Updated: June 22, 2026, 9:56 PM IST
| London
ڈیموکریسی پرسیپشن انڈیکس۲۰۲۶ء کے تازہ سروے میں دنیا کے مختلف ممالک کے بارے میں عوامی تاثرات کی بنیاد پر خوش اخلاقی اور پسندیدگی کی درجہ بندی جاری کی گئی ہے۔ سروے کے نتائج کے مطابق سوئزرلینڈ اور کنیڈا سرفہرست رہے، جبکہ ہندوستان سمیت کئی ممالک کو منفی اسکور کا سامنا کرنا پڑا۔
سوئس لوگ شائستگی اور احترام کیلئے مشہور ہیں۔ تصویر: آئی این این
دنیا کے سب سے دوستانہ ممالک ممالک کے بارے میں ایک سروے جاری کیا گیا ہے۔ یہ اعداد و شمار ڈیموکریسی پرسیپشن انڈیکس ۲۰۲۶ءکی جانب سے جاری کئے گئے جس میں ۸۵؍ ممالک کے۴۶؍ ہزار سے زائد افراد سے رائے لی گئی۔ ہندوستان ٹاپ۱۰؍ میں کہیں نظر نہیں آتا جبکہ پہلے نمبر پر آنے والا ملک کوئی حیران کن بات نہیں۔ تاہم، ’’اچھا‘‘ یا ’’خوش اخلاق‘‘ ہونا ایک ذاتی تصور ہے اور ہر شخص کیلئے اس کے معیار مختلف ہو سکتے ہیں۔ سروے کے مطابق دنیا کے سب سے خوش اخلاق ممالک کی فہرست درج ذیل ہے:
سوئزرلینڈ اور کنیڈا سرفہرست
سوئزرلینڈ اور کنیڈا عالمی درجہ بندی میں مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر ہیں جن کا نیٹ پرسیپشن اسکور پلس۳۶؍ ہے۔ سوئس لوگ شائستگی اور احترام کیلئے مشہور ہیں۔ اگرچہ وہ بظاہر کچھ حد تک محتاط یا سنجیدہ نظر آتے ہیں لیکن مہمان نواز ہوتے ہیں۔ کنیڈین باشندوں کو بھی دنیا کے سب سے خوش اخلاق لوگوں میں شمار کیا جاتا ہے، اگرچہ مقامی افراد کے مطابق چھوٹے شہروں اور بڑے شہروں کے تجربات مختلف ہو سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: الجزیرہ نے غزہ میں اسرائیلی حملے میں کیمرہ مین کی شہادت کے بعد عالمی برادری سے احتساب کا مطالبہ کیا
جاپان دوسرے نمبر پر
جاپان پلس۳۴؍کے نیٹ پرسیپشن اسکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ جاپانی ثقافت میں اوموتے ناشی (Omotenashi) یعنی مہمان نوازی کا تصور بہت اہم ہے، جو مہمانوں کی ضروریات کو پہلے سے سمجھنے اور ان کا خلوص دل سے خیال رکھنے پر مبنی ہے۔
سویڈن
سویڈن پلس ۳۳؍ کے اسکور کے ساتھ قریب ہی موجود ہے۔ سویڈش لوگ اپنی شائستگی کیلئےمشہور ہیں، اور یہ ملک مسلسل دنیا کے خوش ترین ممالک میں شمار ہوتا ہے۔
اٹلی اور ناروے
اٹلی اور ناروے پلس ۳۲؍کے اسکور کے ساتھ اگلے نمبر پر ہیں۔ ٹاپ۱۵؍ ممالک میں سے دو تہائی سے زیادہ یورپ میں واقع ہیں۔ اطالوی لوگ اپنی مہمان نوازی، کھانے کے ذریعے تعلقات بنانے اور مقامی ثقافت پر فخر کرنے کیلئےمعروف ہیں۔ ناروے دنیا کے خوش ترین ممالک میں سے ایک سمجھا جاتا ہے اور وہاں کے لوگ اپنی خوش مزاجی دوسروں تک بھی منتقل کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: پاکستان میں آبی بحران: سندھ طاس معاہدے پر وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے ہندوستان کو جنگ کی دھمکی دی
اسپین
اسپین پلس ۳۱؍کے نیٹ پرسیپشن اسکور کے ساتھ اس فہرست میں شامل ہے۔ ہسپانوی لوگ گرم جوش، جذباتی اور ملنسار سمجھے جاتے ہیں۔ وہ اجنبیوں سے بھی جلد گھل مل جاتے ہیں اور سیاحوں کے ساتھ دوستانہ رویہ رکھتے ہیں۔
آسٹریلیا، ڈنمارک، نیوزی لینڈ اور فن لینڈ
آسٹریلیا، ڈنمارک، نیوزی لینڈ اور فن لینڈ سب پلس ۳۰؍ کے اسکور کے ساتھ مشترکہ مقام پر ہیں۔
ہندوستان کا اسکور منفی رہا
ہندوستان تقریباً۲۸؍ویں نمبر پر ہے اور اس کا نیٹ پرسیپشن اسکور منفی۲؍رہا۔ سروے میں اس کم اسکور کی کوئی مخصوص وجہ بیان نہیں کی گئی۔ ہندوستانی ثقافت میں ’’وسودھیو کٹمبکم‘‘ (Vasudhaiva Kutumbakam) کا تصور پایا جاتا ہے جس کا مطلب ہے ’’ساری دنیا ایک خاندان ہے۔ ‘‘ یہ سروے صرف۴۶؍ ہزار افراد کی رائے پر مبنی ہے اور ضروری نہیں کہ۱ء۴؍ ارب آبادی والے ملک کی مکمل تصویر پیش کرتا ہو۔ تاہم، ہر شخص کے تجربات مختلف ہوتے ہیں۔ ممکن ہے کہ اجنبیوں کے ساتھ رسمی خوش اخلاقی کا کم رواج اس درجہ بندی پر اثر انداز ہوا ہو۔
یہ بھی پڑھئے: منگلور میں نیا ہنگامی تیل ذخیرہ قائم کرنے کا فیصلہ
دیگر ممالک جن کے اسکور منفی رہے
منفی اسکور حاصل کرنے والے دیگر ممالک میں :
سعودی عرب(منفی۱)
کولمبیا (منفی ۲)
یمن (منفی۳)
بنگلہ دیش (منفی۳)
لبنان (منفی ۳)
کیوبا (منفی۳)
نائیجیریا (منفی ۳)
وینزویلا(منفی ۵)
میانمار (منفی ۵)
بیلاروس (منفی۵)
پاکستان (منفی۵)
جبکہ ر وس اس سے بھی نیچے منفی ۱۱؍ کے اسکور کے ساتھ موجود ہے۔ واضح رہے کہ یہ درجہ بندی عالمی رائے عامہ کی عکاسی کرتی ہے، لیکن کسی ملک کے لوگوں کی حقیقی مہمان نوازی اور اخلاق کا مکمل پیمانہ نہیں سمجھی جا سکتی۔