Inquilab Logo Happiest Places to Work

کے ای ایم اسپتال کا نام تبدیل کرنے کی پُرزور مخالفت

Updated: April 26, 2026, 10:21 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

کے ای ایم مارڈز نے اسپتا ل کے نام کی تبدیلی کو افسوسناک اور ناقابل قبول قرار دیا، شہری انتظامیہ سے اس سے متعلق تجویز کو مسترد کرنے کی اپیل۔

The entrance to the King Edward Memorial (KEM) Hospital in Parel. (File photo)
پریل میں واقع کنگ ایڈورڈ میموریل (کے ای ایم) اسپتال کا داخلی دروازہ۔ (فائل فوٹو)

کنگ ایڈورڈ میموریل (کے ای ایم )اسپتا ل کے مہاراشٹر ایسوسی ایشن آف ریسیڈنٹ ڈاکٹرز ( مارڈز) نے تاریخی اسپتال کے مجوزہ نام کی تبدیلی کی سختی سے مخالفت کی ہے اور اس اقدام کو انتہائی مایوس کن اور ناقابل قبول قرار دیا ہے ۔اس ضمن میں کےای ایم مارڈ زنے ایک مکتوب جاری کیاہے جس میں اس بات پر زور دیا ہے کہ یہ صرف ایک اسپتال نہیں بلکہ ایسا طبی ادارہ ہے جو علمی ،طبی اور عوامی اہمیت کا حامل ہے ۔ اس لئے اس کے نام کو کسی بھی صورت میں تبدیل نہیں کرنا چاہئے ۔

واضح رہے کہ ریاستی وزیر منگل پربھات لودھا نے بی ایم سی ہیلتھ کمیٹی سے کنگ ایڈورڈ میموریل اسپتال کے نام کوتبدیل کر کے کوشلیہ شریسٹھا ایکلویہ میموریل اسپتال رکھنے کی تجویز پیش کی تھی ۔ہیلتھ کمیٹی نے جمعہ ۲۴؍اپریل کو اس تجویز کو منظور کر کے میونسپل کمشنر کی معرفت بی ایم سی ایڈمنسٹریٹیو ڈپارٹمنٹ میں منظوری کیلئے بھیج دی ہے۔ اگرچہ کے ای ایم اسپتال کا نام تبدیل کر کے کوشلیہ شریسٹھا ایکلویہ میموریل اسپتال رکھنے کی تجویز ہے لیکن نام تبدیل کرنے کی تجویزمیں اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے کہ اس کا مخفف وہی کے ای ایم رہے ۔

یہ بھی پڑھئے: ورلی مورچہ میں شریک وزراء اور لیڈروں کے خلاف بھی مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ

’کے ای ایم‘ نام سے اس کی عالمی ساکھ جڑی ہے 

اسپتال کی عالمی ساکھ کا حوالہ دیتے ہوئےمارڈز نے کہا ہے کہ ’کے ای ایم ‘ یہ نام دہا ئیوں کے اعتماد، خدمت اور عمدگی کا ترجمان ہےجسے محفوظ رکھنا چاہئے ۔ ہمارا مشورہ ہے کہ اگر حکام اس اسپتال کے تعلق سے صحت کی دیکھ بھال کی ایک نئی شناخت قائم کرنا چاہتے ہیں تو انہیں اسپتال کا نام تبدیل کرنے کے بجائے مریضوں اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں، دونوں کیلئے بہتر انفراسٹرکچر اور سہولیات کے ساتھ ایک نیا، جدید اسپتال بنانے میں سرمایہ کاری کرنی چاہئے ۔کے ای ایم مارڈزکےمطابق ’’یہ تاریخی اسپتال کئی دہائیوں سے ، صحت عامہ، طبی تعلیم اور مریضوں کی خدمت کے معاملہ میں بہترین کارکردگی پیش کر رہا ہے ۔ یہاں کے  ڈاکٹروں ، طلبہ، سابق طلبہ اور عملے کیلئے اس تاریخی اسپتال کے نام سے وابستگی بڑی اہمیت رکھتی ہے ۔ اس طرح کے معروف ادارے کے نام کو تبدیل کرنے کےکسی بھی تجویز کو پیش کرنے سے پہلے یہاں کے ذمہ داران اور ڈاکٹروں سے مشورہ کرنا چاہئے تھا -

مذکورہ تنظیم نے اس تعلق سے مزید دلیل پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ اسپتال کا نام تبدیل کرنے سے یہاں کے موجودہ مسائل اور چیلنجوں کو حل نہیں کیا جاسکتا ہے ۔اسپتال کا ہوسٹل ناکافی انفراسٹریکچر ،لفٹ کی بار بار خرابی اور غیر قانونی وظیفہ کی تقسیم جیسے مسائل سے جوجھ رہا ہے ۔ ایسے وقت میں جب ان مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ ایسےمیں علامتی تبدیلیوں کے بجائے صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مضبوط اور کام کے حالات کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز ہونی چاہئے لیکن اس کے بجائے اسپتال کی قدیم شناخت یعنی اس کے نام کو تبدیل کرنے پر غورکیاجارہاہے۔‘‘کے ای ایم مارڈ ز نے شہری انتظامیہ سے کے ای ایم اسپتال کا نام تبدیل کرنے کی تجویز کو مسترد کرنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ اس کی بجائے بامعنی اصلاحات کو ترجیح دی جائےجو مریضوں کی دیکھ بھال اور ڈاکٹروں کی فلاح و بہبود کوبہتر بنائیں ۔

یہ بھی پڑھئے: حافظ سیّد زید صادق کی’جے ای ای مینس‘ میں نمایاں کامیابی

کے ای ایم اسپتال کی مختصر تاریخ 

کنگ ایڈورڈ میموریل اسپتال(کے ای ایم) اور سیٹھ گوردھنداس سندرداس میڈیکل کالج ہندوستان کے معروف میڈیکل کالجوں اور اسپتالوں میں سے ایک ہے۔ ممبئی میں واقع  یہ اسپتال ۱۹۲۶ء میں قائم کیا گیا تھا ۔ یہ مہاراشٹر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر انتظام چلایا جاتا ہے۔  یہاں تقریباً۲؍ ہزار طلبہ کو انڈرگریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور خصوصی طبی کورسیز میں تربیت دی جاتی ہے۔ طلبہ کو مختلف شعبوں میں تحقیق اور ڈپلوما پروگرام کرنے کے بھی مواقع ملتے ہیں۔انسٹی ٹیوٹ میں ایک نرسنگ اسکول بھی ہے۔کالج میں اس وقت تقریباً۳۹۰؍ اسٹاف ڈاکٹرز اور۵۵۰؍ ریسیڈنٹ ڈاکٹر ملازم  ہیں اور تقریباً۱۸۰۰؍ بیڈز ہیں۔ اسپتال  میں سالانہ تقریباً۱ء۸؍ ملین(۱۸؍لاکھ) اوپی ڈی مریضوں  کا(جنہیں اسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت نہیں) علاج ہوتاہے اور۸۵؍ ہزار ایسے مریضوں کا علاج ہوتا ہے جو اسپتال میں ایڈمٹ ہوتے ہیں۔ یہ ادویات اور سرجری کے تمام شعبوں میں بنیادی دیکھ بھال اور جدید علاج کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ 

برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کا امدادیافتہ یہ ادارہ معاشرہ کے پسماندہ طبقات کو مفت خدمات فراہم کرتا ہے۔۳؍ مئی ۲۰۲۰ء کو ہندوستانی فضائیہ کے ہیلی کاپٹروں نے کووڈ کے دوران اسپتال  کے ڈاکٹروں اور دیگر اسٹاف  پر ان کی خدمات کے اعتراف میںپھولوں کی بارش کی تھی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK