Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان، ڈومبیولی، امبرناتھ، الہاس نگر اور بدلاپور میں موسلا دھار بارش

Updated: July 02, 2026, 11:44 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan

سڑکیں تالاب میں تبدیل، ٹریفک نظام درہم برہم، معمولات زندگی متاثر، نشیبی علاقوں میں ہزاروں افراد کے گھروں میں بارش کا پانی داخل۔

Dozens of vehicles were trapped in the water as the water level suddenly rose on the highway. Photo: INN
ہائی وے پر پانی کی سطح اچانک بلند ہونے سے درجنوں گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں۔ تصویر: آئی این این

منگل کی شب سے شروع ہونے والی موسلا دھار بارش نے کلیان، ڈومبیولی اور مضافاتی علاقوں میں معمولات زندگی کو بری طرح مفلوج کر دیا۔اس بارش نے میونسپل انتظامیہ کے برسات سے متعلق تیاریوں کے تمام دعوؤں کی قلعی کھول دی جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے ہزاروں افراد کے گھروں میں بارش کا پانی داخل ہو گیا۔سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔مسلسل بارش کے باعث کلیان-شیل پھاٹا روڈ مکمل طور پر زیر آب آ گیا جس کے نتیجے میں ڈومبیولی سے نوی ممبئی جانے والی اہم شاہراہ پر دن بھر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہیں اور ٹریفک کی رفتار انتہائی سست رہی۔متعدد مقامات پر گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں جبکہ شہریوں کو اپنی منزل تک پہنچنے کے لئے گھنٹوں انتظار کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھئے: جولائی کے پہلے ہی دن ممبئی میں موسلا دھار بارش، معمولات زندگی متاثر

شدید بارش کے باعث ڈومبیولی کے سائی نگر، کلیان مشرق کے آڈولی۔ڈھوکلی اور کلیان مغرب کے اہلیابائی چوک میں صبح ہی سے کئی فٹ پانی جمع ہو گیا تھا۔دوپہر تک صورتحال مزید سنگین ہو گئی جب کلیان-شیل پھاٹا روڈ پر واقع سونار پاڑہ اور کٹائی بدلاپور روڈ پر سیلابی پانی سڑک  پر۳ ؍سے ۴ ؍فٹ تک جمع ہوگیا۔مسافروں کی حفاظت کے پیشِ نظر ٹریفک پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان سڑکوں کو آمد و رفت کے لئےبند کر دیا۔ ذرائع کے مطابق پانی کی تیز رفتار نکاسی کے لئے انتظامیہ کو تین مختلف مقامات پر پمپ لگانے پڑے۔شیل پھاٹا کےرہائشی علاقوں میں سیلابی پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہونے سے شہریوں کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا۔وہیں ہائی وے پر پانی کی سطح اچانک بلند ہونے سے درجنوں گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں اور کئی گاڑیاں مکمل طور پر زیرِ آب آ گئیں جس سے گاڑی مالکان کو بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔تیز ہواؤں اور مسلسل بارش کے باعث ڈومبیولی اور امبرناتھ کے مختلف علاقوں میں بڑے بڑے درخت جڑوں کے ساتھ اکھڑ کر سڑکوں پر آ گرے۔اس کے نتیجے میں کئی مقامات پر ٹریفک متاثر ہوئی جبکہ بجلی کی فراہمی بھی جزوی طور پر معطل ہو گئی۔ ایم آئی ڈی سی کے صنعتی علاقے میں شدید بارش کے باعث پہلے ہی ٹریفک جام کی صورتحال تھی۔اسی دوران دو بڑے اسکولوں میں بیک وقت چھٹی ہونے سے ہزاروں طلبہ اور ان کے والدین سڑکوں پر پھنس گئے۔ گاڑیوں کے اژدہام اور پانی کے تیز بہاؤ کے باعث کچھ دیر کے لئے بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہو گئی تھی  لیکن خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور امدادی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حالات کو قابو میں کر لیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK