بیسٹ کے مطابق کل ۲۵۵۳؍ ویٹ لیز بسوں کے بریک اور اسٹیئرنگ سسٹم کا معائنہ کیا گیا،ان میںسے ۸۶۸؍ بسوں میںخرابیاں تھیں۔
EPAPER
Updated: July 23, 2026, 4:13 PM IST | Mumbai
بیسٹ کے مطابق کل ۲۵۵۳؍ ویٹ لیز بسوں کے بریک اور اسٹیئرنگ سسٹم کا معائنہ کیا گیا،ان میںسے ۸۶۸؍ بسوں میںخرابیاں تھیں۔
حال ہی میں بیسٹ (برہن ممبئی الیکٹرک سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ) کی ویٹ لیز بسوں کے متعدد حادثات سامنے آئے ہیں جس سے ویٹ لیز بسوں کی حفاظت پر سنگین سوالات کھڑے ہوگئے ہیں۔ انہی حادثات کودھیان میں رکھتے ہوئے بیسٹ کمیٹی کے رکن نتن ناندگاؤںکر نے اپریل میں ویٹ لیز بسوں کے بریک اور اسٹیئرنگ سسٹم میں خرابیوں کا مسئلہ اٹھایا تھا۔ اس کے بعد تمام بسوں کا معائنہ کیا گیا۔نوبھارت ٹائمس کی ایک رپورٹ کے مطابق حال ہی میں بیسٹ انتظامیہ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک مکتوب سے پتا چلا ہےکہ ۳۴؍فیصد ویٹ لیز بسوں میں خرابیاں تھیں۔ ان میں سے ۳۰؍فیصد کو مرمت کے بعد سڑکوں پر واپس اتار دیاگیا ہے جب کہ۴؍ فیصد کا معائنہ ابھی جاری ہے۔
۹۴؍بسوں کی مرمت کا کام۳؍ ماہ سے جاری ہے
بیسٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کل ۲۵۵۳؍ ویٹ لیز بسوں کے بریک اور اسٹیئرنگ سسٹم کا معائنہ کیا گیا۔ ان میں سے۱۶۸۴؍ بسوں میں کوئی تکنیکی خرابی نہیں پائی گئی۔تاہم ۸۶۸؍ بسوں میں بریک اور اسٹیئرنگ کے سنگین نقائص پائے گئے۔ ان میں سے۷۷۴؍بسوں کی مرمت کر کے انہیں سروس پربحال کردیاگیا ہے جبکہ۹۴؍ بسوں کی مرمت کا کام گزشتہ تین ماہ سے جاری ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: تیز رفتار کار نے تین موٹر سائیکل کو ٹکر ماری، ایک جاں بحق، ۲؍شدید زخمی
انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے پاس کوئی جواب نہیں
اس معاملے پر نتن ناندگاؤںکر پوچھتے ہیں’’ کیا ۷۷۴؍بسیں جنہیںمرمت کے بعد دوبارہ سروس پر بحال کیا گیا ہے ، ان سے کوئی حادثہ نہیں ہوا ہے۔‘‘ اس سوال کا محکمہ انجینئرنگ جواب دینے سے قاصر ہے۔یہ بھی پوچھا گیا کہ ان۹۴؍بسوں میں کیا مسئلہ ہے جنہیں ٹھیک ہونے میں تین ماہ سے زیادہ کا وقت لگ رہا ہے؟بیسٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ویٹ لیز آپریٹرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی فنی خرابی کو نظر انداز نہ کریں اور بروقت مرمت کو یقینی بنائیں۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز مانخورد میں ویٹ لیز کی بس سے ہوئے حادثے میں ایک شخص کی موت ہوگئی تھی ۔بتا دیں کہ اس سے قبل ۸؍ جولائی کو بیسٹ کی ویٹ لیز پر لی گئی الیکٹرک بس نے بھانڈوپ علاقے میں چند گاڑیوں کو ٹکر ماردی تھی جس میں ان گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا تھا۔اس کے بعد ۱۰؍ جولائی کواندھیری میں بیسٹ بس نے ۱۴؍ گاڑیوں کو ٹکر ماردی تھی۔ اس حادثہ میں تقریباً ۸؍ افراد زخمی ہوگئے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: تکنیکی خرابی کے باعث اے سی لوکل بند، کلیان اسٹیشن پر افراتفری
واضح رہے کہ بیسٹ کمیٹی ممبران نے ویٹ لیزبسوں میں پائی جانے والی تکنیکی خرابیوں کے باوجود شہر کے مسافروں اور راہگیروں کی جان کی پرواہ کئے بغیر بس چلانے کی اجازت دینے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ویٹ لیز کی خامیوں پر مشتمل رپورٹ کو عام کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ بیسٹ کمیٹی کے اراکین اور ملازمین کی یونینوں نے الزام لگایا تھا کہ خود ویٹ لیز بسوں کے ڈرائیوروں نے بسوں میں کئی خامیوں کی نشاندہی کی ہے۔ کمیٹی کے رکن نتن نندگاؤنکر نے بیسٹ کو خط لکھ کر ویٹ لیز بسوں میں موجود سنگین تکنیکی خرابیوں سے آگاہ کیا تھا۔