ریاست میں تمام لڑکیوں میں اول جبکہ ملک بھر میں ۵؍ واں مقام حاصل کیا ، سال بھر موبائل اور سوشل میڈیا سے دور رہی تب یہ کامیابی ہاتھ لگی۔
EPAPER
Updated: July 18, 2026, 10:18 AM IST | Mumbai
ریاست میں تمام لڑکیوں میں اول جبکہ ملک بھر میں ۵؍ واں مقام حاصل کیا ، سال بھر موبائل اور سوشل میڈیا سے دور رہی تب یہ کامیابی ہاتھ لگی۔
پونے ضلع کے داؤنڈ تعلقہ میں واقع ایک چھوٹے سے گاؤں، کھڑکی سے تعلق رکھنے والی شراونی کرشنا کڈالے نے نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کی طرف سے میڈیکل کورسیز میں داخلے کیلئے منعقد کئے جانے والے نیٹ امتحان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۷۲۰؍ میں سے ۷۱۰؍نمبر حاصل کئےہیں۔ شروانی نیٹ امتحان میں ملک بھر میں پانچویں اور لڑکیوں میں پہلے نمبر پر آئی ہے۔شروانی نے اپنی محنت، لگن اور صلاحیت سے یہ ثابت کر دکھایا ہےکہ ضلع پریشد اسکول سے پڑھائی کر کے بھی بڑی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔
شراونی نے پہلی سے پانچویں جماعت تک داؤنڈ تعلقہ کے گوپال واڑی چورملے وستی کے ضلع پریشد پرائمری اسکول میں حاصل کی۔ اس نے اپنی ثانوی تعلیم مالیگاؤں کے شاردا بائی پوار ودیا نکیتن کالج سے مکمل کی۔ اس ہونہارطالبہ نے نیٹ امتحان میں غیرمعمولی کامیابی کیلئے ایک سال تک موبائل فون استعمال نہیں کیا۔ ساتھ ہی وہ سوشل میڈیا سے بھی دور رہی تب یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مغربی بنگال :مرشد آباد میں ٹرین کی اسکول وین سےٹکر،۳؍ افراد ہلاک
ملک میں پانچویں اور ریاست میں اوّل پوزیشن ملنے پرشراونی کی چوطرفہ ستائش ہو رہی ہے ۔ متعدد معززین ان کی رہائش گاہ پہنچ کر مبارکباد پیش کرنے کے علاوہ مستقبل کیلئے نیک خواہشات پیش کر رہے ہیں۔
شراونی کے والد کرشنا کڈالے اور والدہ جے شری کڈالے دونوں ٹیچر ہیں ۔ لہٰذا انہوں نے شراونی کی بھر پور رہنمائی کی۔ شروانی نے بارامتی کے ایک پرائیویٹ کلاس سے نیٹ امتحان کی تیاری کی تھی۔ موبائل اور سوشل میڈیا سے دور رہ کر اس نے اپنی پڑھائی پر زیادہ توجہ دی تاکہ اچھے نمبرات سے کامیابی حاصل کر سکے۔شروانی کے مطابق اگر آپ مستقل مطالعہ کریں اور واضح مقصد کے ساتھ کوشش کریں تو آپ دیہی علاقے میں رہ کر بھی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں ۔ شراونی کے والدین اس کی کامیابی پر بے حد خوش ہیں اور چاہتے ہیں کہ آگے بھی وہ یوں کامیابیاں حاصل کریں۔