برسراقتدار سیکولر فرنٹ کے لیڈر آصف شیخ رشید اور سماج وادی پارٹی کے میونسپل گروپ لیڈرمحمد مستقیم نے ۶؍ستمبر کو میونسپل افسروں کو ساتھ لے کر کئی میونسپل اسکولوں کادورہ کیا۔
EPAPER
Updated: September 08, 2026, 12:28 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon
برسراقتدار سیکولر فرنٹ کے لیڈر آصف شیخ رشید اور سماج وادی پارٹی کے میونسپل گروپ لیڈرمحمد مستقیم نے ۶؍ستمبر کو میونسپل افسروں کو ساتھ لے کر کئی میونسپل اسکولوں کادورہ کیا۔
شہری انتظامیہ نے اسکولوں کو مثالی بنانے کا منصوبہ ترتیب دیا ہے۔ اسکے تحت شہری بلدیہ کے زیر انتظام جاری اسکول( جماعت اوّل تا ہفتم ) منتخب کئےگئے ہیں۔ ان اسکولوں کی تزئین کاری اور درستی کی جائے گی۔اسی کے ساتھ اسکولوں میں ڈیجیٹائز ایجوکیشن سسٹم کیلئے سہولیات اور وسائل تعلیم دئے جائیں گے۔ اس منصوبے پرعمل آوری اور ممکنہ اخراجات کیلئے ریاستی حکومت سے بھی مدد لی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: ظہران ممدانی کا روڈی جیولیانی کو جواب، ۱۱؍ ستمبر یادگاری تقریب میں شرکت کریں گے
اس ضمن میں مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن پر برسر اقتدار سیکولر فرنٹ کے لیڈر آصف شیخ رشید نے کہا کہ شہر میں ہزاروں طلبہ میونسپل کارپوریشن کے اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے آتے ہیں۔ یہ طلبہ معاشرہ کے انتہائی پسماندہ گھرانوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ان کے والدین اور اہل خانہ گھر گِرہستی جاری رکھنے کیلئے محنت مزدوری کرتے ہیں۔انہیں بھی اعلیٰ اور معیاری تعلیم حاصل کرنے کا حق ہے۔اس مقصد کو سامنے رکھ کر سیکولر فرنٹ نے میونسپل کارپوریشن کے ۱۰؍ اسکولوں کو مثالی بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے کابینی وزیربرائے اسکولی تعلیم دادا بھسے مالیگاؤں کے ہیں۔مثالی اسکول منصوبہ جب اُنہیں بتایا گیا تو انہوں نے اس منصوبے کی عمل آوری کیلئے ریاستی حکومت کی طرف سے مکمل مدد کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے اُردو اور مراٹھی میڈیم اسکولیں اس منصوبے کا حصہ ہوں گی۔
یہ بھی پڑھئے:امیدواروں کے مطالبات پورے نہ کئے گئے تو چکا جام کریں گے: روہت پوار
شہری انتظامیہ پر شریکِ اقتدار سماج وادی پارٹی کے میونسپل گروپ لیڈر اور نائب میئر شانِ ہند کے شوہر محمد مستقیم نے کہا کہ سیکولر فرنٹ کے ذمے داروں نے میونسپل اسکول بورڈ اتھاریٹیز کو ساتھ میں لیکر منتخب شدہ میونسپل اسکولوں کا دورہ۶؍ ستمبر کو کیا تھا۔شہری انتظامیہ کی اسکولوں پر تھوڑی سی توجہ مرکوز کردی گئی تو یہاں پر میونسپل اسکولوں کا معیارِ تعلیم عہد رفتہ کی طرح ہوجائے گا۔ ماضی میں مالیگاؤں کے میونسپل اسکول اُردو اور مراٹھی کی ترویج و اشاعت میں قائدانہ مراکز کی طرح رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ اس منصوبے کے ذریعے غریب اور محنتی وذہین طلبہ کیلئے بہتر تعلیمی مواقع فراہم کئے جائیں۔
۱۰؍ منتخب اردو اور مراٹھی اسکول
(۱) نیاپورہ اسحاق منشی ٹاؤن ہال میونسپل اسکول
(۲)عباس نگر میونسپل اسکول
(۳)سلام چاچا کمپاؤنڈ میونسپل اسکول
(۴)عائشہ نگر سروے نمبر ۶۵/ میونسپل اسکول
(۵)میونسپل اسکول نمبر ۹۲
(۶)میونسپل اسکول نمبر ۹۴/ کابرا کمپاؤنڈ
(۷)نوری جامع مسجد نزد میونسپل اسکول
(۸)ماسٹر نگر سروے نمبر ۱۹۵/ میونسپل اسکول
(۹)مولانا طاہر خان میونسپل کیمپس
(۱۰)پارسی سوڈا میونسپل اسکول نمبر ۴۴/ اور ۳۳