ڈی سی پی نے کہا کہ تفتیش سے پتہ چلا کہ حادثہ کار ڈرائیور نہیں بلکہ بائیک سوار کی غلطی کی وجہ سے پیش آیا۔
EPAPER
Updated: July 15, 2026, 12:39 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Shahad
ڈی سی پی نے کہا کہ تفتیش سے پتہ چلا کہ حادثہ کار ڈرائیور نہیں بلکہ بائیک سوار کی غلطی کی وجہ سے پیش آیا۔
شہاڈ کے برلا گیٹ کے قریب پیش آنے والے جان لیوا سڑک حادثے میں، جس میں ایک شخص ہلاک ہو گیا تھا، تفتیش کے دوران ایک اہم اور ڈرامائی موڑ سامنے آیا ہے۔ ابتدائی طور پر ایک گولڈ تاجر کو لاپروائی سے کار چلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم پولیس کی جانب سے جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد حقیقت اس کے برعکس سامنے آئی۔ پولیس کے مطابق حادثہ کار کی ٹکر سے نہیں بلکہ مبینہ طورپر بائیک سوار کی جلد بازی میں اوور ٹیک کرنے کی کوشش اور اس دوران توازن بگڑ جانے کے باعث پیش آیا تھا۔
منگل کوالہاس نگر پولیس کے ڈپٹی کمشنر سچن گورے نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ کار حادثہ کا افسوسناک واقعہ پیر کی صبح اس وقت پیش آیا جب ۵۱؍ سالہ دیویندر سنگھ راجپوت اپنے بیٹے کے ہمراہ بائیک پر سوار ہو کر شہاڈ اسٹیشن کی طرف جا رہے تھے۔ اسی دوران کلیان کے رہائشی کار ڈرائیور اویناش پرکاش موتھا پانجرا پُل میں واقع مندر درشن کے بعد اپنے گھر لوٹ رہے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: شاہ رخ خان کو راحت: سپریم کورٹ نے ’’منت‘‘ کی توسیع کے خلاف درخواست مسترد کردی
ڈی سی پی سچن گورے نے سی سی ٹی وی فوٹیج کا حوالہ دیتے ہوئے بتایاکہ برلا گیٹ کے قریب پہنچتے ہی بائیک سوار دیویندر سنگھ نے اپنے آگے چلنے والے ایک آٹو رکشا کو تیزی سے اوور ٹیک کر کے آگے نکلنے کی کوشش کی۔ اس تیز رفتاری کے دوران بائیک کا توازن اچانک بگڑ گیا اور وہ سڑک پر گرگئے۔بدقسمتی سے اسی لمحے وہاں سے گزرنے والی کار کا پچھلا پہیہ بائیک سوار کے اوپر سے گزر گیا جس کے نتیجے میں دیویندر سنگھ راجپوت کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔ اس ہولناک سڑک حادثے میں متوفی کا بیٹا سنجے سنگھ راجپوت شدید طور پر زخمی ہوا ہے جسے فوری طورپر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ الہاس نگر پولیس نے واضح کیا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد حادثے کی اصل وجہ اور سچائی پوری طرح کھل کر سامنے آ گئی ہے۔