Inquilab Logo Happiest Places to Work

نفرت کے خلاف پیغامِ محبت، جیوتی با پھلے کی ۲۰۰؍ ویں جینتی پر ماہم میں امن ریلی

Updated: April 12, 2026, 2:44 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

فرقہ وارانہ ہم آہنگی مستحکم کرنے کی’ممبئی فار پیس‘ کی کوشش ۔شرکاء نے ’زندہ باد سنویدھان زندہ باد‘کا نغمہ بھی گایااور’ہم سب ایک ہیں‘ کا نعرہ بلند کیا، ممبئی میں نفرت اور تشدد کو مستر د کرنے پر زور۔

A scene from a rally held to spread the message of love. Photo: INN
محبت کے پیغام کو عام کرنے کیلئے نکالی گئی ریلی کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این

نفرت کے خلاف ذمہ دار شہریو ں نے پیغامِ ِمحبت عام کیا۔ جیوتی با پھلےکی ۲۰۰؍ ویں جینتی کے موقع پر ۱۱؍ اپریل سنیچر کی شام۴؍بجےسے ۶؍بجے تک ماہم ریتی بندر سے امن ریلی کا اہتمام کیا گیا۔یہ امن ریلی ’ممبئی فار پیس ‘ نام سے تشکیل دیئے گئے پلیٹ فارم کے ذریعے نکالی گئی اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی مستحکم کرنے کی کوشش کی گئی۔ریلی میں شامل مختلف شعبہ ہائے حیات میں خدمات انجام دینے والی خصوصاً امن اوربھائی چارہ کے لئے کوشاں رہنے والی اہم شخصیات ہاتھوں میں پلے کارڈ لئے ہوئے تھیں جس پرامن ،پیاراوربھائی چارے کا پیغام لکھاہواتھاجبکہ شرکاء نے ’زندہ باد زندہ باد سنویدھا ن زندہ باد‘کا نغمہ بھی گایا۔

’ممبئی فار پیس ‘عنوان پرتشکیل دیئے گئے اس پلیٹ فارم میں شہریوں کے مختلف گروپس، کارکنان، طلبہ، فلمساز، خواتین کی تنظیموں اور ممبئی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: کلیان: موہنے میں ہزاروں گیس صارفین کو پریشانی کا سامنا

ماہم میں نکالی گئی یہ کہ ریلی ریتی بندر سے شروع ہوئی اور پارسی کالونی، سندھی کالونی، میری نگر، مغل لین اور کپڑا بازاروغیرہ علاقےمیں گھوم کر وہاں کی مقامی برادریوں سے بات چیت کرتے ہوئے واپس ریتی بندر پر ختم ہوئی۔

ریلی کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ ممبئی نفرت اور تشدد کی سیاست کو مسترد کرتا ہےاور ممبئی سبھی کا ہے۔اسی طرح ’پیار کرو نفرت نہیں ‘سبھی دھرم کی اب ایک ہی پکار، ایکتا کے سپنے کو کرو ساکار،تمام مذہب کے لوگ انسانیت کو متحد ہونے کی دعوت دیتے ہیں ،چاہے آپ کا مذہب کوئی بھی ہو، ایک اچھے انسان بنیں ،ہم بہت سی آوازیں ہیں ، ایک ہم آہنگ کمیونٹی! ہندو، مسلمان، سکھ، عیسائی، بدھ مت، پارسی اور تمام مذہبی اور ذات پات کے پس منظر سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے ’ہم سب ایک ہیں ، ممبئیکر ایک ہیں ، پیار محبت زندہ باداورممبئی کی ایکتا زندہ باد‘ کا پیغام دیا۔

ریلی کے شرکاء نے مہاتما جیوتی با پھلے، ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر، ساوتری بائی پھلے، فاطمہ شیخ، شیواجی مہاراج جیسے لیڈروں کوخصوصیت سے یاد کیا اور ان کے نظریات سے استفادہ کرنے کی دعوت دی۔

یہ بھی پڑھئے: ڈومبیولی: مخدوش عمارتوں کو اسٹرکچرل آڈٹ کرانے کا نوٹس

ریلی میں دیگر شرکاء کے ساتھ فلمساز آنند پٹوردھن، ایڈوکیٹ ونود شیٹی، حسینہ خان، سندھیا گوکھلے، چینیکا شاہ، سجیتا گوٹھوسکر ، ڈولفی ڈیسوزا ، سدھیش سوریاونشی، میوری ایولے اور مکتا سریواستو پیش پیش تھے۔

’نوجوان بھارت سبھا ‘کے کارکنان نے اپنے گانوں کے ذریعے شرکاء ریلی میں مزید جوش پیدا کیا۔آئین کی تمہید پڑھ کر اور آئین کے تحفظ کا عہد کرتے ہوئے ’امن‘ ریلی ختم ہوئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK