Inquilab Logo Happiest Places to Work

اوبی سی کے حقوق اوران کی ترقی کیلئے شبیر احمدانصاری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں

Updated: April 10, 2026, 12:14 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

بلال مسجد میں منعقدہ تعزیتی نشست میں مولانا معین میاں ، ریاستی وزیرچھگن بھجبل اوردیگر مقررین نے ان کی بے لوث خدمات کویاد کیااور خراج عقیدت پیش کیا۔

Moin Mian addressing the condolence meeting while Chhagan Bhujbal, Amin Patel, Sarfaraz Arzoo and other dignitaries are also seen. Photo: INN
تعزیتی نشست میں معین میاں خطاب کرتے ہوئے جبکہ چھگن بھجبل، امین پٹیل، سرفرازآرزو اور دیگر معزز افراد بھی نظر آرہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

آل انڈیا مسلم او بی سی آرگنائزیشن کے قومی صدراوراوبی سی کیلئے خود کو وقف کرنے والے شبیر احمد انصاری (مرحوم ) کےلئے بدھ کی شب میں سنّی مسلم چھوٹا قبرستان کی جانب سے عیدگاہ میدان (دوٹانکی) پرتعزیتی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ مقررین نے مرحوم کی خدمات کویاد کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے انتقال کو عظیم خسارہ قرار دیا۔

تعزیتی نشست میں مولانا سید معین الدین اشرف عرف معین میاں نے اپنے صدارتی خطبہ میں کہا کہ ’’شبیر احمد انصاری نے سال دو سال نہیں بلکہ اپنی زندگی کے تقریباً ۵۰؍ سال پسماندہ طبقات (اوبی سی) کے حقوق کے حصول اوران کی ترقی کیلئے وقف کر دیئے۔ وہ وقف املاک کے تحفظ کے لئے بھی ڈٹ کر کھڑے ہوئے اور اپنی کوششوں سے مہاراشٹرکے وزیر اعلیٰ کے توسط سے وقف املاک کا سروےبھی شروع کروایا۔‘‘معین میاں نے مرحوم کی ہمت اوربے خوفی کے حوالے سے کہاکہ’’وقف بورڈ کے دفتر میں کچھ نا اہل افسران کے تساہل برتنےپر شبیرانصاری نے تالا لگا دیا تھاجس کے سبب ان پر کیس بھی درج کیا گیا لیکن انہوں نے اس کی کوئی پروا نہیں کی۔‘‘ معین میاں نے مزید کہا کہ ’’تعزیتی نشست کیلئے اس وقت ہم سب جس میدان میں جمع ہیں ، اسے غاصبوں سےبچانے میں بھی مرحوم کا اہم رول رہا ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: مدرسہ ماڈرنائزیشن اسکیم کےتحت انتہائی معمولی فنڈ، ذمہ دارانِ مدارس حیرت زدہ

ریاست کے کابینی وزیر چھگن بھجبل نے کہا کہ’’ پسماندہ مسلم طبقات کو او بی سی زمرے میں شامل کرانے کی جدوجہدکرنے والے، سفارشات کے نفاذ کیلئے آواز بلند کرنےوالے، ریزرویشن کے حق میں ملک بھر میں تحریک چلانے والے، گاؤں اور عوامی سطح پر مسلسل کوشاں رہنے والے لیڈرکا نام شبیر احمد انصاری تھا۔ان کا انتقال خصوصاً مسلم پسماندہ طبقات کے لئے بڑا خسارہ ہے۔‘‘

رکن اسمبلی امین پٹیل نے کہا کہ ’’مرحوم نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ پسماندہ طبقات کے حقوق کی جدوجہد کےلئے وقف کردیا تھا۔ وہ مشکل ترین حالات میں بھی حوصلہ نہیں ہارتے تھے۔‘‘ امین پٹیل نے چوک کو شبیر انصاری سے موسوم کرنے کا بھی دورانِ نشست اعلان کیا۔

تعزیتی نشست میں سیاسی لیڈر نظام الدین راعین، سماجی خدمتگار سعید خان، سینئر صحافی سرفراز آرزو،سابق رکن اسمبلی وارث پٹھان اور آل انڈیا مسلم او بی سی آرگنائزیشن کے کار گزار صدر فاضل انصاری نے بھی اظہارخیال کیا اور مرحوم کی بے لوث خدمات، ان کی جدوجہد، سادگی،خود نمائی اور تشہیر سے دوری اور آخری وقت تک کی جانے والی کوششوں کا احاطہ کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ مقررین نےمرحوم سے اپنے ذاتی مراسم کا بھی خصوصی طور پر تذکرہ کیا۔

یہ بھی پڑھئے: ’پیٹ‘ امتحان کے پرچوں کی کمی کے سبب طلبہ کو پریشانیوں کا سامنا

نظامت کےفرائض اے ایم پی کے صدر عامر ادریسی نے انجام دیئے۔تعزیتی نشست میں اسٹیج پرعلماء،ائمہ اوردیگر اہم شخصیات کے علاوہ حاضرین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK