Inquilab Logo Happiest Places to Work

سفرِ حج مہنگا۔ ممبئی سے جانے والوں پر ۲۱؍ ہزار روپے کا اضافی بوجھ!

Updated: April 03, 2026, 9:43 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ممبئی سے فی عازم ہوائی جہاز کا کرایہ ۹۶؍ ہزار ۹۳۴؍روپے۔ آخری قسط جمع کرانے کی توسیع شدہ تاریخ ۶؍ اپریل ہے ۔عازمین کوبقیہ رقم جمع کرانے کی ہدایت۔

According to a circular from the Hajj Committee, pilgrims will soon have to confirm flight bookings online. (File photo)
حج کمیٹی کے سرکیولر کے مطابق عازمین کو جلد ہی فلائٹ بکنگ کی آن لائن تصدیق کرنی ہوگی۔ (فائل فوٹو)

امسال سفرِ حج مہنگا ہوگیا۔ ممبئی سے جانے والے عازمین پرگزشتہ سال کے مقابلے امسال ۲۱؍ہزار روپے کا اضافی بوجھ پڑا ہے۔ حیرت انگیز طور پراس دفعہ سب سے سستا سفرِحج احمدآباد سے ہورہا ہےجبکہ ہمیشہ سب سے کم خرچ ممبئی سے جانے والے عازمین کو دینا پڑتا تھا۔اس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ یہاں سے زیادہ عازمین روانہ ہوتے ہیں اور یہاں انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہےلیکن اس دفعہ صورتحال مختلف ہے۔ حالانکہ پہلے حج سستا ہونے کی رَٹ لگائی گئی تھی لیکن ہوا اس کے برعکس اورعازمین زیر بار ہوئے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ٹی ایم سی میں مجلس کے گروپ لیڈر نے ممبرا کے مسائل اٹھائے

ممبئی والوں کو ۶۲۹۵۰؍روپے مزیددینا ہوگا 

اب تک ممبئی اورپورے ملک سے جانے والے تمام عازمین دو قسطوں کی رقم ۲؍لاکھ ۷۷؍ ہزار ۳۰۰؍ روپے کئی ماہ قبل ہی جمع کراچکے ہیں ، اب آخری قسط انہیں ۶؍اپریل تک جمع کرانی ہے۔ ممبئی سے روانہ ہونے والے عازمین ِ حج کو آخری قسط کے طور پر ۶۲؍ہزار ۹۵۰؍ روپے فی عازم جمع کرانا ہے۔ اس طرح ممبئی سے روانہ ہونے والے فی عازم کا کل خرچ ۳؍لاکھ ۴۰؍ ہزار۲۵۰؍ روپے ہے جبکہ ۲۰۲۵ء میں ممبئی سے جانے والوں کو ۳؍لاکھ ۱۹؍ہزار ۶۰۰؍ روپے دینا پڑا تھا۔اس دفعہ حج کمیٹی آف ا نڈیا کے توسط سے ملک بھر سے ایک لاکھ ۲۲؍ ہزار ۵۰۰؍ عازمین حج بیت اللہ کے لئے روانہ ہوں گے۔ 

 آخری قسط ادا کرنے کا طریقہ،تصدیق اورانتباہ

مرکزی حج کمیٹی کے سی ای اوشہنواز سی کے مطابق تیسری قسط ۳۱؍مارچ تک جمع کرائی جانی تھی مگر ریاستی حج کمیٹیوں، مختلف تنظیموں اور افراد کی جانب سے حج رقم کی تیسری قسط جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کے لئےحج کمیٹی آف انڈیا سے درخواست کی گئی تھی اس لئے تیسری قسط جمع کرانے کی آخری تاریخ۶؍اپریل تک بڑھا دی گئی۔

آخری قسط کی ادائیگی سے پہلے عازمین کو متعلقہ سرکاری ویب سائٹ پر لاگ اِن کرکے یا حج سویدھا ایپ کے ذریعے ادائیگی رقم کی تصدیق کرنی ہوگی۔ ادائیگی کا چالان آن لائن بھی تیار کیا جا سکتا ہے۔بیلنس رقم درج ذیل طریقوں میں سے کسی ایک طریقے سے جمع کی جاسکتی ہے۔ کریڈٹ کارڈ/ڈیبٹ کارڈ/نیٹ بینکنگ کے ذریعے آن لائن ادائیگی حج کمیٹی کی ویب سائٹ یا حج سویدھا ایپ پر ای-ادائیگی کی سہولت کا استعمال کرتے ہوئے یا اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ میں مخصوص پے اِن سلپ کے ذریعے،حج کمیٹی پورٹل پر ہر کور کیلئے دستیاب منفرد بینک ریفرنس نمبر کا استعمال کرتے ہوئے- اسی طرح ڈپازٹ کی رسید پر منفرد بینک ریفرنس نمبر کا واضح طور پر ذکر ہونا چاہئے۔

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: ریکارڈ ٹیکس وصولی،۱۰۳ء۳۱؍کروڑ کا نیا سنگ ِ میل،سخت کارروائی رنگ لائی

حج کمیٹی کے سرکیولر کے مطابق عازمین کو جلد ہی اپنی فلائٹ بکنگ کی آن لائن تصدیق کرنی ہوگی۔ تاہم اس طرح کی تصدیق اس وقت تک ممکن نہیں ہوگی جب تک کہ بیلنس رقم پوری ادا نہ کی جائے۔ لہٰذا مندرجہ بالا آخری تاریخ پر سختی سے عمل کیا جائے۔اس کی وجہ یہ ہےکہ عازمین کو جلد ہی اپنی فلائٹ بکنگ کی آن لائن تصدیق کرنے کی ضرورت ہوگی۔ اس وجہ سے انہیں ادائیگی کے لئے مقررہ آخری تاریخ ۶؍اپریل۲۰۲۶ء کو ذہن میںرکھناچاہئے، ایسا نہ کرنے کی صورت میں وہ اپنی فلائٹ بکنگ کی تصدیق نہیں کر سکیں گے۔

قربانی کا نظم اب اپنے طور پر نہیں کیا جاسکتا 

سعودی حکومت کی ہدایت کےمطابق حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے اور ریاستی حج کمیٹیوں کی جانب سے عازمین کو متعدد مرتبہ یہ بتایا گیا کہ امسال سعودی حکومت نے قربانی کیلئے اپنےطورپر ہی نظم کیا ہے، حجاج کو اپنے طور پرقربانی کا فریضہ ادا کرنےکی سہولت ختم کردی گئی ہے۔ سعودی حکومت کی جانب سےجن اداروں کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے وہی یہ خدمت انجام دیں گے،اس کیلئے پورٹل پراندراج کرانا تھا۔ اسے شفافیت کا ذریعہ بتایا جارہا ہے۔ 

سب سے سستا اورسب سے مہنگا حج کہا ں سے؟ 

اس دفعہ سب سےسستا حج احمدآباد امبارکیشن پوائنٹ سے جانے والوں کا ہوگا، انہیں آخری قسط ۵۵؍ ہزار ۹۰۰؍ روپے دینی ہوگی جبکہ مجموعی خرچ ۳؍لاکھ ۳۳؍ہزار۲۰۰؍ روپے ہے۔ سب سے مہنگا سفرِ حج وجے واڑہ سے ہورہا ہے اور یہاں سےجانے والے عازمین کوکل خرچ ۴؍لاکھ ۹؍ ہزارروپے دیناہوگا، دوسرے نمبر پر سری نگرہے یہاں فی عازم کو۳؍ لاکھ ۹۱؍ ہزار ۶۰۰؍روپے دینا ہوگا۔ یہ بھی کم حیران کن نہیںہے کہ ممبئی سے فی عازم ہوائی جہاز کا کرایہ ۹۶؍ ہزار ۹۳۴؍روپے ،وجے واڑہ کا ایک لاکھ ۶۵؍ہزار ۷۰۹؍ روپے اورسری نگر کا ہوائی جہاز کا کرایہ ایک لاکھ ۴۸؍ہزار ۳۰۹؍ روپے ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کرلا اسٹیشن کےفٹ اووربریج پر چھت نہیں ،مسافروں اورطلبہ کوزبردست دقتوں کا سامنا

ٹوٹل خرچ کم ہوا مگرڈالر اورریال کے سبب بڑھ گیا

حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او شہنواز سے اس بابت استفسار کرنے پر انہوں نے کہا کہ مجموعی سفرِ حج خرچ کم ہوا تھا مگر ڈالر اورریال کے مقابلے روپے کی قدر گرنے کے سبب خرچ بڑھ گیا ہے۔ ویسے حج کمیٹی کی مسلسل کوشش رہتی ہے کہ عازمین پربوجھ کم پڑے اوروہ آسانی اورسہولت سے حج بیت اللہ ادا کرسکیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK