Inquilab Logo Happiest Places to Work

حج کیلئے ۱۰؍ ماہ قبل ہی قرعہ اندازی، ایک لاکھ ۹۸؍ ہزار ۸۷۱؍ درخواستیں موصول

Updated: August 01, 2026, 11:43 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

۶۵؍سال سے زائد عمر کے ۱۹؍ہزار ۳۸۸؍عازمین نے درخواست دی جبکہ اس عمر کی بغیر محرم کٹیگری میں درخواست دینے والی خواتین کی تعداد۱۰۸۲؍ ہے۔ سبھی منتخب عازمین کو۱۰؍ اگست تک ایک لاکھ ۵۲؍ ہزار ۳۰۰؍ روپے جمع کرانے کی ہدایت۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

حج ۲۰۲۷ء کے لئے ۱۰؍ ماہ قبل (حج کے ایام میں ابھی ۱۰؍ماہ سےزائد وقت باقی ہے ) ہی قرعہ اندازی کا عمل پورا کرلیا گیا۔ آئندہ سال کےلئے مجموعی طور پر ایک لاکھ ۹۸؍ہزار ۸۷۱؍ درخواستیں موصول ہوئیں۔ ان میں ریزرو کٹیگریز یعنی ۶۵؍ سال سے زائد عمر کے ۱۹؍ ہزار ۳۸۸؍عازمین اور اسی عمر کی بغیر محرم کے حج پر جانے کی خواہشمند ایک ہزار ۸۲؍ خواتین ہیں جبکہ ریزروکٹیگری کے دوسرے زمرے میں ۴۵؍ سال سے زائد عمر کی بغیر محرم  کے حج پرجانے والی خواتین کی تعداد۴؍ ہزار ۱۷۷؍ہے ۔

قرعہ اندازی بند کمرے میں

یہ قرعہ اندازی حج کمیٹی آف انڈیا کے دفتر میں کمیٹی روم میںآن لائن کی گئی ۔ اس سے قبل تک یہ روایت رہا کرتی تھی کہ پورے صوبے اور دیگر ریاستوں سے بھی نمائندے اورعازمین شریک ہوتے تھے۔حج ہاؤس کے وسیع ہال میں قرعہ اندازی کی جاتی تھی اور بڑا اسکرین لگایاجاتا تھے جس پرحاضر رہنے والے عازمین کی نگاہیں ٹکی رہتی ہیں مگرعازمین کے مطابق اب سب کچھ اس خفیہ انداز میں کیا جاتا ہے کہ بہت سوں کو یہ بھی معلوم نہیںہوتا کہ فارم بھرنے کی آخری تاریخ کب گزرگئی اورقرعہ اندازی کب ہوگئی ۔

یادرہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا کا کوٹہ ایک لاکھ ۴۰؍ہزار ہے ۔

یہ بھی پڑھئے: طالبہ میسرہ بخاری نے اے آئی کی مدد سے اسمارٹ الرٹ چشمہ بنایا

۲۰۲۶ء کے ۲۰؍فیصد عازمین کا بھی انتخاب کیا گیا

اس دفعہ قرعہ اندازی میںگزشتہ سال کے ویٹنگ والے ۲۰؍ فیصد عازمین جن کی تعداد ۵۵۷۹؍ ہے  ،کو بھی منتخب کیا گیا ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے مطابق ان منتخب عازمین کا کور نمبر اوردیگر تفصیلات گزشتہ سال والی ہی ہوں گی۔  

ممبئی اورمہاراشٹر کےمنتخب ۱۲۵۵۹؍عازمین 

ممبئی اور مہاراشٹر کے ۳۰۰۴؍ عازمین ریزور کٹیگری میں منتخب کئے گئے۔ بغیر محرم کے ریزرو کٹیگری میںشامل خواتین کی تعداد ۱۱۰؍ ہے۔ گزشتہ سال (بیک لاگ کٹیگری) کے ۵۹۳؍ عازمین کومنتخب کیا گیا ہےجبکہ جنرل کٹیگری میں۱۲۵۵۹؍ عازمین کا انتخا ب عمل میںآیا ہے۔ اس طرح ممبئی اور مہاراشٹر کے مجموعی طور پر ۱۶۲۶۶؍ عازمین شامل ہیں جبکہ ۱۱۴۳۳؍ عازمین کوویٹنگ لسٹ میںجگہ ملی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: منترالیہ کی کینٹین ۹۸؍ فیصد صاف ستھری، ہائی کورٹ مطمئن نہیں

۱۰؍اگست تک پہلی قسط  

ان تمام منتخب عازمین کوحج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او شہنواز سی  نے کہا ہے کہ انہیں  ۱۰؍ اگست تک ایک لاکھ ۵۲؍ہزار ۳۰۰؍ روپے پہلی قسط کی جمع کرانی ہوگی۔ اس رقم میں متفرق اخراجات کے ۲؍ ہزار روپے اور ۳۰۰؍ روپے پروسیسنگ فیس کے علاوہ ڈیڑھ لاکھ روپے سفرِحج خرچ کے ہیں۔یہ رقم کریڈٹ کارڈ / ڈیبٹ کارڈ/ نیٹ بینکنگ کا استعمال کرتے ہوئے https;//hajcommittee.gov.in یا حج سویدھا ایپ کے ذریعے اور بینک آف انڈیا یا یونین بینک کی کسی بھی شاخ میںحج کمیٹی کے کھاتے میں جمع کرائی جاسکتی ہے ۔

اسی طرح یہ بھی واضح کیا گیا ہےکہ مختصر مدت یعنی ۲۰؍روزہ حج کیلئے انتخاب ، ادائیگی کی رسید، مطلوبہ دستاویزات اوراس کے بعد کے مرحلے کے تعلق سے الگ سرکیولر مقررہ وقت پرجاری کیا جائےگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK