Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہفتے کے پہلے ہی دن لوکل ٹرین خدمات متاثر، مسافر بے حال

Updated: August 11, 2026, 10:58 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

ویسٹرن ریلوے میں صبح وسئی، گوریگائوں اور دادر اسٹیشنوں پر تکنیکی خرابی کے سبب ٹرینوں میں تاخیر ہوئی۔ سینٹرل ریلوے میں ملنڈ میں اوور ہیڈ کیبل پر تعمیراتی اشیاء گرنے سے آگ لگ گئی۔

The train is stopped at Jogeshwari station while distressed passengers are also seen. Picture: Satij Shinde
جوگیشوری اسٹیشن پر ٹرین رکی ہوئی ہے جبکہ پریشان حال مسافر بھی نظر آرہے ہیں۔ تصویر: ستیج شندے

 ہفتے کا پہلا ہی دن لوکل ٹرین کے مسافروں کیلئے آزمائش اور تکلیفوں بھرا ثابت ہوا کیونکہ صبح دفتر جانے کے اوقات میں تکنیکی خرابیوں کے سبب ویسٹرن ریلوے اور دوپہر کے وقت اوور ہیڈ وائر میں آگ لگنے کی وجہ سے سینٹرل لائن کی ٹرین خدمات متاثر ہوئیں۔ 

ویسٹرن ریلوے کی ٹرین خدمات متاثر

پیر کو دفتر جانے کے اوقات میں ٹرینوں میں تاخیر ہونے کے سبب ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں زبردست بھیڑ ہوگئی اور آدھے آدھے گھنٹے سے زیادہ دیر تک اسٹیشنوں سے دور ٹرینوں میں بیٹھ کر انتظار کے بعد کئی مسافر ٹریک پر اتر گئے اور پیدل چل کر اسٹیشن تک پہنچے۔ ان سب وجوہات کی بنا پر بڑی تعداد میں لوگ دفتروں میں تاخیر سے پہنچے تو کئی افراد کو شکایت رہی کہ دیر سے پہنچنے کی وجہ سے انہیں چھٹی کے بعد بھی دیر تک کام کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھئے: امیت شاہ بیان دینے کوتیار، کانگریس کی ۳؍ شرطیں

پیر کو دن کی سب سے پہلی تکنیکی خرابی ویسٹرن ریلوے پروسئی میں پیدا ہوئی۔ وسئی روڈ پر صبح ۴؍ بجکر ۴۶؍ منٹ پر دیوا کی ڈائون/اَپ فاسٹ لائن پر لائن فیلیئر کی شکایت ملی۔ اسے درست کرنے کیلئے ریلوے اسٹاف کو روانہ کیا گیا لیکن خرابی دورکرنے کے دوران اَپ فاسٹ لوکل ٹرین کو روکے رکھنا پڑا۔ اس کی وجہ سے پیچھے کی ٹرینیں بھی پھنسی رہیں۔ اس کے بعد ویسٹرن ریلوے پر دوسری خرابی دادر ریلوے اسٹیشن پر تقریباً ۱۰؍ بجکر ۱۰؍ منٹ پر نوٹ کی گئی۔ یہاں پوائنٹ ۱۴۴/۱۳۳؍ پر اَپ فاسٹ اور ڈائون لائن ’ریورس‘ سے ’نارمل‘ نہیں ہورہی تھی جس کی وجہ سے یہاں سے ٹرینوں کو گزارنے میں پریشانی ہوئی اور ٹرینیں تاخیر سے چلائی گئیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’’خواتین ریزرویشن۲۰۲۹ء سےنافذ ہوسکتا ہے، اسےحدبندی، مردم شماری سے جوڑنا غلط ہے‘‘

ہاربر لائن پر خرابی

تیسری مرتبہ صبح ۱۰؍ بجکر ۲۲؍ منٹ پر گوریگائوں پر ہاربر لائن پر ۱۲۸/۱۲۷؍ اور ۱۳۰/۱۲۹؍ اَپ اور ڈائون لائن پر پوائنٹ فیلیئر ہوگیا۔ اسےدرست کرنے میں بھی کافی وقت گزر گیا جس کی وجہ سے ٹرینیں معمول کے مقابلے کافی تاخیر سے چلائی گئیں۔ چونکہ یہ مسئلہ گوریگائوں میں ہاربر لائن پر ہوا تھا اس لئے سی ایس ایم ٹی سے ویسٹرن لائن پر آمدورفت کرنے والی ٹرینوں کے ساتھ مین لائن پر پنویل کیلئے جانے والی ٹرینیں بھی متاثر ہوئی تھیں۔ ریلوے افسران کا کہنا ہے کہ انہوں نے تمام مقامات پر مرمت کیلئے فوری طور پر اہلکار روانہ کردیئے تھے۔ تاہم مسافروں نے شکایت کی کہ دوپہر کے وقت ویسٹرن ریلوے پر ٹرینیں ۲۰؍ منٹ سے ۳۰؍منٹ تاخیر سے چل رہی تھیں۔ جنوبی ممبئی میں ویسٹرن ریلوے پر گرانٹ روڈ سے چرچ گیٹ اسٹیشنوں کے درمیان کئی لوکل ٹرینیں قطار میں کھڑی تھیں جس کی وجہ سے ٹرینوں کے پہنچنے اور روانگی میں تاخیر ہورہی تھی۔ 

یہ بھی پڑھئے: معروف شاعر گلزار کے یوم پیدائش پر ’گلزار واک ‘ کا اہتمام کیا جائے گا

مین لائن کی خدمات متاثر

سینٹرل لائن پر دوپہر تقریباً ۱۲؍ بجے ملنڈ اسٹیشن کے قریب اوور ہیڈ کیبل پر تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والا وائر گرگیا تھا جس کی وجہ سے اوور ہیڈ وائر میں آگ لگ گئی۔ اس حادثے کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدورفت مکمل طور پر بند کردی گئی تھی۔ تقریباً ۱۲؍ بجکر ۱۵؍ منٹ پر وائر کے ٹکڑے کو اوور ہیڈ کیبل سے ہٹایا جاسکا اور پھر آگ پر قابو پانے کے بعد ٹرین خدمات دوبارہ شروع ہوئیں۔ تاہم مسافروں نے شکایت کی کہ ریلوے اسٹیشنوں پر ٹرینوں میں تاخیر کے تعلق سے کوئی اعلان نہیں کیا جارہا تھا اس لئے مسافر لاعلم تھے کہ ٹرینیں کیوں بند ہیں اور ٹرینیں تاخیر سے شروع ہوئیں تو اس کی وجہ کیا تھی۔ اتوار کی چھٹی منانے کے بعد ماتھیران سے واپس آنے کیلئے نیرل اسٹیشن پہنچنے والے مسافر بھی پریشان تھے کیونکہ ٹرین میں تاخیر سے اسٹیشن پر کافی بھیڑ ہوگئی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK