• Wed, 24 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسرائیل کی جین زی صارفین کو ہدف بنانے کیلئے ڈجیٹل پروپیگنڈے میں ۶؍ ملین ڈالر کی سرمایہ کاری

Updated: December 23, 2025, 3:02 PM IST | Tel Aviv

غزہ میں نسل کشی کے بعد اسرائیل عالمی سطح پر سفارتی دباؤ اور تنہائی کا سامنا کررہا ہے۔ مذکورہ پروجیکٹ ایک ایسی اسٹریٹجک کوشش ہے جس کا مقصد اسرائیل کے ڈجیٹل اثر و رسوخ کو بڑھانا ہے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

حال ہی میں لیک ہوئے سرکاری دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے تقریباً ۶۰ لاکھ ڈالر کی لاگت سے ایک بڑے پیمانے پر ڈجیٹل پروپیگنڈا مہم شروع کی ہے۔ اس مہم کا مقصد غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف بڑھتی ہوئی بین الاقوامی تنقید کا مقابلہ کرنا اور عالمی رائے عامہ کو تبدیل کرنا ہے۔ واضح رہے کہ غزہ میں نسل کشی کے بعد اسرائیل عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے سفارتی دباؤ اور تنہائی کا سامنا کررہا ہے۔ اس درمیان، مذکورہ پروجیکٹ ایک ایسی اسٹریٹجک کوشش ہے جس کا مقصد اسرائیل کے ڈجیٹل اثر و رسوخ کو بڑھانا ہے۔

دستاویزات کے مطابق، اس مہم کا بنیادی ہدف نوجوان نسل ہے، جس میں تقریباً ۸۰ فیصد توجہ `جنریشن زیڈ` (جین زی) پر مرکوز کی جائے گی۔ اسرائیلی حکومت نے ایک امریکی فرم `کلاک ٹاور ایکس` (Clock Tower X) کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ یہ فرم اسرائیل کی شبیہ کو سدھارنے کیلئے پروپیگنڈے پر مبنی ڈجیٹل مواد تیار کرے گی اور اس کی تشہیر کرے گی۔ اس کا ہدف ٹک ٹاک، انسٹاگرام، یوٹیوب جیسے مشہور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور مشہور پوڈ کاسٹس کے ذریعے ماہانہ ۵ کروڑ افراد تک پہنچنا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ظہران ممدانی کی طرف سے گرفتاری کے انتباہ کے باوجود نیتن یاہو نیویارک کے دورہ کیلئے پُرعزم

اے آئی اور سرچ انجنوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش

یہ مہم محض روایتی سوشل میڈیا تک محدود نہیں ہے۔ دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ مہم مصنوعی ذہانت (سے آئی) اور آن لائن معلومات کے نظام پر اثر انداز ہونے کی بھی کوشش کر رہی ہے۔ اس کا مقصد انٹرنیٹ پر مخصوص بیانیے پر مبنی مواد کی بھرمار کرنا ہے تاکہ چیٹ جی پی ٹی جیسے بڑے لسانی ماڈلز (Large Language Models) صارفین کو ایسے جوابات دیں جو اسرائیل نواز بیانیے کی عکاسی کرتے ہو۔

مزید برآں، رپورٹ کے مطابق یہ فرم، گوگل اور بنگ جیسے سرچ انجنوں کے الگورتھم میں تبدیلیاں کرکے اسرائیل کو فائدہ پہنچانے کیلئے `مارکیٹ بریو اے آئی` (MarketBrew AI) نامی سافٹ ویئر ٹول استعمال کررہی ہے۔ اس کا مقصد تلاش کے نتائج (Search Results) میں اسرائیل کے حق میں مواد کو اوپر لانا اور تنقیدی رپورٹس و تجزیوں کو پسِ پشت ڈالنا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی جنگ کے بعد ویسٹ بینک اور غزہ میں پانچ لاکھ سے زائد فلسطینی بے روزگار

اس آپریشن کی نگرانی بریڈ پاسکل کر رہے ہیں جنہوں نے ۲۰۱۶ء میں ڈونالڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ یہ منصوبہ قدامت پسند `سلیم میڈیا نیٹ ورک` کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے جس سے اس مہم کو بڑے امریکی میڈیا اداروں اور سامعین تک رسائی حاصل ہو رہی ہے۔

اگرچہ اس اقدام کو امریکی `فارین ایجنٹس رجسٹریشن ایکٹ` کے تحت ”یہود دشمنی کے خاتمے“ کی کوشش کے طور پر رجسٹر کیا گیا ہے، لیکن افشا ہونے والی دستاویزات بتاتی ہیں کہ اس کا اصل مقصد غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کا جواز پیش کرنا اور بین الاقوامی سطح پر اس کی پالیسیوں کا دفاع کرنا ہے۔ اس مہم کو اندرونی طور پر ”پروجیکٹ ۵۴۵“ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کی نگرانی اسرائیلی وزارتِ خارجہ کے اہلکار ایران شایو وِٹز کر رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK