Inquilab Logo Happiest Places to Work

جنتر منتر: ابھیجیت دِپکے کا طلبہ کی خودکشیوں پر حکومت سے جوابدہی کا مطالبہ

Updated: June 29, 2026, 8:00 PM IST | New Delhi

دہلی کے جنتر منتر پر کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) کا احتجاج دسویں روز میں داخل ہو گیا، جہاں بانی ابھیجیت دِپکے نے حالیہ طلبہ کی خودکشیوں کے متاثرہ خاندانوں سے حکومتی نمائندوں کی عدم ملاقات پر تنقید کرتے ہوئے جوابدہی کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب ماحولیاتی کارکن سونم وانگ چک کی غیر معینہ بھوک ہڑتال دوسرے روز بھی جاری رہی، جبکہ احتجاج میں طلبہ تنظیموں اور سول سوسائٹی کی شرکت برقرار ہے۔

Abhijeet Dipke protesting. Photo: INN
ابھیجیت دپکے احتجاج کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

دہلی کے جنتر منتر پر کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) کا احتجاج پیر کو دسویں دن میں داخل ہو گیا، جہاں تنظیم کے بانی ابھیجیت دِپکے نے حالیہ طلبہ کی خودکشیوں کے واقعات کو اجاگر کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے لیے حکومت کی جانب سے مبینہ عدم توجہی پر سخت تنقید کی۔ایکس پر جاری پوسٹس کی ایک سلسلے میں دِپکے نے پردیپ میگھوال، آکانشا چترویدی اور کاہان پٹیل سمیت متعدد طلبہ کے نام لیتے ہوئے کہا کہ ان کے اہل خانہ کو’’انصاف کی بھیک مانگنے‘‘ پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ ان کا الزام تھا کہ حکومت کا کوئی نمائندہ ان خاندانوں سے اظہارِ افسوس یا تعزیت کے لیے بھی نہیں پہنچا۔ دِپکے نے کہا کہ’’میں واقعی سمجھ نہیں پاتا کہ اقتدار میں بیٹھے لوگ نہ صرف اتنے لاتعلق بلکہ اتنے مغرور کیسے ہو سکتے ہیں کہ اپنے بچوں کو کھونے والے خاندانوں تک پہنچنے کی ضرورت بھی محسوس نہ کریں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: مولانا سلمان ندوی کے انتقال پر مشہور سماجی، سیاسی و مذہبی شخصیات کا اظہار تعزیت

انہوں نے مزید کہا کہ’’آپ ان کے بچوں کو واپس نہیں لا سکتے، لیکن کم از کم افسوس کا اظہار اور اہل خانہ سے معافی تو مانگ سکتے ہیں۔ کیا یہ مطالبہ بہت زیادہ ہے؟‘‘ دِپکے نے NEET کے امیدوار کاہان پٹیل کے والد کے ساتھ اپنی گفتگو کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی، جن کے بیٹے نے ۱۸؍ جون کو خودکشی کر لی تھی۔ کاہان پٹیل کے والد مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے اپنے تحفظات بیان کرنے کے لیے گجرات سے جنتر منتر پہنچے تھے۔ ویڈیو میں پٹیل کے والد نے کہا کہ ان کے بیٹے کی شخصیت کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے، جبکہ خاندان چاہتا ہے کہ لوگ حقیقت میں جان سکیں کہ وہ کون تھا۔
ادھر ماحولیاتی کارکن سونم وانگ چک، جو اپنی غیر معینہ بھوک ہڑتال کے دوسرے روز میں داخل ہو چکے ہیں، نے عوام سے اپیل کی کہ وہ چیف جسٹس اور لداخ سمیت مختلف عوامی مسائل کی حمایت میں ایک روزہ علامتی روزہ رکھ کر یکجہتی کا اظہار کریں۔ انہوں نے کہا کہ’’یہ چیف جسٹس اور لداخ کی حمایت میں میرے روزے کا دوسرا دن ہے۔ آپ بھی ہمارے ساتھ شامل ہو سکتے ہیں۔ اگر یہاں نہیں آ سکتے تو تعلیم، احتساب اور ماحولیات میں اصلاحات کے مطالبات کی حمایت میں ایک دن کا روزہ رکھیں۔ پورے ہندوستان کو ملک کو بہتر بنانے کے لیے متحد ہونا چاہیے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: خامنہ ای کی تدفین؛ ہندوستان کی نمائندگی جنرل سید عطا، پبیترا مارگریٹا کریںگے

سونم وانگ چک نے اتوار کو جنتر منتر پر اپنی غیر معینہ بھوک ہڑتال شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ امتحانی نظام میں مبینہ بے ضابطگیوں، جوابدہی اور لداخ سے متعلق اپنے مطالبات کے حق میں یہ قدم اٹھا رہے ہیں۔ بھوک ہڑتال شروع کرنے سے قبل وہ ابھیجیت دِپکے کے ساتھ راج گھاٹ گئے اور مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وانگ چک نے کہا کہ تعلیم گزشتہ چار دہائیوں سے ان کے لیے ایک بنیادی مسئلہ رہی ہے اور جب نوجوان اس نظام کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں تو وہ خاموش نہیں رہ سکتے۔ 
سی جے پی کا احتجاج امتحانی نظام میں مبینہ بے ضابطگیوں، خصوصاً NEET سے متعلق معاملات، پر مرکوز ہے۔ ابھیجیت دِپکے کا کہنا ہے کہ یہ تحریک صرف تعلیم تک محدود نہیں رہے گی بلکہ انتخابی شفافیت، احتساب اور انتخابی فہرستوں کی اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) جیسے دیگر معاملات کو بھی اپنے دائرہ کار میں شامل کرے گی۔ اسی سلسلے میں سی جے پی نے حال ہی میں ملک گیر’’پردھان گو بیک‘‘ مہم کا بھی آغاز کیا ہے، جس کے تحت مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے اور امتحانی نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ تنظیم نے طلبہ، اساتذہ، کسان تنظیموں اور سول سوسائٹی سے احتجاج میں شامل ہونے کی اپیل بھی کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سیشلز میں پی ایم مودی کو دیئےگئے اعزاز میں املے کی غلطیاں، کانگریس کی تنقید، ایوارڈ کی صداقت پر سوال

احتجاج میں طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی شرکت بھی جاری ہے۔ آل انڈیا اسٹوڈنٹس اسوسی ایشن (AISA) سے وابستہ چھ طلبہ مرکزی اسٹیج سے الگ پنڈال میں بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان میں AISA کی آل انڈیا صدر نیہا، جے این یو اسٹوڈنٹس یونین کے جوائنٹ سیکریٹری دانش، AISA اتر پردیش کے صدر منیش، دہلی یونیورسٹی کے نائب صدر دیپک، بارک ہاسٹل جے این یو کے صدر ہریشی کیش اور امین شامل ہیں۔ اتوار کی شب ابھیجیت دِپکے نے الزام لگایا کہ دہلی پولیس نے سونم وانگ چک کے لیے پورٹیبل بیت الخلا کی سہولت فراہم کرنے سے انکار کر دیا، جبکہ جنتر منتر کے عوامی بیت الخلاؤں میں پانی کی فراہمی بھی موجود نہیں تھی۔ پولیس کی جانب سے اس الزام پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ دِپکے نے ایک ایسے شخص کا ریلوے ٹکٹ بھی شیئر کیا جو بہار سے احتجاج میں شرکت کے لیے دہلی پہنچا تھا، اور اسے ملک بھر سے ملنے والی عوامی حمایت کی مثال قرار دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK