Inquilab Logo Happiest Places to Work

الہاس نگر: صفائی کیلئے مین ہول میں ملازم کو اتارنے پر شدید برہمی

Updated: August 01, 2026, 12:27 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Ulhasnagar

سپریم کورٹ اور مرکزی قوانین کی سختی کے باوجود انسانیت سوز واقعہ کیلئے ٹھیکیدار کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ۔

A sanitation worker prepares to descend into a manhole. Photo: INN
صفائی ملازم مین ہول میں اترنے کی تیاری میں۔ تصویر: آئی این این

سپریم کورٹ اور مرکزی قوانین کی سخت ہدایت کے باوجود ملک کے مختلف حصوں میں گٹر اور گندے نالوں کی ہاتھ سے صفائی جیسے غیر انسانی اور خطرناک کام کے سلسلے پر لگام نہیں لگ سکی ہے۔ ایسا ہی ایک  تشویشناک واقعہ الہاس نگر میونسپل کارپوریشن کے حد میں سامنے آیا ہے جہاں قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ایک صفائی ملازم کو بنا کسی حفاظتی تدبیر کے براہِ راست کھلے مین ہول میں اتار دیا گیا۔ اس واقعہ کے سامنے آتے ہی شہریوں اور مزدور لیڈروں میں شدید غصہ پایا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ایف ڈی اے کی کارروائیوں سے ریسٹورنٹ اور ہوٹل مالکان پریشان

تفصیلات کے مطابق، الہاس نگر کیمپ نمبر ۴؍میں واقع سمتا نگر میں سڑک کے بیچوں بیچ  ایک مین ہول کی صفائی کے لئے ایک ملازم کو زیرِ زمین گٹر میں اتارا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ زیرِ زمین گٹر میں اینٹیں، کنکر اور سیمنٹ جمع ہو جانے کی وجہ سے ملازم سے ہاتھوں سے صفائی کروائی گئی۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت کے قانون دی پروہیبیشن آف ایمپلائمنٹ ایز مینول اسکیوینجرز اینڈ دئیر ریہیبیلیٹیشن ایکٹ کے تحت کسی بھی انسان کو گٹر، مین ہول یا گندے نالے میں اتار کر ہاتھوں سے صفائی کروانا ایک سنگین اور قابل تعزیر جرم ہے۔ اس کے باوجود الہاس نگر میونسپل کارپوریشن کے ٹھیکیدار نے قانونی احکامات کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے غریب مزدور کی زندگی کو شدید خطرے میں ڈالا۔ یہ قدم نہ صرف آئینی حقوق کی پامالی ہے بلکہ مزدوروں کی تحفظ کے تمام تر دعوؤں کا کھلم کھلا مذاق ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’پانچ سال میں گھر بنا، چند منٹوں میں ملبہ‘‘

اس افسوسناک معاملے کا سنگین نوٹس لیتے ہوئے سواراجیہ سنگھٹنا کے رکن جے گائیکواڑ نے الہاس نگر میونسپل کمشنر کو ایک تحریری شکایت دی ہے جس میں انہوں نےمتعلقہ ٹھیکیدار اور لاپروا افسران کے خلاف فوری طور پر  کیس درج کرنے نیز قصورواروں کے خلاف سخت ترین انتظامی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں مستقبل میں شہر کے تمام چھوٹے بڑے نالوں اور مین ہول کی صفائی کیلئے صرف جدید ترین مشینری کا استعمال لازمی بنایا جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK