Inquilab Logo Happiest Places to Work

نمیرہ صدیقی نے نیٹ ایم ڈی ایس میں اول مقام حاصل کرکے مہاراشٹر کا نام روشن کیا

Updated: June 05, 2026, 11:05 AM IST | Shaikh Akhlaq Ahmad | Mumbai

ناگپور کے دادا صاحب کال میگھ کالج کی طالبہ نے ۹۶۰؍ میں سے ۸۰۲؍ مارکس حاصل کرکے ملک بھر کے ۳۱؍ ہزار ۴۰۷؍ امیدواروں میں اول پوزیشن حاصل کی۔

Namira Siddiqui with her family. Photo: INN
نمیرہ صدیقی اپنے اہل خانہ کے ساتھ۔ تصویر: آئی این این

ودربھ اور مہاراشٹر کیلئے یہ خبر باعث فخر ہے کہ ناگپور سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت طالبہ نمیرہ محمد غالب صدیقی نے نیٹ ایم ڈی ایس ۲۰۲۶ءمیں آل انڈیا رینک( اے آئی آر) ۱؍ حاصل کیا ہے۔ یعنی وہ ملک بھر میں اول آئی ہیں۔ نمیرہ صدیقی کا تعلق بنیادی طور سے ضلع بھنڈارا سے رہا ہے لیکن  انھوں نے ناگپور کے سورگیہ دادا صاحب کال میگھ اسمرتی ڈینٹل کالج اینڈ ہاسپٹل سے فروری ۲۰۲۵ء میں بی ڈی ایس کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد مارچ ۲۰۲۶ءمیں اپنی ایک سالہ انٹرن شپ بھی مکمل کی ہے۔ انٹرن شپ کے دوران ہی انہوں نے نیٹ ایم ڈی ایس کی تیاری شروع کر دی تھی۔

ان کی یہ شاندار کامیابی نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے ودربھ خطے کیلئے اعزاز کا باعث بنی ہے۔بھنڈارا ضلع سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر نمیرہ صدیقی نے ۹۶۰؍ میں سے ۸۰۲؍ مارکس حاصل کرکے ملک بھر کے ۳۱؍ہزار ۴۰۷؍ امیدواروں کے درمیان پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ ان کی یہ شاندار کامیابی ڈینٹل سائنس کے شعبے میں ایک سنگ میل سمجھی جا رہی ہے۔ایک متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والی نمیرہ کے والد کرانہ اسٹور چلاتے ہیں جبکہ والدہ خاتون خانہ ہیں۔ ان کے چھوٹے بھائی بھی نیٹ تیاری میں مصروف ہیں۔ نمیرہ نے ۱۰؍ ویں میں ۸۲؍ فیصد، ۱۲؍ ویں میں ۸۵؍ فیصد فیصد اور بی ڈی ایس میں ۶۷؍ فیصد مارکس حاصل کئے تھے۔

یہ بھی پڑھئے: ۱۷؍ میں سے ۶؍ مقامات پر مہایوتی بلامقابلہ کامیاب

نمیرہ صدیقی نے انقلاب کو خصوصی گفتگو کے دوران بتایا کہ’’میری کامیابی کا سہرا مستقل مزاجی، نظم و ضبط اور سخت محنت کو جاتا ہے۔ میں اکثر رات کے وقت مطالعہ کو ترجیح دیتی تھی کیونکہ اس وقت ماحول نسبتاً پُرسکون ہوتا ہے اور پڑھائی پر زیادہ توجہ مرکوز رہتی ہے۔ امتحان کی تیاری کے دوران میں نے اپنی نیند میں بھی کمی کی اور روزانہ ۲۴؍ گھنٹوں میں سے تقریباً ۵؍ گھنٹے ہی آرام کیا تاکہ زیادہ سے زیادہ وقت پڑھائی کو دے سکوں۔ الحمدللہ اس کا نتیجہ اول رینک کی صورت میں سب کے سامنے عیاں ہے۔‘‘ نمیرہ نے بتایا کہ ’’صرف نصابی کتابوں پر اکتفا کرنے کے بجائے گزشتہ چند سال کے سوالیہ پرچوں کو مقررہ وقت کے اندر حل کرنے کی مشق میری کی کامیابی کا اہم سبب ثابت ہوئی۔‘‘ نمیرہ گھنٹوں لائبریری میں بیٹھ کر مطالعہ کرتی تھیں جو کہ امتحان میں ان کے اعتماد اور رفتار بڑھانے کی وجہ بنی۔‘‘  نمیرہ ’اورل سرجن‘ بننا چاہتی ہیں اور اپنی آئندہ تعلیم مولانا آزاد انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنس نئی دہلی سے مکمل کرنا چاہتی ہیں۔

 وزیر اعلیٰ کی جانب سے مبارکباد 
 مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ د یویندر فرنویس  نے بھی ڈاکٹر نمیرہ صدیقی کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے خود اپنے ٹویٹر ہینڈل  پر پوسٹ کیا کہ’’ سورگیہ دادا صاحب کال میگھ اسمرتی ڈینٹل کالج اینڈ ہاسپٹل ، ناگپور کی طالبہ نمیرہ صدیقی کونیٹ ایم ڈی ایس ۲۰۲۶ء  میں پورے ملک میں اول آنے پر تہہ دل سے مبارکباد۔  یہ سچ مچ  ایک غیر معمولی کامیابی ہے جس نے ریاست کو عزت دلائی ہے۔‘‘ یہ ایک غیر معمولی کامیابی ہے جو ان کی محنت، نظم و ضبط اور صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔ ‘‘انہوں نے کہا کہ’ ’ ان کا تعلق  بھنڈارا سے ہے۔ انہوں نے مہاراشٹر کا سر فخر سے اونچا کیا ہے اور نوجوان طلبہ کیلئے ایک مثال قائم کی ہے۔ان کی کامیابی  یہ ظاہر کرتی ہے کہ مسلسل و مستقل محنت، واضح ہدف، مضبوط عزم، درست منصوبہ بندی اور خود اعتمادی کے ذریعے کسی بھی بڑے ہدف کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔نمیرہ کے تابناک مستقبل  کیلئے نیک خواہشات۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK