Inquilab Logo Happiest Places to Work

جنوبی ممبئی میں پانی سپلائی متاثر ہونے سے مکینوں کو دشواریاں

Updated: May 08, 2026, 11:36 AM IST | Saadat Khan And Shahab Ansari | Mumbai

ورلی کے ڈاکٹر ای موسس روڈ پر پائپ لائن میں شگاف پڑ نے سےجی سائوتھ، ڈی اور ای وارڈ کےمتعدد علاقوںمیں پانی نہیںآیا۔ شدید گرمی سے پریشان شہریوں کومجبوراً  ٹینکر منگوانا پڑا۔

A water tanker was called to a building due to a lack of water. (Photo: Inquilab)
پانی نہ آنے کے سبب ایک عمارت میں واٹر ٹینکر منگوایا گیا تھا۔ (تصویر: انقلاب)

ورلی کے قریب ڈاکٹر ای موسس روڈ پر واقع فیمس اسٹوڈیو کے سامنے بدھ کو ایک ہزار ۶۵۰؍ ملی میٹر قطر کے مین واٹر پائپ لائن میں شگاف پڑ نے سے بڑے پیمانے پر پانی بہنے اور پائپ لائن کی مرمت کا کام جنگی پیمانے پر شروع کرنے کی وجہ سے جمعرات کو جی سائوتھ ، ڈی اور ای وارڈ کے مختلف علاقوں   جن میں  ورلی، پربھا دیوی ،گرانٹ روڈ، بائیکلہ، مدنپورہ اور اطراف کے دیگر علاقے شامل ہیں، میں کچھ جگہ پانی بالکل نہیں آیا جبکہ متعدد مقامات پر پانی کا دبائو کم ہونے سے شہریوں کو پانی کی قلت کا سامناکرنا پڑا  ۔پانی سپلائی متاثر ہونے سے مکینوں کو شدید گرمی میں پریشانی اُٹھانی پڑی۔مجبوراً انہیں ٹینکرمنگوانا پڑا۔ تادم تحریر پائپ لائن کی مرمت کاکام تیزی سے جاری تھا ۔  شہری انتظامیہ نے متعلقہ وارڈوں کے شہریوں سے پانی کفایت شعاری سے استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: نوی ممبئی: ۳؍ فلائی اوور کی تعمیر کی تجویز منظور

مذکورہ خرابی کی وجہ سے جمعرت کو لیمنگٹن روڈ، ایم ایس علی روڈ، جے بومن بہرام مارگ، آر ایس نمکر مارگ، شکلا جی اسٹریٹ، گرانٹ روڈ مشرق ، بالارام اسٹریٹ، ڈاکٹر ڈی بی مارگ، پٹھے باپورا ئومارگ اور ممبئی سینٹرل وغیرہ  کے علاقوں میں پانی کی سپلائی مکمل طور پر بند رہی جبکہ ٹھاکردوار، ایم کے روڈ، آر آر روڈ، جے ایس ایس روڈاور کھاڈیلکر روڈ وغیرہ کے علاقوں میں پانی کی سپلائی کم رہی ۔اسی طرح گرگاؤں روڈ، ہیوز روڈ، بابل ناتھ روڈ اور چوپاٹی کے علاقوں میں کم پریشر کے ساتھ پانی سپلائی کیا گیا ، ایم پی ملز کمپاؤنڈ، بی بی نکشے مارگ  اور تاڑدیو وغیرہ میں پانی کی سپلائی مکمل طور پر بند رہی ۔ بائیکلہ، ناگپاڑہ ،مدنپورہ ، سائیں گروجی مارگ ، کستوربا اسپتال، مولانا آزاد روڈ، ڈاکٹر آنند راؤ نائر روڈ، میگھراج سیٹھی مارگ، مراٹھا مندر روڈ، مورلینڈ روڈ ، کماٹی پورہ اور قرب و جوار کے دیگر علاقوں میں بھی کہیں پانی بالکل نہیں آیاتوکہیں پر   دبائو کم رہا۔

گرانٹ روڈ کے رہنے والے جواہر احمدنے بتایا کہ ’’ہمارے علاقے میں پانی نہ آنے سے لوگوں کو کافی پریشانی ہوئی ۔ ‘‘  بیلاسس روڈ پر واقع ضیاء اپارٹمنٹ کے رضوان خان عرف گُڈو نے انقلاب کو بتایا کہ ’’ ہماری پوری بلڈنگ میں ایک بوندبھی پانی نہیں آیا  جس کی وجہ سے پانی کیلئے علی الصباح بلڈنگ کے احاطےمیں لوگ اکٹھا دکھائی دئیے۔ بلڈنگ کے ۶۰؍ گھروں اور ۵۰؍ دفاتر کے لوگوں کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ڈھائی ہزار لیٹر کے ۱۰؍ٹینکر منگوائے گئے ۔ ایک ٹینکر کیلئے ایک ہزار روپے ادا کیا گیا  ۔ پانی نہ ہونے سے لوگوں کو ڈیوٹی اور دفاتر جانے میں بڑی پریشانی ہوئی ۔‘‘ مومن پورہ میں واقع عمران پیلس کے محمد یونس عالم کے بقول ’’ ہماری بلڈنگ میں گزشتہ ایک ہفتہ سے پانی کم آ رہا ہے لیکن جمعرات کو بالکل پانی نہیں آیا جس کی وجہ سے بڑی پریشانی ہوئی ۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: کاشی میرا چوراہے سے شیواجی مہاراج کا مجسمہ ہٹانے کے معاملے پر زبردست تنازع

پانی کی قلت سے مصلیان کو بھی تکلیف اُٹھانی پڑی ۔  متعدد مساجد میں پانی نہ آنے سے مصلیان کو گھر سے وضو کرکےمسجد آنے کیلئے کہا گیا ۔ 

پانی کی کمی سے متعدد کاروباریوں نے ٹینکر  منگوا یا ۔ مورلینڈ روڈ کے ایک باورچی نے بتایا کہ ’’میرا ایک بڑا کھانے کا آرڈر تھا  لیکن پانی کی کمی سے کھانا وقت پر نہیں پہنچ سکا کیونکہ ٹینکر کا پانی تاخیر سے پہنچا  اس لئے کھانا بنانے میں دیر ہوئی ۔‘‘

وارڈ نمبر ۲۱۱؍ کے کارپوریٹر وقارخان کے مطابق ’’بی ایم سی ہائیڈرولک ڈپارٹمنٹ کا عملہ پائپ لائن کی  مرمت کے کام کو جنگی پیمانے پر مکمل کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن ابھی تک (شام ساڑھے ۶؍بجے ) کام پورا نہیں ہوسکا ہے ۔ اگر جمعرات کی دیر رات تک کام مکمل نہیں ہوا تو جمعہ کو بھی پانی سپلائی   متاثر ہونے کا امکان ہے ۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: مانسون سے قبل رَن وے کی دیکھ بھال کیلئے ایئر پورٹ آج ۶؍ گھنٹے بند رہے گا

جنوبی ممبئی میں آج بھی پانی سپلائی متاثر رہے گی

بی ایم سی نے جمعرات کی شب اطلاع دی کہ ورلی میں پائپ لائن کی مرمت کا کام مکمل نہیں ہوسکا ہے جس کی وجہ سے جمعہ،۸؍ مئی کو بھی پانی سپلائی متاثر رہے گی۔ بی ایم سی کے ’ڈی، ای اور جی سائوتھ‘ کے جن علاقوں میں جمعرات کو پانی نہیں پہنچا تھا، جمعہ کو بھی وہاں پانی سپلائی بند رہنے کا اندیشہ ہے اور جہاں کم پہنچا تھا، وہاں جمعہ کو بھی وہی حال رہے گا۔ شہری انتظامیہ کے مطابق پائپ لائن کو شدید نقصان پہنچا ہے  اس لئے جنگی پیمانے پر مرمت کا کام کرنے کے باوجود  جمعرات کو بھی یہ مکمل نہیں کیا جاسکا

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK