ایک روز قبل ہی روہت پوار نے دعویٰ کیا تھا کہ این سی پی (اجیت) کے کچھ لوگ بی جے پی میں تو کچھ شندے گروپ میں شامل ہوں گے۔
EPAPER
Updated: May 15, 2026, 11:25 AM IST | Mumbai
ایک روز قبل ہی روہت پوار نے دعویٰ کیا تھا کہ این سی پی (اجیت) کے کچھ لوگ بی جے پی میں تو کچھ شندے گروپ میں شامل ہوں گے۔
این سی پی (اجیت) میں ان دنوں سب کچھ ٹھیک نظر نہیں آ رہا ہے۔ حال ہی میں پارٹی سربراہ اور نائب وزیر اعلیٰ سونیترا پوار نے الیکشن کمیشن کو لکھے خط میں ورکنگ کمیٹی کے اراکین کی جو فہرست بھیجی ہے اس میں چھگن بھجبل ، سنیل تٹکرے اور پرفل پٹیل جیسے سینئر لیڈران کا نام نہیں ہے۔ اسی دوران بدھ کے روز این سی پی کے رکن پارلیمان سنیل تٹکرے نے این سی پی (شرد) کے سربراہ شرد پوار سے ملاقات کی۔ ان سارے معاملات پر شرد پوار کی پارٹی کے رکن اسمبلی روہت پوار نے دعویٰ کیا ہے کہ سنیل تٹکرے اور پرفل پٹیل ۲۲؍ اراکین اسمبلی کو لے کر بی جے پی میں شامل ہونے والے ہیں۔ ان کے اس دعوے سے مچی ہلچل کم بھی نہیں ہوئی تھی کہ جمعرات کو این سی پی کے سابق رکن اسمبلی آنند پرانجپے نے پارٹی چھوڑ دی۔
یہ بھی پڑھئے: بیسٹ کی ۴؍ بسیں ٹکرا گئیں، کنڈکٹر کی موت
یاد رہے کہ ایک روز قبل سنیل تٹکرے نے اپنے پرانے سربراہ شرد پوار سے ملاقات کی تھی جس سے سیاسی حلقوں میںچہ میگوئیاں ہونے لگیں۔ حالانکہ تٹکرے نےکہا کہ’’ شرد پوار کئی دنوں سے علیل تھے اس لئے ان کی عیادت کیلئے میں ان کے گھر گیا تھا۔ ‘‘ لیکن اسی دوران شرد پوار کی پارٹی کے رکن اسمبلی روہت پوار نے دعویٰ کیا کہ سنیل تٹکرے اور پرفل پٹیل ۲۲؍اراکین اسمبلی کے ساتھ بی جے پی میں شامل ہوں گے اور آئندہ الیکشن اسی کے ٹکٹ پر لڑیں گے۔روہت کا کہنا ہے کہ کچھ اراکین ایکناتھ شندے کی پارٹی کے کے ساتھ جا سکتے ہیں۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روہت پوار نے کہا کہ’’ ماول کے رکن اسمبلی اب بی جے پی سے الیکشن لڑیں گے۔ روہت پوار نے طنزیہ انداز میں کہا’’ انہیں بھی اب سنیل تٹکرے کی طرح سلور چائے کا انتخاب کرنا چاہئے۔ ‘‘ یاد رہے کہ شرد پوار کے ممبئی میں واقع بنگلے کا نام ’سلور اوک‘ ہے ۔روہت کے طنز کے بعد سنیل تٹکرے نے ٹویٹ کرکے وضاحت پیش کی کہ وہ شرد پوار کی بیماری کے بعد ان کی عیادت کیلئے گئے تھے۔ شرد پوار ا ب ٹھیک ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ’’خواتین کا تحفظ اوران کا وقار بحال رکھنا حکومت کی اولین ذمہ داری‘‘
آنند پرانجپے کا استعفیٰ
بہت جلد روہت پوار کا دعویٰ درست ثابت ہوا جب جمعرات کو این سی پی کے سابق رکن پارلیمان آنند پرانجپے نے پارٹی سے استعفیٰ دیدیا ، کہا جا رہا ہے کہ وہ شیوسینا (شندے) میں شامل ہونے والے ہیں۔ یاد رہے کہ آنند پرانجپے اجیت پوار کی پارٹی کے تھانے صدر تھے اور اسمبلی الیکشن لڑنا چاہتے تھے مگر انہیں ٹکٹ نہیں ملا۔ ودھان پریشد الیکشن میںبھی انہیں نظر انداز کیا گیا۔ بالآخر انہوں نے استعفیٰ دیدیا۔ بنیادی طور پر پرانجپے کا تعلق شیوسینا ہی سے تھا وہ ۴؍ بار رکن پارلیمان رہ چکے شیوسینک پرکاش پرانجپے کے بیٹے ہیں۔