انفرادی طور پر چھوٹے چھوٹے گروپوں میں شہر پہنچنے کا مشورہ دیا، خود ۱۲؍ ستمبر کو ممبئی کیلئے روانہ ہوں گے، فی الحال احتجاج کا مقام طے نہیں۔
EPAPER
Updated: September 01, 2026, 4:17 PM IST | ZA Khan | Jalna
انفرادی طور پر چھوٹے چھوٹے گروپوں میں شہر پہنچنے کا مشورہ دیا، خود ۱۲؍ ستمبر کو ممبئی کیلئے روانہ ہوں گے، فی الحال احتجاج کا مقام طے نہیں۔
مراٹھا کارکن منوج جرنگے کی انتروالی سراتی میں جاری بھوک ہڑتال کو ۳؍ دن ہو چکے ہیں۔ پیر کو جرنگے نے مراٹھوں کو ممبئی کوچ کرنے کی ہدایت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ مراٹھا سماج مختلف گروہوں کی شکل میں ۱۲؍ ستمبر تک ممبئی پہنچیں۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ تلقین بھی کی کہ وہ براہِ راست آزاد میدان نہ جائیں بلکہ خاموشی کے ساتھ ممبئی پہنچ کر اپنے رشتہ داروں، دوستوں یا جان پہچان والوں کے یہاں قیام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی میں مراٹھوں کی موجودگی کا کسی کو اندازہ نہیں ہونا چاہئے اور یہ سلسلہ آئندہ ۱۲؍ تاریخ تک جاری رکھا جائے۔
یہ بھی پڑھئے: مکہ معاہدہ: سعودی وزیر دفاع، پاکستانی آرمی چیف کا دفاعی تعاون پر تبادلۂ خیال
یاد رہے کہ منوج جرنگے نے ہپلے ہی اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے آبائی گائوں انترالی سراوتی میں بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے۔ اگر ان کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو وہ ممبئی پہنچیں گے اور آزاد میدان میں بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے۔ اب جبکہ ۳؍ دنوں تک بھوک ہڑتال پر بیٹھنے کے بعد بھی حکومت نے ان کی کوئی خبر نہیں لی تو انہوں نے ممبئی جانے کی تاریخ بتادی۔ جرنگے نے کہا ’’ اگر پولیس کارکنان کو حراست میں لیتی ہے تو کسی کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ بلا خوف پولیس اسٹیشن میں رہیں، وہاں قیام کی بھی سہولت ہو جائے گی، بعد میں میں دیکھوں گا کہ کن کن لوگوں کو اٹھایا گیا ہے۔‘‘ جر نگے نے کہا’’ میں کسی بھی صورت میں اپنی بھوک ہڑتال ختم نہیں کروں گا اور آخر میں ممبئی ضرور پہنچوں گا۔ جب مراٹھا ممبئی کے مختلف علاقوں میں پہنچ جائیں گے تو میں خود بتائوں گا کہ ان سب کو آزاد میدان، کسی اور میدان یا پھر وزیر اعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ ’ورشا‘ میں جمع ہونا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: راہل گاندھی کیخلاف ایف آئی آر پر کانگریس سخت برہم، ملک گیر مظاہرہ
جرنگے کی صحت گرنے لگی
اس دوران جرنگے کی صحت پر بھی تشویش ظاہر کی جا رہی ہے۔ وڈی گوڈری پرائمری ہیلتھ سینٹر کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شوبھم راٹھو اور ان کی ٹیم نے ان کا طبی معائنہ کیا، جس میں بلڈ شوگر کی سطح کم پائی گئی۔ ڈاکٹروں نے انہیں سَلائن لگانے کا مشورہ دیا، تاہم جرنگے نےانکار کر دیا۔ دوپہر اور شام کو پہنچنے والی طبی ٹیم کو بھی انہوں نے واپس بھیج دیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق اس وقت ان کا بلڈ پریشر، نبض اور آکسیجن کی سطح مستحکم ہے۔ منوج جرنگے کی بھوک ہڑتال کے پیش نظر حکومت بھی سرگرم نظر آ رہی ہے۔ مراٹھا ریزرویشن کے مسئلے کا حل تلاش کرنے کیلئے حکومت کا ایک وفد دوبارہ جر نگے سے ملاقات کر سکتا ہے۔
مختلف لیڈران کی جانب سے حمایت
ادھر انتروالی سراتی میں جرنگے کی حمایت کیلئے مراٹھا سماج کے لوگ بڑی تعداد میں پہنچ رہے ہیں۔جالنہ کے رکن پارلیمان کلیان کالے نے جرنگے سے ملاقات کرکے اپنی حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹیوار کیا کہتے ہیں، یہ ان کا معاملہ ہے، مگر وہ خود جرنگے کی حمایت کرتے ہیں۔ بیڑ کے رکن اسمبلی سندیپ شیرساگر نے بھی جرنگے سے ملاقات کی۔یشونت سنگھرش سینا کی جانب سے وڈی گوڈری سے انتروالی تک روایتی سازوں کے ساتھ ایک ریلی نکالی گئی، جس کے شرکاء نے جرنگے کو روایتی لاٹھی اور گھونگڑی پیش کرتے ہوئے اپنی حمایت کا اعلان کیا۔بھوک ہڑتال سے قبل رکن اسمبلی عبدالستار بھی ان سے مل کر گئے تھے۔