ایک صارف بھیجے گئے لنک پر کلک کرنے کے بعدتفصیلات فراہم کرکے ایک لاکھ روپے گنوابیٹھا۔ بینک اور پولیس نے ہوشیار رہنے کی اپیل کی ۔
مہانگرگیس ایجنٹ کے نام سے اس طرح میسیج بھیجا گیا تھا- تصویر:آئی این این
مہا نگرگیس پائپ لائن کا کنکشن منقطع کرنے کا میسیج بھیج کر ٹھگنے کے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ اس کی تصدیق ایک پرائیویٹ بینک اور پولیس نے کی ہے۔
ممبرا کے ایک متاثرہ نے اس بارے میں بتایا کہ شاطر افراد خود کو مہانگر گیس ایجنٹ بتا کر وہاٹس ایپ پر پیغام بھیجتے ہیں جس میں کہا جاتا ہے کہ اگر آپ نے آج بل نہیں ادا کیا تو آپ کی گیس سپلائی بند کر دی جائے گی۔ یہ پیغام پڑ ھ کر جب کوئی صارف فون کرتا ہے یا وہ شاطر شخص صارف کو فون کر تا ہے اور بتانا ہے کہ فوری طور پر آن لائن رقم ادا کرے۔ یہ کہتے ہوئے صارف کو وہاٹس ایپ پر ’ مہانگر گیس بل اپڈیٹ‘ نام سے ایک ’ اے پی کے‘ فائل بھیجتا ہے اور اسے ڈاؤن لوڈ کرنےکو کہتا ہے۔ اس کے بعد جب صارف اس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کر لیتا تو اس کے سامنے اسکرین کھل جاتی ہے جس پر شاطر شخص صارف کو اس کاڈیبٹ/کریڈٹ کارڈ نمبر اور دیگر تفصیل ڈالنے کہتا ہے۔یہ تفصیل ڈالنے کے بعد صارف کا ای میل ایڈریس اور والدہ کا نام ( جو عموماً بینک کے ملازمین صارف کے کھاتے کی تصدیق کیلئے پوچھتے ہیں) وہ پوچھتا ہے اوراسی دورا ن صارف کے بینک کھاتے سے رقم نکالنے کا پروگرام بھی شروع ہو جاتا ہے۔ ابھی صارف اسی فون کال میں الجھا رہتا ہےکہ اس کے کھاتے سے رقم نکلنا شروع ہو جاتی ہے۔‘‘
ایک پرائیویٹ بینک کے افسر نے بتایاکہ ’’چند دنوں سے مہا نگر گیس کنکشن منقطع کرنے کے بہانے ٹھگے جانے کی کئی شکایتیں موصول ہوئی ہیں اور ایک صارف کا تو ایک لاکھ روپے نکال لیاگیاہے۔‘‘ ایک صارف کے کھاتے سے ۴۷؍ ہزار روپے نکالنے کی کوشش کی گئی لیکن اس نے بینک میں فوری شکایت کر کے اسے رکوا نے میں کامیابی حاصل کی۔
ممبئی کے ایک پولیس افسر نے بھی اس کی تصدیق کی ہے کہ ممبئی کےمتعدد علاقوں میں اس طرح کی دھوکہ بازی ہوئی ہے۔ اس لئے پولیس نے شہریوں سےاپیل کی ہےکہ کسی اجنبی شخص کے ذریعے وہاٹس ایپ پر بھیجے گئے پیغام کو نہ توکھولیں اور نہ ہی کوئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔ ایسا کرنے سے آپ کا فون ہیک ہو سکتا ہے اور آپ کی محنت سے کمائی ہوئی رقم چند منٹوں میں شاطر افراد کے کھاتے میں منتقل ہو سکتی ہے۔