منترالیہ میں ایک سنگین سیکوریٹی خدشہ سامنے آیا ہے جہاں ’ڈی جی ایپ‘ کے ذریعے جاری کئے گئے تقریباً ۱۰؍ ہزار انٹری کارڈز غائب ہو گئے ہیں جس نے ریاست کے اہم انتظامی مرکز میں سیکوریٹی نظام پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔
EPAPER
Updated: April 03, 2026, 10:01 AM IST | Mumbai
منترالیہ میں ایک سنگین سیکوریٹی خدشہ سامنے آیا ہے جہاں ’ڈی جی ایپ‘ کے ذریعے جاری کئے گئے تقریباً ۱۰؍ ہزار انٹری کارڈز غائب ہو گئے ہیں جس نے ریاست کے اہم انتظامی مرکز میں سیکوریٹی نظام پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔
منترالیہ میں ایک سنگین سیکوریٹی خدشہ سامنے آیا ہے جہاں ’ڈی جی ایپ‘ کے ذریعے جاری کئے گئے تقریباً ۱۰؍ ہزار انٹری کارڈز غائب ہو گئے ہیں جس نے ریاست کے اہم انتظامی مرکز میں سیکوریٹی نظام پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔ سرکاری معلومات کے مطابق بڑی تعداد میں ایسے وزیٹرس سامنے آئے ہیں جو اپنا کام مکمل کرنے کے بعد انٹری کارڈز واپس کئے بغیر ہی باہر چلے گئے۔ جب ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ ہزاروں کارڈز واپس نہیںکئے گئے جس کے بعد انتظامیہ نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اسے ممکنہ سیکوریٹی خطرہ قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سفرِ حج مہنگا۔ ممبئی سے جانے والوں پر ۲۱؍ ہزار روپے کا اضافی بوجھ!
اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے وزیٹر مینجمنٹ کے ذمہ دار ٹھیکیدار ادارے کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایسے افراد سے رابطہ قائم کرے جنہوں نے کارڈ واپس نہیں کئے ہیں۔ دستیاب ڈیٹا کی مدد سے متعلقہ افراد کو فون کالز کے ذریعے کارڈ فوری واپس کرنے کی ہدایت دی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق اس ڈیٹا میں یہ تفصیلات بھی شامل ہیں کہ وزیٹر کس محکمہ میں داخل ہوا تھا اور اس کا مقصد کیا تھا جس سے ریکوری عمل میں مدد مل رہی ہے۔
انتظامیہ نے اس کوتاہی کے بعد سخت اقدامات بھی نافذ کر دیئے ہیں۔ اب ایسے افراد کو نیا انٹری پاس جاری نہیں کیا جائے گا جنہوں نے پہلے جاری شدہ کارڈ واپس نہیں کئے۔ اس اقدام کا مقصد غلط استعمال کو روکنا اور جوابدہی کو یقینی بنانا ہے۔ مزید برآں منترالیہ کے مرکزی دروازے پر ایک ’ریکوری باکس‘ نصب کیا گیا ہے جہاں تمام وزیٹرس کیلئے لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ باہر نکلتے وقت اپنے کارڈ جمع کرائیں تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات کو روکا جا سکے۔
یہ بھی پڑھئے: سونیترا پوار نے سنیل تٹکرے اور پرفل پٹیل کو عہدوں سے ہٹایا؟
حکام کے مطابق اب تک تقریباً ۳۰۰؍ کارڈز واپس حاصل کئے جا چکے ہیں، تاہم بڑی تعداد میں کارڈز اب بھی غائب ہیں جو سیکوریٹی کے حوالے سے تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ باقی کارڈز کی واپسی تک ریکوری مہم جاری رکھی جائے گی اور ساتھ ہی موجودہ نظام کا ازسرِ نو جائزہ لے کر مستقبل میں ایسی کوتاہیوں کو روکنے کیلئے مزید سخت اقدامات کئے جائیں گے۔