ایوت محل میں گاڑی سمیت ماں اور ۲؍ بیٹیاں بہہ گئیں، گڈچرولی میں کئی اہم راستے بند ، امراوتی میں متعدد گائوں میں سیلاب جیسی صورتحال۔
EPAPER
Updated: August 01, 2026, 9:44 AM IST | Ali Imran | Yavatmal
ایوت محل میں گاڑی سمیت ماں اور ۲؍ بیٹیاں بہہ گئیں، گڈچرولی میں کئی اہم راستے بند ، امراوتی میں متعدد گائوں میں سیلاب جیسی صورتحال۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق ودربھ کے بیشتر اضلاع میں مسلسل تین دن سے بارش جاری ہے اور گڈچرولی ضلع سیلاب کی زد میں ہے۔ ضلع کے بیشتر تعلقوں میں کے ندی نالوں میں طغیانی ہے اور پانی ان دیہاتوں میں داخل ہوچکا ہے۔ چامورشی تعلقہ میں سیلاب کی وجہ سے کئی دیہاتوں کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ اس دوران سوناپور نالے میں آئے سیلاب کی وجہ سے ۲؍ دو پہیہ گاڑیاں بہہ جانے کی خبر ہے۔ خوش قسمتی سے دونوں گاڑیوں کے سواروں نے گاڑی چھوڑ کر کسی طرح اپنی جان بچائی۔ کٹھانی ندی میں سیلاب کی وجہ سے دھانورہ تعلقہ کے راجولی دیہات میں پانی داخل ہونے کے بعد افراتفری مچ گئی اور شہریوں کو گھر کی چھتوں پر پناہ لینی پڑی۔ فصلیں تباہ ہوگئیں اور گھروں میں پانی داخل ہونے کی وجہ سے اشیاءخورد نوش و دیگر ضروریات زندگی کا سامان برباد ہوگیا۔ اسی تعلقہ کے سوڑے گاؤں میں دیہات زیر آب آنے سے گڈچرولی جانے والے تمام راستے بند ہیں۔ مسلسل تین سے جاری بارش کی وجہ سے کورکھیڑ میں واقع گورنولی تالاب کا باندھ ٹوٹ گیا جس سے سیکڑوں ایکڑ زرعی زمین پر لگی دھان کی فصل برباد ہوگئی۔ مولچیرا تعلقہ میں مسلسل بارش عام زندگی متاثر ہوئی ہے۔ سڑکیں زیر آب آنے سے مولچیرا سے آشٹی جانے والا اہم راستہ بند ہے اور دینا ندی میں سیلاب کی وجہ سے گاؤں کا رابطہ منقطع ہوچکا ہے۔ ضلع کلکٹر اوشیانت پانڈا نے تمام اسکولوں کیلئے چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ نیز ندی کنارے آباد دیہاتوں میںاحتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ غیر معمولی حالات یا کوئی حادثہ رونما ہونے پر انتظامیہ سے رابطہ کر نے کیلئے کہا گیا ہے۔ ایس ڈی آر ایف دستہ اور پولیس محکمہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: آج امیت شاہ پونے میں، کانگریس کو پولیس نے احتجاج کی اجازت دی
ایوت محل میں کارسمیت ۳؍ لوگ بہہ گئے
ادھر ایوت محل ضلع میں بھی مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ ضلع کے داروہ تعلقہ کے دہیلی میں ایک ارٹیگا کار پانی میں بہہ گئی۔ اس حادثے میں کار سمیت ایک خاتون اور اس کی دو بیٹیاں پانی غرق ہوگئیں، جبکہ شوہر نے کسی طرح درخت کا سہارا لے کر اپنی جان بچائی۔ اس حادثے میں مادھوی اویناش کھنڈارے، تیجو اویناش کھنڈارے اور پرانجلی اویناش کھنڈارے لاپتہ ہو گئے ۔ ان کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔ تاہم خبر لکھے جانے تک ان تینوں کی لاشیں نہیں مل پائی تھیں۔ محکمہ موسمیات کی وارننگ کے مدنظر ضلع کلکٹر وکاس مینا نے تمام اسکولوں اور کالجوں کو چھٹی دینے کا اعلان کیا ہے۔ ضلع میں گزشتہ دو دنوں سے اورینج الرٹ جاری تھا جمعرات کی دوپہر سے ضلع کیلئے ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ایوت محل، ونی تعلقہ کے شندولہ، کایر، راسا اور جھری تعلقہ کے کھڑکڈوہ، جھری جامنی اور مکوٹبن میں ۶۵؍ملی میٹر سے زیادہ بارش ہونے سے سیلابی کیفیت پیدا ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: نیٹ: امیدوار کے نمبر ۲۴؍ گھنٹے میں ۶۵۰؍ سے ۱۳۵؍ ہو گئے!
امراوتی میں کئی گائوں میں سیلاب جیسی صورتحال
اس دوران امراوتی ضلع کے ناندگاؤں کھنڈیشور تعلقہ میں بادل پھٹنے جیسی بارش ہونے سے بارش میں پھنسے سو سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ۔ امراوتی میں کئی گاؤں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ ستار گاؤں کے مینڈھی نالے میں آئے سیلاب میں ایک دو پہیہ کار سوار بہہ گیا۔ ناندگاؤں کھنڈیشور شہر میں بھی بارش نے تباہی مچا دی، گاؤں اور کھیت زیر آب آگئے ہیں۔ ناندگاؤں کھنڈیشور تعلقہ میں تمام اسکول اور کالج بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ سیلاب سے متاثر سو سے زائد لوگوں کو رات دیر گئے ناندگاؤں کھنڈیشور کے شادی خانے میں رکھا گیا ہے۔ امراوتی اور ایوت محل ضلع کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے جبکہ چندر پور، وردھا، واشم اور اکولہ ضلع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو ہوشیار رہنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ فی الحال بارش لگاتار ہو رہی ہے۔