Inquilab Logo Happiest Places to Work

اندھیری، باندرہ اور وڈالا کے علاقے کے کلسٹر ڈیولپمنٹ کی تجویز

Updated: June 25, 2026, 11:43 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

مجاس واڑی، بہرام پاڑہ اوروڈالاٹرک ٹرمنل کے مکینوں کو راحت ملنے کی امید۔

File photo. Photo: INN
فائل فوٹو۔ تصویر: آئی این این

چھوٹے مکانوں ، پرانی چالیوں اور کچی آبادیوں میں رہنے والوں کو بنیادی سہولتیں اور اچھے انفراسٹرکچر فراہم کرنے کے علاوہ معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے سلم ری ہیبلیٹیشن  اتھاریٹی (ایس آر اے) نے شہرو مضافات میں کلسٹر ڈیولپمنٹ کا فیصلہ کیا ہے ۔ عوامی مفاد میں ایس آر اے اتھاریٹی نے شہر کے جن تین علاقوں کو ڈیولپ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے اور تجویز پیش کی ہے، ان میں اندھیری مشرق کی مجاس واڑی، باندرہ مشرق کا بہرام پاڑہ  اور وڈالا ٹرک ٹرمنل شامل ہے ۔ ایس آراے نے مذکورہ   علاقوں کو  کلسٹر ری ڈیولپمنٹ اسکیم کے تحت تعمیر کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: رات کے چند گھنٹوں میں جون کی آدھی بارش مگر جھیلوں پر خاطر خواہ بارش نہیں ہوئی

مذکورہ علاقے۱۵۰؍ ایکڑ اراضی پر پھیلے ہوئے ہیں۔ ایس آر اےنے کلسٹر ڈیولپمنٹ  کی تجویز حکومت کو پیش کی ہے  جو اب ریاست کی تشکیل کردہ ہائی پاور کمیٹی کے پاس  زیر غور ہے۔ ایس آر اے کے پبلک ریلیشنز آفیسر منوج مہسکے نے بتایا کہ’’ اندھیری کی مجاس واڑی، باندرہ کے بہرام پاڑہ  اور وڈالا ٹرک ٹرمنل  علاقے کو کلسٹر ڈیولپمنٹ کے تحت تعمیر کرنے کا فیصلہ تو کیا گیا ہے اور تجویز بھی پیش کی گئی ہے لیکن چالیوں، چھوٹی بلڈنگوں اور کچی آبادیوں میں رہنے والوں کی تعداد اور رقبے کا جائزہ نہیں لیا گیا ہے ۔ ایس آر اے کے ایگزیکٹو انجینئر راجارام پاٹل کے بقول تجویز حکومت کو بھیج دی گئی ہے لیکن پروجیکٹ کو حتمی شکل دینا باقی ہے ۔ فی الحال یہ واضح طور پر نہیں بتایا جاسکتا کے کچی آبادی میں رہنے والوں، کتنی عمارتوں اور چالیوں میں رہنے والوں کو اس پروجیکٹ میں شامل کیا جائے گا۔ اس پر تجویز کی منظوری کے بعد مرحلہ وار تبدیلی کی جائے گی اور فیصلہ لیا جائے گا ۔‘‘

واضح ہو کہ نومبر۲۰۲۵ء میں شروع کی گئی سلم کلسٹر ری ڈیولپمنٹ اسکیم کا مقصد کم از کم ۵۰؍ ایکڑ پر  پر مشتمل مکینوں جس میں کچی آبادی  کے مکین بھی شامل ہیں ،کو بنیادی سہولتوں سے آراستہ اور ایک بہترین انفراسٹرکچر سے مزین گھر دیا جائے گا تاکہ ان کے معیار ِزندگی کو مزید بہتر بنایا جاسکے ۔  حالیہ تجویز میں شامل کلسٹر کا سائز ابھی طے نہیں ہوا لیکن اس معاملے سے واقف افسران کا کہنا ہے کہ تینوں پروجیکٹوں کا کل رقبہ ممکنہ طور پر ۱۵۰؍ ایکڑ سے زیادہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے: بارش کے سبب لوکل ٹرین کا دروازہ بند کرنے پرنوجوان کا چاقو سے بہیمانہ قتل، ملزم گرفتار

ایس آر اے نے کلسٹر اسکیم کے تحت ممبئی بھر میں۱۹؍علاقوں کی نشاندہی کی ہے جس کا مقصد ٹھوس منصوبہ بندی کے ذریعے بڑے پیمانے پر کلسٹر پروجیکٹ کو تیزی سے پورا کرنا ہے ۔ یہ بھی واضح رہے کہ مذکورہ پروجیکٹ کی منظوری وزارت ہاؤسنگ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی سربراہی میں قائم ایچ پی سی دیتی ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ سلم کلسٹر ری ڈیولپمنٹ اسکیم کے نفاذ سے تقریباً  ۶؍ سے۷؍ لاکھ مکینوں کو   فائدہ ملے گا ۔ 

ایس آر اے نے حال ہی میں۱۰۱؍ ایکڑ پر مشتمل جوہو لین ، گلبرٹ ہل سلم کلسٹر ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کو ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ ، ریلائنس  ریئلٹی ڈیولپمنٹ لمیٹڈ کے ذریعہ تعمیر کرنے کی منظوری دی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK