Inquilab Logo Happiest Places to Work

حج ۲۰۲۵ء: ۲؍لاکھ ۶۹؍ ہزار افراد بغیر اجازت نامہ مکہ میں داخلے سے روکے گئے

Updated: June 02, 2025, 5:09 PM IST | Makkah

سعودی پبلک سیکوریٹی کے ڈائریکٹر اور حج سیکوریٹی کمیٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی نے انکشاف کیا ہے کہ پبلک سیکوریٹی کی ٹیموں نے مکہ مکرمہ سے ۲؍ لاکھ۶۹؍ ہزار سے زائد افراد کو مکہ مکرمہ میں داخل ہونے سے روکا جن کے پاس حج کے اجازت نامے نہیں تھے۔

Saudi authorities checking documents before entering Mecca. Photo: INN.
سعودی حکام مکہ میں داخلے سے قبل کاغذات کی جانچ کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این۔

سعودی پبلک سیکوریٹی کے ڈائریکٹر اور حج سیکوریٹی کمیٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی نے انکشاف کیا ہے کہ پبلک سیکوریٹی کی ٹیموں نے مکہ مکرمہ سے ۲؍ لاکھ۵؍ ہزار سے زائد ایسے افراد کو نکالا ہے جن کے پاس حج کے اجازت نامے نہیں تھے۔ اتوار کو مکہ میں حج سیکوریٹی کمانڈرز کی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سیکوریٹی فورسز نے ۲؍ لاکھ۶۹؍ ہزار سے زائد افراد کو مکہ مکرمہ میں داخل ہونے سے روکا جن کے پاس حج کے اجازت نامے نہیں تھے۔ انہوں نے بتایا، ’’پبلک سیکوریٹی اہلکاروں نے۱۲۳۹؍ ایسے افراد کو گرفتار کیا جو غیر قانونی حجاج کو لے کر جا رہے تھے، اور۷۵؍ ہزار سے زائد حج قوانین کے خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے عائد کئے۔ سیکوریٹی ٹیموں نے۴۱۵؍ سے زائد جعلی حج دفاتر کا بھی سراغ لگایا۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ حج سیزن کے دوران خلاف ورزی کرنے والوں سے نمٹنے کیلئے سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: یورپ کے کئی ممالک میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرے، فلسطینی پرچم کے ساتھ مارچ نکالا گیا

پریس کانفرنس کے دوران حج سیکوریٹی کمانڈرز نے اس سال کے حج سیزن کیلئے سیکوریٹی اور تنظیمی منصوبوں کا جائزہ پیش کیا۔ البسامی نے بتایا کہ سعودی پبلک سیکوریٹی نے حج قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر قابو پانے کیلئے اپنے سیکوریٹی منصوبوں کو بہتر بنانے میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو استعمال کیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سیکوریٹی اہلکار کسی بھی ایسے شخص پر نظر رکھیں گے جو حج قوانین کی خلاف ورزی کرے گا۔ البسامی نے بتایا کہ پبلک سیکوریٹی نےایک لاکھ۱۰؍ ہزار گاڑیوں کو مکہ کے داخلی راستوں پر روکا جو بغیر اجازت نامے کے حجاج کو لے جا رہی تھیں اور۵؍ ہزار سے زائد ایسی گاڑیوں کو ضبط کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مکہ کے داخلی راستوں پر مستقل سیکوریٹی چوکیاں قائم کر دی گئی ہیں تاکہ خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کیا جا سکے۔ 

یہ بھی پڑھئے: بنگلہ دیش: سپریم کورٹ نے جماعت اسلامی کی پارٹی رجسٹریشن بحال کر دی

ڈائریکٹر جنرل آف پاسپورٹس میجر جنرل صالح المربع نے انکشاف کیا کہ بیرون ملک سے آنے والے حجاج کی تعداد ۱۴؍لاکھ۷۰؍ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مکہ روٹ انیشی ایٹو سے فائدہ اٹھانے والے ممالک کی تعداد ۸؍ہو گئی ہے جن میں ۱۲؍روانگی کے مقامات ہیں۔ المربع نے بتایا کہ پاسپورٹس ڈ پارٹمنٹ نے ان ممالک میں حجاج کیلئے روانگی کے عمل کو آسان بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ بندرگاہیں قائم کی ہیں اور مختلف زبانیں بولنے والا عملہ فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہمارے فیلڈ ٹیمز کے پاس موبائل بیگز موجود ہیں جو تمام مقامات پر خدمات فراہم کرتے ہیں اور نا معلوم افراد کی شناخت میں مدد کرتے ہیں۔ ‘‘المربع نے حجاج سے اپیل کی کہ وہ حج کے بعد فوری طور پر روانہ ہو جائیں تاکہ قانونی کارروائی سے بچ سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس نے حجاج کی روانگی کے انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: خطبہ حج کا ترجمہ۳۵؍زبانوں میں براہ راست سنا جا سکے گا

وزارت داخلہ نے یقین دہانی کرائی کہ وہ حج کی سیکوریٹی کو کمزور کرنے والی کسی بھی کوشش سے مؤثر انداز میں نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اسٹیٹ سیکوریٹی پریذیڈنسی نے انکشاف کیا کہ جمرات کے مقام پر رش کو کنٹرول کرنے کیلئے مربوط سیکوریٹی منصوبے تیار کئےگئے ہیں۔ وزارت نے کہا، ’’حجاج ہماری آنکھوں کا نور ہیں اور خلاف ورزی کرنے والے ہماری گرفت میں ہیں۔ ‘‘وزارت نے مزید کہا کہ وہ مقدس مقامات پر امن و امان قائم رکھنے کیلئے مکمل تحفظ فراہم کر رہی ہے۔ وزارت نے بتایا کہ اسپیشل ایمرجنسی فورسیز میدانی مشن سر انجام دیں گی تاکہ حجاج کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور بغیر اجازت مقدس مقامات پر داخل ہونے والوں کو روکا جا سکے۔ سنیچر کو وزیر داخلہ اور سپریم حج کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے حج سیکوریٹی فورسیز کی سالانہ تقریب میں اس سال کے حج کیلئےسیکوریٹی فورسیز کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا، ’’خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات کے تحت میں نے آج حج سیکوریٹی فورسیز کی تیاریوں کا مشاہدہ کیا۔ میں اُن کی مکمل تیاری اور اعلیٰ صلاحیتوں پر فخر محسوس کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ ہمیں قیادت کی توقعات کے مطابق ایک محفوظ اور کامیاب حج ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK