گوونڈ ی میں واقع نیاز احمد ایجوکیشنل لائبریری میں اصل امتحان جیسے ماحول میں ماہرین کے ذریعہ بالکل ویسا ہی سوالیہ پر چہ تیار کرکے طلبہ کو اہم امتحان کیلئے تیار کیا جارہا ہے۔
EPAPER
Updated: April 20, 2026, 10:50 AM IST | Mumbai
گوونڈ ی میں واقع نیاز احمد ایجوکیشنل لائبریری میں اصل امتحان جیسے ماحول میں ماہرین کے ذریعہ بالکل ویسا ہی سوالیہ پر چہ تیار کرکے طلبہ کو اہم امتحان کیلئے تیار کیا جارہا ہے۔
گوونڈی جیسی غریب مسلمانوں کی گھنی آبادی والی بستی میں ۶۰؍ سے زائد طلبہ اس سال ’نیشنل ایلیجیبلٹی کم انٹرنس ٹیسٹ‘ (نیٹ) کا امتحان دینے کی تیاری کررہے ہیں جن میں سے زیادہ تر لوگ کسی بھی نجی کوچنگ کلاسس وغیرہ میں پڑھنے کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتے جسے دیکھتے ہوئے ’نیاز احمد ایجوکیشنل لائبریری و اسٹڈی سینٹر‘ پر ان طلبہ کیلئے بالکل اصل امتحان جیسے ’مشقی امتحان‘ کا مفت نظم کیا جارہا ہے۔ اب تک یہاں ۲؍ مشقی امتحان منعقد کئے جاچکے ہیں اور مزید امتحان منعقد کئے جانے کا امکان ہے۔
اس لائبریری کے نگراں سید حسین شمسی نے انقلاب سے گفتگو کے دوران بتایا کہ ۶؍ مہینے قبل اس لائبریری کی ازسر نو تز ئین کاری مکمل ہوئی ہے جس کے بعد سے یہاں طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔ ان کے مطابق یہاںحاضری کے طور پر طلبہ سے یومیہ ۵؍ روپے لئے جاتے ہیں اور اگر کوئی ماہانہ شناختی کارڈ بنوانا چاہے تو اس سے ۵۰؍ روپے لئے جاتے ہیں۔ اس کے عوض طلبہ صبح ۹؍ بجے سے رات ۱۱؍ بجے تک جتنی دیر چاہیں یہاں مطالعہ کرسکتے ہیں۔ اس لائبریری کی خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہاں طالبات کیلئے مطالعہ کا علاحدہ نظم ہے اورنیٹ کی تیاری کرنے والے طلبہ صبح سے رات ۱۱؍ بجے تک بھی پڑھائی کرتے رہتے ہیں جن میں مسلمان اور غیر مسلم طلبہ شامل ہیں۔ البتہ چونکہ طلبہ کئی کئی گھنٹے یہاں پڑھائی کرتے ہیں اس لئے ان کیلئے یہاں وضو اور نماز پڑھنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: کانگریس کے اجلاس میں ہنگامہ، خاتون کارپوریٹر نے ضلعی صدر کو تھپڑ مارا!
سید حسین کے مطابق جب منتظمین نے دیکھا کہ اتنی بڑی تعداد میں طلبہ آکر گھنٹوں بیٹھ کر اپنے طور پر مطالعہ کررہے ہیں تو ان سے معلوم کیا کہ وہ کس چیز کی پڑھائی کررہے ہیں تب پتہ چلا کہ یہ سارے طلبہ نیٹ کی تیاری کررہے ہیں۔اس وقت یہ انکشاف بھی ہوا کہ یہ طلبہ کسی کوچنگ کلاسس میں نہیں جاتے اور اپنے طور پر نیٹ کی تیاری کررہے ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ جان پا رہے ہیں کہ امتحان کیلئے ان کی تیاری کیسی ہوئی ہے تو جواب نفی میں ملا اور اس وقت اس لائبریری کو چلانے والے سماج وادی پارٹی کے مہاراشٹر کے صدر اور مانخورد شیواجی نگر اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی سے مشورے کے بعد ان کا مشقی امتحان لینے کا فیصلہ کیا گیا۔واضح رہے کہ یہ لائبریری ابو عاصم اعظمی کے والد حاجی نیاز احمد سے منسوب ہے اور ان کے نام سے بنائے گئے ’نیاز احمد مائیناریٹی ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ‘ کے زیر اہتمام چلائی جاتی ہے۔
مشقی امتحان کیلئے ماہر تعلیم ڈاکٹر پرویز انصاری اور ان کی ٹیم اپنے وسیع تجربے کی بنیاد پر نہایت محنت سے سوالیہ پرچے تیار کر رہی ہے۔ طلبہ کو اصل امتحان کا ماحول فراہم کرنے کیلئے امتحان کا وقت دوپہر ۲؍ بجے سے شام ۵؍ بجے تک رکھا جارہا ہے اور یہ ۷۲۰؍ مارکس کا پرچہ ہوتا ہے۔ امتحان ختم ہونے کے بعد اسی دن طلبہ کے گروپ پر حل شدہ پرچہ شیئر کردیا جاتا ہے اور ۵؍ روز کے بعد باقاعدہ نتیجہ جاری کیا جاتا ہے۔اس وجہ سے طلبہ میں ان امتحانات کے تعلق سے بہت جوش پایا جارہا ہے۔امتحان کے بعد طلبہ کو لائبریری کی جانب سے ناشتہ فراہم کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: صفائی نظام کی بہتری کی جانب قدم، ۲؍ جدید میکانیکل سویپنگ مشین کا افتتاح
یہاں پہلا امتحان ۱۱؍ اپریل کو اور دوسرا امتحان سنیچر، ۱۸؍ اپریل کو منعقد کیا گیاتھا جس میں ۵۸؍ طلبہ نے شرکت کی۔ اب اسی ماہ مزید ایک امتحان منعقد کیا جائے گا۔
سید حسین کے مطابق طلبہ کا مطالبہ ہے کہ ایسے مزید مشقی امتحان کرائے جائیں اور ان کے اس جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے ان کیلئے ماہرین کے خصوصی لیکچر کا اہتمام کیا گیا ہے اور مستقبل میں پورے سال نیٹ، یو پی ایس سی اور دیگر اہم امتحان کی تیاری اور مشقی امتحان کے تعلق سے انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ لائبریری کے پہلے منزلے پر ایئر کنڈیشنر لگانے کا کام جاری ہے اور طلبہ کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے لائبریری پر واقع ’ٹرف‘ کو ’اوپن لائبریری‘ میں تبدیل کرنے کی تیاری چل رہی ہے۔