کمشنر کےمطابق ایف ڈی اے مریضوں کی صحت سے متعلق کسی بھی قسم کی غفلت یا قواعد کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گا۔
EPAPER
Updated: June 29, 2026, 12:19 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
کمشنر کےمطابق ایف ڈی اے مریضوں کی صحت سے متعلق کسی بھی قسم کی غفلت یا قواعد کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گا۔
ایف ڈی اے نے پروٹوکول کی خلاف ورزی اور خون جمع کرنے کی مہم کے دوران ریکارڈ برقرار رکھنے میں ناکامی، خون کی مصنوعات کا سراغ نہ لگانے، خون کی منتقلی کے افسران اور تکنیکی عملے کی غیر موجودگی، کوالیٹی کنٹرول ٹیسٹ کی کمی اور بائیو میڈیکل ویسٹ مینجمنٹ میں بے ضابطگی اور فضلہ کو ٹھکانے لگانے کے ضوابط پر عمل نہ کرنےکی وجہ سے سرجے جے مہانگر بلڈبینک اور بھیونڈی کے مایا بلڈبینک کا لائسنس اور ان کی کارگزاری معطل کر دی ہے ۔
ایف ڈی اے کے کمشنرتکارام منڈے کے مطابق’’خون ایک زندگی بچانے والی شے ہے اور اس کے جمع کرنے، پروسیسنگ اور تقسیم میں معیار، حفاظت اور شفافیت کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ ایف ڈی اے خون کے عطیہ دہندگان اور مریضوں کی صحت سے متعلق کسی بھی قسم کی غفلت یا قواعد کی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کرے گا ۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: پونے کا رہنے والا گرفتار ملزم ۱۵؍ ہزارافراد کو قتل کرنے کا ارادہ رکھتا تھا
واضح رہے کہ سرجے جے مہانگر بلڈ بینک ۲۰۰۸ء میں سر جے جے اسپتال کے احاطے میں قائم کیا گیا تھا۔ یہ اسٹیٹ بلڈ ٹرانسفیوژن کونسل (ایس بی ٹی سی) کے زیر نگرانی جاری ہے۔ ایف ڈی اےکے مطابق سرجے جے مہانگر بلڈبینک میں ۲۲؍سے ۲۴؍جون تک چھاپہ مارنے کے بعداس میں پائی جانے والی متعدد خامیوںاور کمیوں کی وجہ سے اس کا لائسنس اور اس کی کارگزاری ۲۴؍جون کو معطل کر دی گئی ۔
ایس بی ٹی سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سہاس موہنالکر کے بقول’’ سرجے جے مہانگر بلڈ بینک کا لائسنس اس وقت تک معطل رہے گا جب تک کہ وہ ضابطوں کی تعمیل نہیں کر تا۔‘‘
یہاں یہ بات ذہن نشین رہےکہ سر جے جے مہانگر بلڈ بینک ایک نجی سوسائٹی ٹرسٹ کے طور پر رجسٹرڈ ہے۔ ایف ڈی اے نے’ سینٹرل ڈرگ اسٹینڈرڈز کنٹرول آرگنائزیشن‘ (سی ڈی ایس سی او) کے ساتھ مشترکہ طور پر بلڈ بینک پر تین روزہ چھاپہ مارا۔اس دوران بلڈ بینک کے ذریعے خون کا ذخیرہ کرنے کے اصولوں کی خلاف ورزی کاانکشاف ہونے کے ساتھ مناسب درجہ حرارت برقرار نہ رکھنے، خون کے ذخیرے کو نجی ایجنسیوں کو سپلائی کرنے، مدت ختم ہونے والی خون کی مصنوعات کو سنبھالنے کے اصولوں کی خلاف ورزی، آلات خراب ہونے اور خون کے اجزاء کے مینوفیکچرنگ ڈپارٹمنٹ میں ضروری جراثیم کش کنٹرول کا فقدان پایا گیا۔ا س وجہ سے ایف ڈی اے نے جےجے مہانگر بلڈبینک کا لائسنس اور اس کی کارگزاری معطل کر دی ۔
یہ بھی پڑھئے: یکم جولائی سے بغیر ’ہائی سیکوریٹی نمبر پلیٹ‘ کی گاڑیوں پر جرمانہ عائد ہوگا
بھیونڈی کےبلڈ بینک پر کارروائی
ایف ڈی اے نے پروٹوکول کی خلاف ورزی اور خون جمع کرنے کی مہم کے دوران ریکارڈ برقرار رکھنے میں ناکامی پر بھیونڈی میں قائم مایا بلڈ بینک کا لائسنس اور آپریشنز بھی معطل کر دیئے ہیں۔واضح رہےکہ یہ کارروائی ایف ڈی اے کو بلڈ بینکوں میں مبینہ بدانتظامی اور مناسب ریکارڈ کی کمی کے بارے میں موصول ہونے والی شکایات کے بعد کی گئی۔