انسانی صحت اور معصوم بچوں کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے ایک شاطر گروہ کا کلیان کرائم برانچ نے پردہ فاش کیا ہے۔
EPAPER
Updated: May 17, 2026, 4:27 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai
انسانی صحت اور معصوم بچوں کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے ایک شاطر گروہ کا کلیان کرائم برانچ نے پردہ فاش کیا ہے۔
انسانی صحت اور معصوم بچوں کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے ایک شاطر گروہ کا کلیان کرائم برانچ نے پردہ فاش کیا ہے۔ یہ گروہ مارکیٹ سے وٹامن اور پروٹین سے بھرپور ایسی غذائی اشیاء جمع کرتا تھا جن کی میعاد ختم ہو چکی ہوتی تھی اور پھر ان پر جدید مشینوں کے ذریعہ نئی تاریخوں کے لیبل چسپاں کر کے انہیں دوبارہ دھڑلے سے بازاروں میں سپلائی کر دیتا تھا۔ پولیس نے اس کارروائی کے دوران اب تک ۲۶؍ لاکھ ۶۳ ؍ہزار ۵۰۹ ؍روپے مالیت کا زہریلا اور زائد المیعاد سامان ضبط کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سڈکو کے ماتحت تمام ریلوے اسٹیشنوں کو سینٹرل ریلوے کے سپرد کرنے کی منظوری
تفصیلات کے مطابق کلیان کرائم برانچ کو مخبر کے ذریعے اطلاع ملی تھی کہ موزیک ویلنس پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کی تیار کردہ نامی گرامی ہیلتھ پروڈکٹس، جن کی معیاد ختم ہو چکی ہے انہیں ایک مخصوص نیٹ ورک کے تحت نئی تاریخیں ڈال کر مارکیٹ میں دوبارہ بیچا جا رہا ہے۔اس سنگین اطلاع پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ایک خصوصی پولیس کی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے ۱۴ ؍مئی کو کلیان مغرب کے بازار پیٹھ علاقے میں واقع منی بازار کے شاپ نمبر ۶۸؍ مچھلی بازار میں اچانک چھاپہ مارا۔اس کارروائی کے دوران پولیس نے دکان کے مالک عبدالکریم خان (۴۰) کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ دکان کی تلاشی لینے پر وہاں سے بھاری مقدار میں ایکسپائر شدہ وٹامن پروڈکٹس برآمد ہوئیں۔ ملزم عبدالکریم نے پولیس کی سخت تفتیش میں اعتراف کیا کہ اس کالے دھندے کے تار بھیونڈی سے جڑے ہیں۔ اس نے بتایا کہ وہ یہ تمام زائد المیعاد مال بھیونڈی کے بڑے ڈیلر بیبل رام دلار یادو ( ۴۳) سے سستے داموں خریدتا تھا۔ پولیس نے فوری طور پر بھیونڈی میں واقع یادو کے گودام پر چھاپہ مارا اور وہاں موجود لاکھوں روپے کا اسٹاک سیٖل کر دیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمین اس بات سے سو فیصد واقف تھے کہ یہ غذائی اشیاء زہر بن چکی ہیں اور ان کے استعمال سے شہریوں بالخصوص بچوں کی جان جا سکتی ہے لیکن زیادہ منافع کمانے کے لالچ میں وہ پرانے لیبل ہٹا کر نئی تاریخوں کے فرضی لیبل لگا رہے تھے۔ ضبط کئے گئے سامان میں بچوں کے پسندیدہ لٹل جوائس، ملیٹ چوکو کرنچ، گلوٹین فری پاستا اور چاکلیٹ ہیزلنٹ اسپریڈ جیسی مہنگی غذائی مصنوعات شامل ہیں۔