Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناگپور: نجی اسکول کا مسلم طالبہ کو داخلہ دینے سے انکار، انتظامیہ کے خلاف مذہبی امتیاز کا مقدمہ درج

Updated: May 19, 2025, 9:03 PM IST | Inquilab News Network | Nagpur

ناگپور پولیس نے اسکول کے سیکریٹری راجیش لالوانی، ایڈمیشن انچارج سمرن گیان چندانی اور ٹیچر انیتا آریہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ لڑکی کو اس کے موجودہ اسکول میں رہنے کا مشورہ دیا گیا اور کہا گیا کہ وہاں کوئی خالی جگہ نہیں تھی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ناگپور کے ایک پرائیویٹ اسکول نے مسلم طالبات کو اسکول میں داخلہ دینے سے انکار کر دیا۔ اسکول ٹیچر اور پرنسپل کی شکایت کے بعد یہ معاملہ سامنے آیا جس کے بعد شہر کی پولیس نے اسکول کے انتظامی سیکریٹری اور دیگر کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتا کی دفعہ ۲۹۹ (کسی طبقے کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا یا اس کے مذہب یا مذہبی عقائد کی توہین کرنے کے ارادے سے جان بوجھ کر کئے گئے بدنیتی پر مبنی اقدامات) کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ 

مہاراشٹر کی ذیلی راجدھانی کے ایک پرائیویٹ اسکول دیانند آریہ کنیا ودیالیہ، ناگپور کے انتظامی سیکریٹری راجیش لالوانی کے بارے میں یہ بات سامنے آئی کہ انہوں نے مسلم سماج کی لڑکیوں کو داخلہ نہ دینے کی زبانی ہدایات دی تھیں۔ اسکول کی اسسٹنٹ ٹیچر سمن ماسند نے اس فیصلے پر سوال اٹھایا اور بعد میں پرنسپل ڈاکٹر گیتا ہروانی کو اس واقعے کی اطلاع دی۔ شکایت کنندہ پرنسپل نے اس معاملے کو پولیس اور طالبہ کے خاندان تک پہنچایا جنہوں نے داخلہ کیلئے اسکول سے رابطہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: ۱۰؍ و یں جماعت کیلئے روبوٹکس کی تعلیم کو لازمی قرار دینے والی کیرالا پہلی ریاست

ایف آئی آر کے مطابق، ۸ مئی کو مذکورہ خاندان ششم جماعت میں طالبہ کے داخلہ کیلئے اسکول گیا تھا۔ اس دوران اسکول کی ایک ٹیچر انیتا آریہ نے انہیں بتایا کہ کہ کوئی خالی نشست نہیں ہے۔ جب سمن نے اس بارے میں انتظامیہ سے سوال کیا تو انکشاف ہوا کہ اسکول کے ٹرسٹی راجیش لالوانی نے مبینہ طور پر کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ مسلم سماج کی لڑکیاں ہمارے اسکول میں پڑھیں۔ سمن کا دعویٰ ہے کہ ان کے پاس راجیش لالوانی کی مذہبی بنیادوں پر داخلہ دینے سے انکار کی ایک آڈیو ریکارڈنگ ہے اور انہوں نے اس معاملے کی اطلاع پرنسپل کو دی۔

ناگپور کی جری پٹکا پولیس نے اسکول کے سیکریٹری راجیش لالوانی، ایڈمیشن انچارج سمرن گیان چندانی اور ٹیچر انیتا آریہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ لڑکی کو اس کے موجودہ اسکول میں رہنے کا مشورہ دیا گیا اور کہا گیا کہ ان کے اسکول میں کوئی خالی جگہ نہیں تھی۔

یہ بھی پڑھئے: سی بی ایس ای اسکول میں طلبہ میں ٹائپ۲؍ ذیابیطس, موٹاپے سے نمٹنے کیلئے`شوگر بورڈ

۱۳ مئی کو مہاراشٹر کے ریاستی اقلیتی کمیشن کو شکایت کا بیان بھیجا گیاجس کے بعد ضلعی چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے حکام تحقیقات کیلئے اسکول پہنچے۔ اس کے بعد، پولیس نے مذکورہ تین افراد کے خلاف مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور خاندان کو ذہنی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات کے تحت رسمی شکایت درج کی۔ اسکول نے بعد میں داخلہ کا عمل دوبارہ شروع کیا اور خاندان کو مطلع کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK