Inquilab Logo Happiest Places to Work

جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے حکومت سے مرکزی حج کمیٹی کی فوری تشکیل کا مطالبہ کیا

Updated: July 31, 2026, 2:56 PM IST | Mumbai

جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے نائب صدر مولانا عارف عمری نے مرکزی حج کمیٹی کی فوری تشکیل کا حکومت سے مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہےکہ حج کمیٹی کی تشکیل میں غیرمعمولی تاخیر حیرت انگیز اور سمجھ سے بالاتر ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے نائب صدر مولانا عارف عمری نے مرکزی حج کمیٹی کی فوری تشکیل کا حکومت سے مطالبہ کیا  ہے۔   ان کا کہنا ہےکہ حج کمیٹی کی تشکیل میں غیرمعمولی تاخیر حیرت انگیز اور سمجھ سے بالاتر ہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہورہا ہے کہ عازمین کے مسائل پرتوجہ نہیں دی جارہی ہے اور نہ ہی صحیح طریقے سے حج انتظامات کی نگرانی ہورہی ہے۔مولانا نےیہ بھی کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا ایک اہم قانونی اور انتظامی ادارہ ہے جس پر ملک کے لاکھوں عازمینِ حج کے مفادات کے تحفظ اور بہتر انتظامات کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ اس اہم ادارے کی تشکیل میں مسلسل تاخیر نہ صرف تشویشناک ہے بلکہ اس سے حج انتظامات کی شفافیت اور جوابدہی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: جلگاؤں سے ممبئی آنے والا خاندان واپسی میں حادثے کا شکار

مولانا عمری کے مطابق حج کمیٹی آف انڈیا عازمین سے سفرِحج سے کئی ماہ قبل انتظامات کے نام پر خرچ وصول کرتی ہےجیسا کہ اس دفعہ بھی اعلان کیا گیا ہے ، اس کے باوجود متعدد انتظامی شکایات سامنے آتی رہتی ہیں۔ انہوں نے مکہ مکرمہ میں حجاج کی رہائش گاہوں پر مطبخ کی سہولت ختم کئے جانے پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے کے نتیجے میں حجاج کو روزانہ کھانے کے حصول کیلئے باہر جانا اور طویل قطاروں میں کھڑے رہ کرانتظار کرنا پڑتا ہے جس سے خصوصاً بزرگ، خواتین اور بیمار عازمین کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’پروفیٹ فار آل‘ مہم کی تیاریاں شروع، اسلام جمخانہ میں میٹنگ

مولانا عارف عمری  نےکہاکہ اگر واقعی یہ پابندی سعودی حکومت کی ہدایات کے تحت نافذ کی گئی ہے جیسا کہ دعویٰ کیا جاتا ہے تو پرائیویٹ حج ٹور آپریٹروں کے لئے اس سے استثنا کی وجوہات بھی واضح کی جانی چاہئیں۔ بصورت دیگر حج کمیٹی کو متبادل کیٹرنگ سسٹم   شروع کرنے پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے جیسا کہ منیٰ میں اس پر عمل کیا جاتا ہے۔ہندوستانی مسلمان ہمیشہ حج کمیٹی سے بہتر، شفاف اور باوقار خدمات کی توقع رکھتے ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ مرکزی حج کمیٹی کی جلد از جلد تشکیل عمل میں لائی جائے، اس میں باصلاحیت، تجربہ کار اور عوامی مسائل سے واقف افراد کو نمائندگی دی جائے اور حج انتظامات کو مزید موثر، منظم اور جوابدہ بنایا جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK