بجلی بل میں سبسیڈی کیلئے ۱۴؍ اگست تک رجسٹریشن کر سکتے ہیں۔
EPAPER
Updated: May 17, 2026, 4:16 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
بجلی بل میں سبسیڈی کیلئے ۱۴؍ اگست تک رجسٹریشن کر سکتے ہیں۔
بجلی بل میں سبسڈی حاصل کرنے کیلئے لازمی آن لائن رجسٹریشن کے معاملے میں پاورلوم مالکان کو بڑی راحت دیتے ہوئے حکومت نے رجسٹریشن کی آخری تاریخ بڑھا کر ۱۴؍اگست کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی رجسٹریشن کے پیچیدہ عمل کو آسان بنانے کیلئے نیا فارم تیار کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
بھیونڈی پاورلوم مزدور بیم ویورس اینڈ اونرس اسوسی ایشن کے صدر تروپتی سِریپورم نے میڈیا کو بتایا کہ منترالیہ، میں ریاستی وزیر تعلیم دادا بھوسے کی قیادت میں وزیر برائے ٹیکسٹائل صنعت سنجے ساوکَرے اور ٹیکسٹائل محکمہ کے افسران کے ساتھ ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں بھیونڈی، مالیگاؤں، اچلکرنجی سمیت مختلف پاورلوم مراکز کے نمائندوں نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: پانچوں پربھاگ سمیتیوں کے چیئرمین بلا مقابلہ منتخب
میٹنگ میں پاورلوم تنظیموں نے آن لائن رجسٹریشن کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور تکنیکی رکاوٹوں کو اجاگر کیا۔نمائندوں کی شکایات کے بعد محکمۂ ٹیکسٹائل نے تنظیموں کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے رجسٹریشن کیلئے ایک آسان اور ترمیم شدہ فارم تیار کیا، جسے سنجے ساوکَرے نے منظوری دے دی۔ اس کے علاوہ یہ بھی طے پایا کہ محکمہ کے افسران پاورلوم مراکز میں جا کر خصوصی کیمپوں کے ذریعے مالکان کو رجسٹریشن کے عمل کی معلومات فراہم کریں گے۔
میٹنگ میں واضح کیا گیا کہ بجلی بل میں سبسڈی حاصل کرنے کیلئے آن لائن رجسٹریشن لازمی ہوگا، تاہم اب پاورلوم مالکان ۱۴؍ اگست تک اپنا اندراج کرا سکیں گے۔
یہ بھی پڑھئے: سڈکو کے ماتحت تمام ریلوے اسٹیشنوں کو سینٹرل ریلوے کے سپرد کرنے کی منظوری
اس دوران بھیونڈی پاورلوم مزدوری بیم ویورس اینڈ اونرس اسوسی ایشن کے صدر تروپتی سِریپورم نے بعض ایجنٹوں پر پاورلوم مالکان کو گمراہ اور ہراساں کرنے کا الزام لگایا۔ اس پر وزیر سنجے ساوکَرے نے خبردار کیا کہ ایجنٹوں کے خلاف شکایت ملنے پر سخت کارروائی کی جائے گی اور پاورلوم مالکان کو کسی کے بہکاوے میں نہ آنے کا مشورہ دیا۔میٹنگ میں بھیونڈی سے تروپتی سِریپورم، چندولال سُمریا، محبوب خان، نوین بھائی، راج شیکھر آڈے جبکہ مالیگاؤں اور اچلکرنجی کے مختلف نمائندے بھی موجود تھے۔