اردو میڈیم اسکولوں کے ۵؍بچوں کا انتخاب،بھیونڈی کے ضلع پریشد اسکول کی طالبہ سعدیہ کلام الدین انصاری بھی شامل۔
EPAPER
Updated: April 26, 2026, 12:24 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai
اردو میڈیم اسکولوں کے ۵؍بچوں کا انتخاب،بھیونڈی کے ضلع پریشد اسکول کی طالبہ سعدیہ کلام الدین انصاری بھی شامل۔
تھانےضلع کی تعلیمی سرگرمیوں میں ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت کے طور پر اردو میڈیم کے طلبہ نے بھی اپنی نمایاں موجودگی درج کرائی ہے۔ ضلع پریشد کے زیرِ اہتمام ’مشن بھراڑی‘ پروگرام کے تحت منتخب کئےگئے ۵۹؍ طلبہ میں اردو میڈیم کے ۵؍طلبہ بھی شامل ہیں، جنہیںانڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کے تعلیمی دورے پر روانہ کیا جا رہا ہے۔ ان میں بھیونڈی تعلقہ سے ضلع پریشد اردو اسکول کھونی کی جماعت ششم کی طالبہ سعدیہ کلام الدین انصاری خاص طور پر قابلِ ذکر ہے، جو بھیونڈی تعلقہ کی واحد اردو میڈیم نمائندہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس تعلیمی وفد میں امبرناتھ، بھیونڈی، شاہ پور، کلیان اور مُرباڑ تعلقوں کے طلبہ شامل ہیں۔ امبرناتھ سے ۱۶؍، بھیونڈی سے ۱۲؍، شاہ پور سے ۱۱؍ جبکہ کلیان اور مُرباڑ سے ۱۰۔۱۰؍طلبہ منتخب ہوئے ہیں۔ مجموعی طور پر ۵۴؍ مراٹھی میڈیم اور ۵؍اردو میڈیم کے طلبہ شامل ہیں، جن میں ۲۷؍لڑکے اور ۳۲؍ لڑکیاں ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: کلیان: نلوں میں آلودہ پانی کی سپلائی، وبائی امراض کا خطرہ
اردو میڈیم کے دیگر ۴؍طلبہ امبرناتھ تعلقہ سے منتخب ہوئے ہیں، جن میں ۲؍ لڑکے اور ۲؍ لڑکیاں شامل ہیں۔یہ انتخاب ایک منظم امتحانی عمل کے ذریعے کیا گیا، جس میں مرکز(کیندر) ، تعلقہ اور ضلع سطح پر منعقدہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر منتخب کیا گیا۔
اردو میڈیم کے طلبہ کی اس کامیابی کو نہ صرف ان کی محنت کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے بلکہ یہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ اردو میڈیم کے طلبہ کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں ہیں۔’مشن بھراڑی‘ پروگرام کا مقصد دیہی اور نیم شہری علاقوں کے طلبہ میں سائنسی شعور پیدا کرنا، تعلیمی معیار کو بہتر بنانا اور انہیں اعلیٰ تعلیم خصوصاً سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان کی طرف راغب کرنا ہے۔ اسی مقصد کے تحت مالی سال ۲۷۔۲۶ءمیں ۵۰؍ لاکھ روپے کا بجٹ بھی مختص کیا گیا ہے۔منتخب طلبہ کو نہ صرف مفت فضائی سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی بلکہ انہیں اسرو کے سائنسی مراکز، جدید تجربہ گاہوں اور خلائی منصوبوں کا عملی مشاہدہ کرنے کا موقع بھی حاصل ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے: پائیدھونی: ۲؍ سگے بھائی لاپتہ، والدین کا برا حال
یہ تجربہ یقیناً طلبہ کے لئے ایک نئی دنیا کے دروازے کھولے گا اور انہیں مستقبل میں سائنسی میدان میں آگے بڑھنے کے لئے تحریک دے گا۔یہ تعلیمی وفد ۲۷؍اپریل سے یکم مئی کے درمیان بنگلور میں واقع اسرو کے مرکزی خلائی مرکز کا دورہ کرے گا۔ اس دوران طلبہ کے ساتھ ضلع کے ۶؍اساتذہ و افسران بھی موجود رہیں گے جو ان کی رہنمائی کریں گے۔