Inquilab Logo Happiest Places to Work

رتن ٹاٹا مہاراشٹر اسٹیٹ اسکل یونیورسٹی کی ۵۰؍ جگہوں پر شاخیں قائم کی جائیں گی

Updated: April 19, 2026, 10:57 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

مہاراشٹر میں ہنرمندی کی ترقی کے وزیر منگل پربھات لودھا کا اعلان، ہر ہاتھ کو کام اور ہر کام کو عزت دینے کا عزم۔

State Minister Mangal Prabhat Lodha during his speech. Photo: INN
ریاستی وزیر منگل پربھات لودھا خطاب کے دوران۔ تصویر: آئی این این

ممبئی (اقبال انصاری): سنگاپور کی ا سکل یونیورسٹی کی طرز پر رتن ٹاٹا مہاراشٹر اسٹیٹ اسکل یونیورسٹی کی آنے والے سال تک ریاست میں ۵۰ ؍مقامات پر شاخیں شروع کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ، اس یونیورسٹی کو اس طرح تیار کیاجائے گا کہ یہاں سے فارغ ہونے والے طلبہ کو یقینی طور پر ملازمت مل سکے۔

ہنر، روزگار، کاروباری اور اختراع کے وزیر منگل پربھات لودھا نےگزشتہ روز ایک تقریب کے موقع پر یہ اعلان کیا۔ منگل پربھات لودھا ایلفنسٹن ٹیکنیکل اسکول کے سینٹرل رتن ٹاٹا مہاراشٹر اسٹیٹ اسکل یونیورسٹی کے ۳؍ سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس پروگرام میں رتن ٹاٹا مہاراشٹر اسٹیٹ اسکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اپوروا پالکر، ممبئی سٹی کلکٹر آنچل گوئل، اسٹیٹ انوویشن سوسائٹی کمشنر ڈاکٹر امیت سینی، اسٹیٹ انوویشن سوسائٹی کے سی ای او ڈاکٹر شری کانت پاٹل، ڈائریکٹوریٹ آف بزنس اینڈ ٹریننگ کے ڈائریکٹر ستیش سوریاونشی،اوردیگر مہمان موجود تھے۔

یہ بھی پڑھئے: سحرشیخ کا کارپوریٹر کا عہدہ خطرے میں، والد کا اوبی سی سرٹیفکیٹ فرضی !

ہر ہاتھ کو کام، ہرکام کو عزت 

منگل پربھات لودھا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہم نئی تعلیمی پالیسی کے ذریعے ہنر پر مبنی تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔ ریاست میں چیف منسٹر مہافنڈ یوجنا کے تحت۳؍ فیصد کی شرح سود پر قرض فراہم کیا جائے گا۔ اس اسکیم کے ذریعے ہم ریاست میں۲؍لاکھ کاروباری پیدا کریں گے اور اس کا مقصد ۵۰؍ ہزار اسٹارٹ اپس تک پہنچنا ہے۔ حکومت کی جانب سے منتخب اسٹارٹ اپس کو مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ ریاست کے ۴۱۷؍آئی ٹی آئی میں چیف منسٹر مہافنڈ یوجنا کے ذریعہ کاروبار شروع کرنے کے لئے آئی ٹی آئی کے قریب جگہ فراہم کی جائے گی۔ ہر ہاتھ کو کام ملے گا اور ہر کام کو عزت ملے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم ایک خاندان ہیں، طلبہ کی ترقی کے لیے حکومت پوری قوت کے ساتھ آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: گوریگاؤں: موتی لال نگر کے ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے ماسٹر پلان کا اجراء

روزگار دینے والے سنگاپور ماڈل کی پیروی

منگل پربھات لودھا نے کہا کہ سنگاپور کی ترقی کا راز اس کی تعلیمی اصلاحات اور ہنر مندی کی ترقی میں مضمر ہے۔ اس کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی تعلیم اور ٹیکنالوجی ہے۔ سنگاپور میں، جہاں پوری معیشت کو تیز کرنے والے منصوبے صرف ۲۵؍ لاکھ روپے کی سرمایہ کاری سے تیار کئے جاتے ہیں اور۱۰۰؍ فیصد روزگار کی ضمانت دی جا تی ہے۔ ہم مہاراشٹر میں بھی ہنر مندی کے فروغ کے ذریعے اسی ’سنگاپور ماڈل‘ کو لانا چاہتے ہیں۔اس موقع پرمختلف مقابلوں میں حصہ لینے والے طلباء کو انعامات تقسیم کئے گئے۔ رتن ٹاٹا مہاراشٹر اسٹیٹ اسکل یونیورسٹی کے انچارج رجسٹرار ڈاکٹر راجیش تلوار کو ان کی بہترین کارکردگی کے لیے اعزاز سے نوازا گیا۔ غیر تدریسی عملے کی خدمات کے اعتراف میں انہیں بہترین نان ٹیچنگ اسٹاف ایوارڈ سے نوازا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK