Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ادھو ٹھاکرے کے اراکین پارلیمان ہمارے رابطے میں ہیں‘‘

Updated: May 08, 2026, 11:51 AM IST | Mumbai

شیوسینا (شندے) کے سنجے شرساٹ کا دعویٰ، کہا ’’ ایکناتھ شندے بخوبی جانتے ہیں کہ آپریشن ٹائیگر کب کرنا ہے ، اور یہ ایک دن ہو کر رہے گا۔‘‘

Another claim by Sanjay Shirsat. (File photo)
سنجے شرساٹ کا ایک اور دعویٰ۔ (فائل فوٹو)

ریاستی وزیر اور شیوسینا (شندے) کے سینئر لیڈر سنجے شرساٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ادھو ٹھاکرے کی شیو سینا کے کئی اراکین اسمبلی اور اراکین پارلیمنٹ جلد پارٹی چھوڑ سکتے ہیں  اور جلد ہی ان کی پارٹی میں بڑی پھوٹ پڑ سکتی ہے۔ یاد رہے کہ شیوسینا(ادھو) کے رکن پارلیمان سنجے دینا پاٹل سے حال ہی میں ایکناتھ شندے نے ملاقات کی تھی جس کے بعد اس طرح کی خبریں اڑنے لگی تھیں۔ اسی دوران ایک روز قبل سندھو درگ میں کنکولی کے سابق میئر سندیش پارکر نے شیوسینا (ادھو) کو چھوڑ کر شیوسینا (شندے) میں شامل ہونےکا اعلان کیا۔ 

اسی پس منظر میں بات کرتے ہوئے سنجے شرساٹ نے کہا، ’’ایکناتھ شندے بخوبی جانتے ہیں کہ آپریشن ٹائیگر کب نافذ کرنا ہے۔ جب بھی ضرورت پیش آئی، وہ اسے کامیاب بنا دیں گے۔‘‘ انہوں نے کہا’’ ادھو سینا کے کئی اراکین اسمبلی اور اراکین پارلیمان ہمارے رابطے میں ہیں اور کسی بھی وقت آپریشن ٹائیگر شروع ہو سکتا ہے۔ ادھو ٹھاکرے کی شیو سینا اب پہلے جیسی نہیں رہی۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: جنوبی ممبئی میں پانی سپلائی متاثر ہونے سے مکینوں کو دشواریاں

یاد رہے کہ ایک روز قبل  پربھنی ضلع میں  شیوسینا(ادھو)کے ۸۲؍ عہدیداروں نے اجتماعی استعفیٰ دے کر پارٹی میں ہلچل مچا دی تھی۔ ان عہدیداروں نے سابق ضلعی صدر گنگاپرساد انیراو کو عہدے سے ہٹائے جانے پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے اپنے استعفے پیش کئے۔اس واقعے کے بعد ادھو ٹھاکرے نے گنگاپرساد انیراو کی جگہ وشنو مرکوٹے کو پربھنی کا نیا ضلعی صدر مقرر کیا ہے۔ پربھنی سے ادھو سینا کے رکن اسمبلی راہل پاٹل نے ۸۲؍ عہدیداروں کے استعفوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا، ’’شیو سینا ایک ایسی فیکٹری ہے جو مسلسل لیڈر تیار کرتی ہے۔‘‘گنگاپرساد انیراو کے خلاف کارروائی اس بنیاد پر کی گئی تھی کہ وہ ممبئی میں واقع شیو سینا بھون میں منعقدہ ایک میٹنگ میں غیر حاضر تھے۔ تاہم ان کے حامیوں کے اجتماعی استعفوں نے پارٹی کے اندرونی اختلافات کو کھل کر سامنے لا دیا ہے۔ گنگاپرساد انیراو کو ادھو سینا کے رکن پارلیمان سنجے جادھو کا قریبی سمجھا جاتا ہے، جسکے باعث یہ قیاس آرائیاں مزید تیز ہو گئی ہیں کہ سنجے جادھو بھی پارٹی چھوڑ سکتے ہیں۔ تاہم  راہل پاٹل نے کہا کہ سنجے جادھو کے پارٹی چھوڑنے سے متعلق کوئی اطلاع مجھے نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کے ڈی ایم سی: ہر پیر اور منگل کو ۲۴؍ گھنٹے پانی کی سپلائی منقطع رہے گی

یاد رہے کہ حال ہی میں ایکناتھ شندے اور ادھو سینا کے رکن پارلیمان سنجے دینا پاٹل کو ایک ہی گاڑی میں بیٹھ کر ممبئی کے فورٹیز اسپتال پہنچے تھے جہاں سنجے دینا پاٹل کی اہلیہ زیر علاج ہیں۔ اس واقعے کے بعد ’آپریشن ٹائیگر‘ اور سنجے دینا پاٹل کے شندے سینا میں شامل ہونے کی باتیں ہونے لگیں۔ اگرچہ ابھی تک عملی طور پر کچھ سامنے نہیں آیا ہے۔ حالانکہ خود شندے کی پارٹی میں بھی ناراضگی کی خبریں  ہیں۔ پارٹی کی ترجمان شائنا این سی کے بارے کہا جا رہا ہے کہ وہ پارٹی سے ناراض ہیں کیونکہ انہیں ودھان پریشد کا ٹکٹ نہیں دیا گیا۔ وہ جلد پارٹی کو خیرباد کہہ سکتی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK