مہاراشٹر حکومت نے عوام کو بڑی راحت دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب ۵؍لاکھ روپے سے زائداخراجات والے بڑے آپریشن کی مکمل ادائیگی ریاست برداشت کرے گی۔
EPAPER
Updated: April 12, 2026, 10:43 AM IST | Mumbai
مہاراشٹر حکومت نے عوام کو بڑی راحت دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب ۵؍لاکھ روپے سے زائداخراجات والے بڑے آپریشن کی مکمل ادائیگی ریاست برداشت کرے گی۔
مہاراشٹر حکومت نے عوام کو بڑی راحت دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب ۵؍لاکھ روپے سے زائداخراجات والے بڑے آپریشن کی مکمل ادائیگی ریاست برداشت کرے گی۔ اس فیصلے کو محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ سرکاری قرارداد کے ذریعے نافذ کر دیا گیا ہے۔ حکومت کے اس فیصلے کے تحت مہاتما جیوتی راؤ پھلے جن آروگیہ یوجنا اور آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کے دائرہ کار کو وسیع کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں مہنگے اور پیچیدہ علاج بھی اب عام اور غریب طبقے کیلئے قابل رسائی ہو جائیں گے۔
یہ بھی پڑھئے: بیڑ کے ایک اسکول میں عیسائی مذہب کی تبلیغ کا الزام
ان اسکیموں کے تحت دل، جگر اور پھیپھڑوں کے ٹرانسپلانٹ، بون میرو ٹرانسپلانٹ اور ہارٹ والوو امپلانٹ جیسے پیچیدہ آپریشن کو شامل کیا گیا ہے، جن کا خرچ اب مکمل طور پر حکومت برداشت کرے گی یا مریضوں کو بغیر کسی ادائیگی کے سہولت فراہم کی جائے گی۔ نظر ثانی شدہ نظام کے تحت مریضوں کیلئے عمل کو بھی آسان بنا دیا گیا ہے۔ اب مختلف دفاتر کے چکر لگانے کے بجائے متعلقہ اسپتال ہی مریضوں کی جانب سے درخواست اور ضروری دستاویزات جمع کروائیں گے۔ فی الحال یہ عمل آف لائن ہے، تاہم حکام کے مطابق جلد ہی اسے مکمل طور پر آن لائن کر دیا جائے گا تاکہ شفافیت اور رفتار میں اضافہ ہو سکے۔اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کیلئے درخواست گزار کا مہاراشٹر کا رہائشی ہونا ضروری ہے اور اسے راشن کارڈ اور آدھار کارڈ جیسے ضروری دستاویزات فراہم کرنے ہوں گے۔ پورا نظام کیش لیس ہوگا، یعنی مریض یا ان کے اہل خانہ کو کوئی رقم ادا نہیں کرنی پڑے گی، جبکہ منظور شدہ رقم براہ راست اسپتال کے بینک کھاتے میں منتقل کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: پونے میں ۶؍ بدعنوان پولیس والوں کی برطرف کی تیاری، ۳؍ فرار
شفافیت برقرار رکھنے اور منظوری کے عمل کو تیز کرنے کیلئے حکومت نے خصوصی کمیٹیاں قائم کی ہیں۔ میڈیکل اور فنڈ اپروول کمیٹی ہر جمعہ کو اجلاس منعقد کرے گی تاکہ درخواستوں کا فوری جائزہ لے کر منظوری دی جا سکے۔ ریاستی وزیر صحت پرکاش ابیٹکر نے کہا کہ دونوں اسکیموں کے تحت اب ۵؍ لاکھ روپے سے زائد خرچ والے علاج بھی شامل کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسا منظم نظام تیار کیا گیا ہے کہ کوئی بھی غریب مریض مالی مشکلات کی وجہ سے ضروری علاج سے محروم نہ رہے۔