راجستھان میں محمد پورہ گاؤں کا نام تبدیل کرکے موہن پورہ رکھ دیا گیا،اور اس کیلئے محکمہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق اب یہ گائوں تمام سرکاری ریکارڈ بشمول محصولات کے کاغذات، اسکولوں اور انتظامی دفاتر میں موہن پورہ کے نام سے جانا جائے گا۔
EPAPER
Updated: January 21, 2026, 10:03 PM IST | Jaipur
راجستھان میں محمد پورہ گاؤں کا نام تبدیل کرکے موہن پورہ رکھ دیا گیا،اور اس کیلئے محکمہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق اب یہ گائوں تمام سرکاری ریکارڈ بشمول محصولات کے کاغذات، اسکولوں اور انتظامی دفاتر میں موہن پورہ کے نام سے جانا جائے گا۔
راجستھان حکومت نے کوٹہ ضلع کے ڈیگوڈتحصیل کے گاؤں محمد پورہ کا نام بدل کر موہن پورہ رکھ دیا ، اور اس سلسلے میں ایک سرکاری نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق، بدھادتیہ پو لیس اسٹیشن کے علاقے میں واقع اس گاؤں کو اب تمام سرکاری ریکارڈ بشمول محصولات کے کاغذات، اسکولوں اور انتظامی دفاتر میں موہن پورہ کے نام سے جانا جائے گا۔گاؤں میں چھ درجن سے زیادہ گھر ہیں اور یہاں مکمل طور پر ہندو برادری کے افراد آباد ہیں، یہاں کوئی مسلم خاندان نہیں رہتا۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ راجستھان حکومت نے حال ہی میں کیتھن علاقے کے گاؤں کھیڑا رسول پور کا نام بدل کر کھیڑا رام پور رکھا تھا، جو دیہات کے ناموں کی وسیع پیمانے پر نظر ثانی کے رجحان کو ظاہر کرتا ہے۔
واضح رہے کہ مقامی افراد کے مطابق، گاؤں کا نام محمد پورہ نوابی دور میں ایک محمد نامی پولیس چوکی انچارج کے نام پر رکھا گیا تھا۔ اس کے بعد یہ نام سرکاری ریکارڈ میں درج ہوا اور دہائیوں تک برقرار رہا۔مدن پورہ پنچایت کے منتظم مولو چند گرجار نے کہا کہ دیہاتی طویل عرصے سے گاؤں کے نام کی تبدیلی کا مطالبہ کر رہے تھے۔محمد پورہ (اب موہن پورہ) پپلاڑا اسمبلی حلقے کے تحت آتا ہے اور یہ ڈیگوڈ تحصیل ہیڈکوارٹر سے تقریباً ۴۶؍ کلومیٹر دور، چمبل دریا کے کنارے واقع ہے۔نائب تحصیلدار ہیم راج ناگر نے بتایا کہ گاؤں کے بیشتر رہائشی کاشتکاری سے وابستہ ہیں۔
گائوں کے مکینوں نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو ایک یادداشت پیش کی تھی، جس میں نام کی تبدیلی کی درخواست کی گئی تھی۔ان کی کوششوں کے بعد، مرکز کی وزارت داخلہ نے تجویز کو منظوری دے دی، جس کے بعد ریاستی حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔ گائوں کے مکینوں نے اسپیکر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اہلکار پریتم مینا کے مطابق، ضلعی کلکٹر کی جانب سے ہدایات موصول ہونے کے بعد نام تبدیلی کا باقاعدہ نفاذ شروع ہو جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: صوفیہ قریشی کی توہین پر معافی نہیں، کارروائی ہوگی
راجستھان حکومت کی جانب سے پپلاڑا اسمبلی حلقے کے گاؤں محمد پورہ کا نام سرکاری طور پر موہن پورہ رکھنے کے احکامات ریاستی محصولات محکمہ کے ڈپٹی سکریٹری ہری سنگھ مینا نے جاری کیے ہیں، جس کے ذریعے سرکاری ریکارڈ میں گاؤں کے نام میں سرکاری ترمیم کی گئی ہے۔یہ تبدیلی حکومت ہند کے محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے موصولہ خط کی بنیاد پر، متعلقہ انتظامی طریقہ کار کے بعد کی گئی ہے۔ڈیگوڈ تحصیلدار پریتم کمار مینا نے کہا کہ نام کی تبدیلی گائوں کے مکینوں کی درخواست پر شروع کی گئی تھی۔انہوں نے کہا، ’’دیہاتیوں نے گاؤں کے سرپنچ مول چند گرجار کے ساتھ مل کر تبدیلی کی تحریری درخواست جمع کرائی تھی۔ اس درخواست میں سرپنچ کے سرکاری لیٹر ہیڈ پر تمام دیہاتیوں کے دستخطوں کے ساتھ ایک خط بھی شامل تھا۔‘‘