Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان: نلوں میں آلودہ پانی کی سپلائی، وبائی امراض کا خطرہ

Updated: April 26, 2026, 12:00 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Mumbai

مسلم اکثریتی علاقوں میں پچھلے کئی دنوں سے نلوں کے ذریعے فراہم کئے جانے والے آلودہ اور بدبودار پانی نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔

Residents show contaminated water supplied through taps. Photo: INN
مکین نلوں کے ذریعے سپلائی ہونے والاآلودہ پانی دکھا رہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

مسلم اکثریتی علاقوں میں پچھلے کئی دنوں سے نلوں کے ذریعے فراہم کئے جانے والے آلودہ اور بدبودار پانی نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی اور گندے پانی کی مسلسل سپلائی کی وجہ سے جہاں ایک طرف شہری شدید ذہنی و جسمانی پریشانی کا شکار ہیں وہیں دوسری جانب علاقے میں وبائی امراض پھوٹ پڑنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: پائیدھونی: ۲؍ سگے بھائی لاپتہ، والدین کا برا حال

تفصیلات کے مطابق قدوائی روڈ سے متصل قریشی چال، آزاد فرید چال، والنج چال اور غوثیہ مسجد کے اطراف گزشتہ ایک ماہ سے نلوں میں آلودہ پانی آرہا ہے پچھلے ہفتے کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) کی جنرل باڈی میٹنگ میں بھی عوامی نمائندوں نے اس مسئلے کو شدت سے اٹھایا تھا جس پر متعلقہ محکمہ کی جانب سے جلد از جلد مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی اس کے باوجود مذکورہ علاقوں میں اب تک آلودہ پانی کی سپلائی جاری ہے۔ مقامی مکین یونس باغبان نے بتایا کہ نلوں سے آنے والا پانی نہ صرف گدلا ہے بلکہ اس میں سے شدید تعفن بھی اٹھ رہا ہے جس سے بظاہر یہ محسوس ہوتا ہے کہ پانی کی پائپ لائن میں گٹر کا پانی شامل ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کے باعث علاقے کے لوگ شدید پریشانی میں مبتلا ہیں اور پینے کے صاف پانی کے لئے متبادل انتظام کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ایک اور مکین عبدالرزاق تنبولی کے مطابق اس طرح کے آلودہ پانی کے استعمال سے ہیضہ، ٹائیفائیڈ اور پیٹ کی دیگر سنگین بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً۱۰؍ روز قبل کے ڈی ایم سی کے محکمہ آب میں باقاعدہ تحریری شکایت بھی درج کرائی گئی تھی مگر اب تک مسئلے کا کوئی مؤثر حل سامنے نہیں آیا۔

یہ بھی پڑھئے: ’’مراٹھی سیکھنے کی بجائے ہڑتال کی دھمکی ناقابل قبول‘‘

اس سلسلے میں نمائندۂ انقلاب نے کے ڈی ایم سی کے محکمہ آب کے ایگزیکٹو انجینئر مہیش ڈاورے سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں سڑکوں کی کھدائی کے دوران بعض مقامات پر پانی سپلائی کرنے والی پائپ لائنوں کو نقصان پہنچا ہے جس کے باعث نلوں میں آلودہ پانی آنے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ محکمہ کے اہلکار متاثرہ علاقوں میں خراب پائپ لائنوں کی مرمت کےلئے تیزی سے کام کر رہے ہیں اور جلد ہی پانی کی سپلائی معمول پر لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK