نوٹس جاری کرنے والے پولیس انسپکٹر نےکہا: کارروائی چل رہی ہے، کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے،جو کچھ ہوا تھا ،اسے دیکھا جارہا ہے۔مقامی افراد نےپولیس پرجانبداری کا الزام عائد کیا۔
EPAPER
Updated: February 01, 2026, 4:19 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
نوٹس جاری کرنے والے پولیس انسپکٹر نےکہا: کارروائی چل رہی ہے، کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے،جو کچھ ہوا تھا ،اسے دیکھا جارہا ہے۔مقامی افراد نےپولیس پرجانبداری کا الزام عائد کیا۔
گوونڈی میںمہاڈا نٹور پاریکھ کمپاؤنڈ کے پاس ۲۰؍ برس سے زائد عرصے سے خواجہ غریب نوازؒ کے آستانے کے لگائے جارہے بینر کی آڑ میں ماحول خراب کرنے کی سازش کو تو مقامی ذمہ دار اشخاص نے ناکام بنادیاتھا اور پولیس نے ۲۶؍ جنوری کوپرچم کشائی کے نام پربی ایم سی کے ذریعے بینر بھی اتروا دیا تھا مگر اب پولیس پرکھلی جانبداری کا الزام عائد کیا جارہا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہےکہ پولیس کی جانب سے کئی افراد کو نامزد کیا گیا ہے اور ان کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔نوٹس پانے والوں میں سرِفہرست جاوید عبدالستار شیخ ہیں جوغلامِ غریب نواز کمیٹی کے ذمہ دار ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: آج سے سی ایس ایم ٹی میں پلیٹ فارم نمبر ۱۶؍اور ۱۷؍بند
کھلی جانبداری اورماحول خراب کرنے کی کوشش
انہوں نے نمائندۂ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ’’ جیسے مقامی افراد نے پولیس کے ساتھ تعاون کیا تھا اوربینراتارنے پر رضامندی ظاہر کی تھی اسی طرح اب پولیس ۲۶؍ جنوری کے بعد دوبارہ بینر لگانے کا اپنا وعدہ نبھائے مگر اب تو پولیس کا رویہ حیرت انگیز طور پرنہ صرف تبدیل ہو گیا ہے بلکہ تعاون کرنے والے کئی افراد کو ملزم بنادیا گیا ہے ۔‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایاکہ’’ ہم لوگوں نے ایک وفد کے ذریعے ڈی سی پی سے ملاقات کی تھی ۔اس کے بعد انہوں نےسینئر انسپکٹر میڈم کوہدایت دی ہے کہ مندر ٹرسٹ اورغریب نواز کمیٹی اور دیگر ذمہ داران کی مشترکہ میٹنگ بلائی جائے، چنانچہ پیر کے دن شیواجی نگرپولیس اسٹیشن میںمیٹنگ ہوگی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: کانگریس کے نظریات کو زمینی سطح تک لے جانے کیلئے ’ٹیلنٹ ہنٹ‘ مہم
کلپنا نام کی خاتون جنہوں نے باہم میل محبت کا پیغام دینے کے ساتھ مندر کے پجاری پر حالات خراب کرنے کی کوشش کاالزام عائد کیا تھا، ان کا کہنا تھاکہ ’’پولیس نے میرا بھی نام لکھا ہے،میںکیا چور ہوں یا کسی کا قتل کیا ہےجو ڈروں گی ۔سچائی یہ ہےکہ کچھ لوگ ماحول خراب کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں اورمسلمانوں کوبدنا م کیا جارہا ہے۔ میں ایک دن بعد پولیس اسٹیشن ضرور جاؤںگی، ڈرنے والی نہیں ۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: نل بازاراور اندھیری میں انہدامی کارروائی ،کاروباری پریشان
نوٹس جاری کرنے والےتفتیشی افسردھننجے شندے نے انقلاب کوبتایاکہ ’’ کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے،کارروائی چل رہی ہے اورنوٹس جاری کیا گیا ہے ۔‘‘ ان سے یہ پوچھنے پر کہ کس طرح کی کارروائی چل رہی ہے تو انہوں نے کہاکہ’’ جو کچھ ہوا تھا ،اسے دیکھا جارہا ہے کہ کیسے ہوا،کس نے کیا اورکیا کیا تھا؟‘‘
پولیس کی نوٹس میںکیا لکھا گیا
شیواجی نگر پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر دھننجے شندے کی دستخط سے جاری کردہ نوٹس میںجاوید شیخ کا نام لکھ کر آگاہ کیا گیا کہ ۳۵۹؍ (۳) انڈین سول ڈیفنس کوڈ ۲۰۲۳کی دفعہ۳۵(۳) کے تحت آپ کو مطلع کیا گیا ہے کہ ۶۵؍ سالہ داجی منو کدم (مندر کے پجاری ) کی شکایت پر آپ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مذکورہ دفعات کےتحت آپ کو مطلع کیا جاتا ہے کہ تفتیش کے لئے آپ کو جب بھی طلب کیا جائے تو پولیس اسٹیشن میںموجود ہونا چاہئے۔آپ کو یہ بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ نیچے دی گئی ہدایات پر سختی سے عمل کریں (۱)آپ مستقبل میں کوئی اور جرم نہیں کریں گے (۲) اس جرم سے متعلق کسی بھی ثبوت میں ردوبدل/چھیڑ چھاڑ نہیں کریں گے(۳) جو گواہ ثبوت کے لحاظ سے جرم کے حقیقی حالات سے واقف ہیں انہیں لالچ یا دھمکی کے ذریعے پولیس یا معزز عدالت کے سامنے کیس کی حقیقی معلومات ظاہر کرنے سے باز نہیں رکھیں گے (۴) آپ کوجب بھی ضرورت/حکم دیا جائے گا عدالت میں پیش ہوں گے(۵) آپ جرم کی تفتیش کے دوران ہدایت ملنے پرمقرر کردہ جگہ پر پہنچ کر تفتیش میں مکمل تعاون کریں گے (۶) پوچھ تاچھ کے دوران آپ تفتیشی افسر کو تمام ضروری دستاویزات فراہم کریں گے(۷) اگر جرم میں دیگر ملزمان کو گرفتار کرنا ضروری ہوا تو آپ ہر ممکن تعاون کریں گے(۸) اس کے علاوہ، آپ تفتیشی افسر کی طرف سے دی گئی قانونی ہدایات پر سختی سے عمل کریں گے۔اس نوٹس میں مذکور شرائط/ ہدایات میں سے کسی کی تعمیل نہ کرنے پر آپ کو دفعہ ۳۵؍(۶) کے تحت گرفتار کیا جا سکتا ہے۔