Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج امیت شاہ پونے میں، کانگریس کو پولیس نے احتجاج کی اجازت دی

Updated: August 01, 2026, 9:31 AM IST | Pune

مرکزی وزیر داخلہ کو لوک مانیہ تلک ایوارڈ دینے کیلئے مدعو کیا گیا ہے، کانگریس نے پہلے ہی احتجاج کا اعلان کر دیا تھا ، مقامی تنظیمیں بھی ناراض۔

Amit Shah may face opposition from local residents? Photo: INN
امیت شاہ کو مقامی باشندوں کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے؟ تصویر: آئی این این

آج (یکم اگست) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ پونے آئیں گے۔ یہاں انہیں لوک مانیہ تلک ایوارڈ دیا جانے والا ہے۔ اسی دوران کانگریس نے ان کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ پونے پولیس نے کانگریس کو احتجاج کی اجازت بھی دیدی ہے۔ یاد رہے کہ امیت شاہ کی پونے آمد پر مقامی تنظیموں نے بھی مخالفت کا اشارہ دیا ہےجبکہ شیوسینا (ادھو ) ترجمان سنجے رائوت نے ایک روز قبل بیان دیا ہے کہ ان پونے واسیوں کو شرم آنی چاہئے جنہوں نے امیت شاہ کو مدعو کیا ہے۔ 

یاد رہے کہ پونے کی  تلک اسمارک مندر ٹرسٹ  کی جانب سے ملک کی کسی سرخرو شخصیت کو ’لوک مانیہ تلک ایوار ڈ دیا‘ جاتا ہے۔ اس تنظیم کے بانی لوک مانیہ تلک کے پوتے روہت تلک ہیں ۔ ۱۹۸۳ء میں شروع کیا گیا یہ ایوارڈ اندرا گاندھی ، منموہن سنگھ ، نریندر مودی اور نتن گڈکری سمیت کئی اہم سیاسی ، سماجی اور کاروباری شخصیات کو دیا جا چکاہے۔ اس بار یہ ایوارڈ امیت شاہ کو دیا جانے والا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ روہت تلک خود کانگریسی رہ چکے ہیں اور اس تنظیم کے ذمہ داروں میں کانگریس کے سینئر لیڈر سشیل کمار شندے کا نام بھی شامل ہے۔ تنظیم کے بیشتر پروگراموں میں شرد پوار حاضر رہتے ہیں۔  

یہ بھی پڑھئے: نیٹ: امیدوار کے نمبر ۲۴؍ گھنٹے میں ۶۵۰؍ سے ۱۳۵؍ ہو گئے!

البتہ کانگریس کے پونے شہر صدر پرشانت جگتاپ اور مہاراشٹر کانگریس کے نائب صدر موہن جوشی دونوں ہی نے اعلان کیا ہے کہ وہ امیت شاہ کی آمد پر ان کے خلاف احتجاج کریں گے۔ پرشانت جگتاپ کا کہنا ہے کہ امیت شاہ نے جنتر منتر پر طلبہ پر لاٹھی چارج کروایا جس میں کئی طلبہ بری طرح زخمی ہوئے۔ اگر انہوں نے اس لاٹھی چارج پر صفائی نہیں دی تو ہم ان کے خلاف احتجاج کریں گے اور پونے کے طلبہ اور نوجوانوں سے اپیل کریں گے کہ وہ اس احتجاج میں شرکت کریں۔ اعلان کے مطابق یہ احتجاج پونے کے شنکر سیٹھ روڈ پر واقع ’سیون لوز چوک‘ پر صبح ساڑھے ۱۰؍ بجے کیا جائے گا۔ امیت شاہ کا قافلہ اس مقام سے گزرنے والا ہے۔ دوسری طرف شیوسینا (ادھو) کے ترجمان سنجے رائوت نے کہا ہے کہ ’’ ان پونے واسیوں کو شرم آنی چاہئے جنہوں نے امیت شاہ پونے مدعو کیا ہے۔ ‘ ‘ انہوں نے کہا ’’ جن لوگوں نے طلبہ پر لاٹھی چارج اور گولی باری کرنے والے امیت شاہ کو پونے میں ایک پروگرام میں شرکت کیلئے بلایا ہے ، انہیں شرم آنی چاہئے۔ ‘‘ رائوت نے کہا’’ جس کے ہاتھ طلبہ کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، انہیں لوک مانیہ تلک ایوارڈ دیا جا رہا ہے۔ پونے کے تمام باشندوں کو خاص کر طلبہ اور شیوسینا (ادھو) کارکنان کو اس کی مخالفت کرنی چاہئے اور امیت شاہ کے خلاف احتجاج کرنا چاہئے۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: غزہ کے طلبہ کیلئے مکمل اسکالرشپس، برطانیہ میں معروف شخصیات کی فنڈ ریزنگ مہم

اہم بات یہ ہے کہ جمعہ کے روز پونے پولیس نے کانگریس کو اس احتجاج کی اجازت بھی دیدی ہے۔ اس سے یہ بات یقینی ہو گئی ہے کہ احتجاج ضرور ہوگا۔ حالانکہ تلک اسمارک مندر ٹرسٹ کے بانی روہت تلک کا کہنا ہے کہ شیوسینا (ادھو) اور اسکے لیڈران اس ایوارڈ کے تعلق سے سیاست نہ کریں کیونکہ یہ کسی خاص پارٹی کا ایوارڈ نہیں ہے۔ مختلف سیاسی اور سماجی شخصیات کو دیا جا چکا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں جنتر منتر پر ہوئے لاٹھی چارج کے خلاف سب سے پرزور احتجاج پونے ہی میں دیکھنے کو ملا تھا۔ امکان ہے کہ اس بار نوجوان احتجاج میں شریک ہوں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK