Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ باندرہ کے غریب نگر کے۱۰۰؍ جھوپڑا واسیوں کی ہی بازآباد کاری کی جائے گی ‘‘

Updated: July 08, 2026, 12:00 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

قانون ساز کونسل میں ذیشان صدیقی کے سوال پر وزیر مادھوری مسال کا جواب۔

Garib Nagar.Photo:INN
غریب نگر۔ تصویر:آئی این این
ودھان بھون،(اقبال انصاری):  مانسون   اجلاس کے دوران منگل کوقانون ساز کونسل میں باندرہ کی غریب نگر جھوپڑ پٹی کے انہدام کا معاملہ رکن کونسل ذیشان صدیقی نے ایوان میں اٹھایا۔ انہوں نے توجہ طلب نوٹس کے تحت مطالبہ کیا کہ تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل غریب نگر جھوپڑ پٹی میں   انہدامی کارروائی کرکے  تقریباً  ۶۰۰؍ جھوپڑوں کو منہدم کر دیا گیا تھا۔ ان سبھی غریبوں کی بازآبادکاری کی جائے۔ اس کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے شہری ترقیات مادھوری مسال نے کہا کہ غریب نگر جھوپڑ پٹی کے جن ۱۰۰؍ مکینوں کو اہل قرار دیا گیا ہے، صرف ان ہی کی بازآبادکاری کی جائے گی اور انہیں ۳۰۰؍ مربع فٹ کےمکان کرلا میں۱۵؍ اگست تک دیئے جائیں گے۔
 
 
 
ذیشان بابا  صدیقی نےغریب نگر جھوپڑ پٹی میں انہدامی کارروائی سے متعلق متعدد سوالات کئے ۔ انہوں نے پوچھا کہ کیا غریب نگر کے جھوپڑوں کو  بارش کا موسم آنےکے قریب کیوں منہدم کیا گیا؟ اس انہدامی کارروائی سے قبل کوئی سروے کیا گیاتھااور انہیں نوٹس دیا گیا تھا؟  ان  سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزیر مادھوری مسال نے ایوان اسمبلی کو بتایاکہ’’ویسٹرن ریلوے کی چھٹی لائن بچھانے کیلئے ۲۰۱۸ء میں اسپارک نامی تنظیم نے یہ سروے کیا تھا۔غریب نگر کے ۱۴۱؍ مکینوں کا سروے کیاگیا تھاجن میں سے ۱۰۰؍ کو اہل اور ۴۱؍ کو نااہل قرار دیاگیا تھا۔۱۹؍ مئی تا ۲۳؍ مئی ۲۰۲۶ء کو وہاں پر انہدامی کارروائی کی گئی جس میں وہاں  کے ۶۰۰؍ میں سے ۵۰۰؍ جھوپڑوں پر کارروائی کی گئی اور جو ۱۰۰؍ اہل قرار دیئے گئے تھے ،انہیں کچھ نہیں کیا گیا۔ انہیں اب بھی پانی اور بجلی سپلائی کی جارہی ہے۔ ان اہل مکینوں کی ۱۵؍ اگست تک بازآباد کاری کی جائے گی۔انہیں کرلا پریمیم اور بھنڈاری میٹل کی جگہ پر واقع مکانات میںمنتقل کیا جائے گا۔ان مکینوں کو ۳۰۰؍ مربع فٹ کا مکان دیا جائے گا۔انہوںنے مزید بتایاکہ ’’غریب نگر جھوپڑ اواسیوں نے عدالت میں مقدمہ کیاتھاجس میں ۲۹؍ اپریل ۲۰۲۶ء کو عدالت نے ۱۰۰؍ اہل قرار دیئے مکینوں کی ہی بازآبادکاری  کا حکم دیا ہے اور اسی کےمطابق کارروائی کی جائے گی۔‘‘
 
 
 بحث میں حصہ لیتے ہوئےرکن کونسل بھائی جگتاپ   کے سوال کے جواب میں مادھوری مسال نے کہاکہ ۲۰۱۱ء تک کے جھوپڑا واسیوں کوہی اہل قرر دیا گیا ہے۔‘‘

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK