو روزمرہ کی زندگی میں مضبوط کرنے کے بارے میں زیادہ ہو سکتا ہے۔ جیسا کہ مسک نے بیان کیا، یہ نیا منصوبہ ”اچھے کھانے، دلچسپ ماحول اور تفریح کا ایک جزیرہ“ ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK