Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرین مسافروں کیلئے میٹرو اسٹیشن، ایئر پورٹ کی طرز پر سیکوریٹی انتظامات کا مطالبہ

Updated: July 01, 2026, 1:03 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

جی آر پی نے اسے نا ممکن قرار دیا۔ کہا: بیشتر اسٹیشنوں پر حفاظتی دستہ تعینات کیا گیا ہے اور سامان کی جانچ کیلئے بڑے اسٹیشنوں پر اسکینر بھی لگائے گئے ہیں۔

Police officers search a passenger`s luggage in a local train compartment. Photo: INN
لوکل ٹرین کے ڈبے میں پولیس اہلکار ایک مسافر کے سامان کی تلاشی لیتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

گزشتہ روز ٹرین میں سفر کے دوران بارش کے سبب دروازہ بند کرنے پر ہونے والی تکرارپر  ۳۰؍ سالہ شخص نے۲۲؍سالہ نوجوان کو چاقو سے قتل کردیا تھا۔ اس دردناک واقعہ پر مسافروں اور ریلوے کی تنظیموں  نے  مسافروں کی حفاظت کے تئیں تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ان کا یہ  مطالبہ ہے کہ جس طرح سے میٹرو اسٹیشنوں اور ایئر پورٹ پر سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، اسی طرز پر ریلوے اسٹیشنوں پر بھی حفاظتی انتظامات کئے جانے چاہئیں۔ دوسری جانب ریلوے انتظامیہ کے بقول لاکھوں مسافر روزانہ ٹرین سے سفر کرتے ہیں، ہر ایک مسافر یا ان کے سامان کی جانچ کرنا ممکن نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سچن اہیر نے بھی اُدھو کا ساتھ چھوڑا، کونسل میں ڈپٹی چیئر مین بنیں گے

لوکل ٹرین میں قتل کی واردات کے بعد ایک طرف سوشل میڈیا پر مسافر ریلوے انتظامیہ کو ٹیگ کرکےمسافروں کی حفاظت کے تعلق سے مزید سنجیدہ ہونے اور سخت سیکوریٹی انتظامات کرنے کی اپیل کررہے ہیں اور ریلوے پروٹیکشن فورس  اور گورنمنٹ ریلوے پولیس  کے اضافی دستوں کو تعینات کرنے کی درخواست بھی کررہے ہیں  وہیں  مسافروں کی مختلف تنظیموں نے ریلوے کمشنر راکیش کلا ساگر سے ملاقات کرکے انہیں ایئر پورٹ اور میٹرو ریل کے اسٹیشنوں کی طرز پر سامان کی جانچ کرنے والی مشینوں میں اضافہ کرنے اور ریلوے اسٹیشنوں میں سیکوریٹی کو بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

  ریلوے کمشنر نے ملاقات کے دوران ہر اسٹیشنوں پر سامان کی جانچ کیلئے اسکیننگ مشینیں لگانے  یا ہر مسافروں اور ان کے سامان کی جانچ کرنے میں کئی طرح کے مسائل پیدا ہونے کا حوالہ دیا ۔ ا نہوں نے میٹرو اور ایئرپورٹ کی طرز پر جانچ کرنا ممکن نہ ہونے کا یہ جواز بھی پیش کیا کہ سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے میں ۱۰۰؍ سے زائدریلوے اسٹیشن ہیں اور متعدد اسٹیشنوں پر بے شمار داخلی اور خارجی راستے ہیں ۔  موجود انفرا اسٹرکچر اور افرادی قوت کے ساتھ ہر مسافر اور اس کے سامان کی جانچ کرنا عملی طور پر ناممکن ہے ۔ البتہ ٹرین میں قتل کی واردات کے پیش نظر بیداری مہم چلائی جارہی ہے اور سیکوریٹی میں بھی اضافہ کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی:آڈیٹوریم کی مرمت میںتاخیر سے رکن پارلیمان برہم

ایک طرف جی آر پی بیداری مہم کے ذریعہ مشتبہ افراد سے ہوشیار رہنے اور ان کے تعلق سے اطلاعات دینے کی اپیل کرے گی  تو دوسری طرف مسافروں کی تنظیمیں   اس فیصلے سے مطمئن نہیں ہیں۔ ممبئی ریل پرواسی سنگھٹنا کے صدر مدھو کوٹیان کے بقول ’’بیداری مہم وقت کا ضیاع ہے جب تک کہ حکام سامان کی منظم اسکریننگ شروع نہیں کریں گے اور مسافروں کی حفاظت کے تعلق سے سیکوریٹی میں اضافہ نہیں کرتے ،اس طرح کے واقعات پیش آنے کے خطرات ہنوز برقرار رہیں گے۔ریلوے کو مسافروں کے سامان کی جانچ کیلئے نہ صرف اسکیننگ مشینیں بڑھانے کی ضرورت ہے بلکہ جو مشینیں لگائی گئی ہیں اور وہ بند پڑی ہیں ، ان کی بھی مرمت کرنی چاہئے ۔‘‘  تنظیم  کے نائب صدر سدھیش دیسائی نے کہا کہ’’ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانا چاہئےنہ کہ کسی واقعہ یا سانحہ کے بعد محض اسے بحث کا موضوع بنانا چاہئے ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK